زہری بن حرب اور عثمان بن ابی شیبہ نے ہمیں حدیث بیان کی، دونوں نے کہا: ہمیں جریر نے اعمش سے، انھوں نے شقیق سے، انھوں نے مسروق سے حدیث بیان کی، انھوں نے کہا: جب حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کوفہ آئے تو ہم (ان کے ساتھ آنے والے) حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ سے جا کرملے، انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر کیا اور کہا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم نہ طبعاً زبان سے کوئی بری بات نکالنے والے تھے اور نہ تکلف کرکے برا کہنے والے تھے، نیز انھوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا؛" تم میں سب سے اچھے لوگ وہی ہیں جو اخلاق میں سب سے اچھے ہیں۔" عثمان (بن ابی شیبہ) نے کہا: جس موقع پر حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ کوفہ آئے تھے۔
امام مسروق رحمۃ اللہ علیہ بیان کرتے ہیں، جس وقت حضرت معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ کوفہ تشریف لائے ہم حضرت عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ تعالی عنہما کے پاس گئے، انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر چھیڑ دیا اور کہنے لگے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نہ طبعاً بد گو تھے اور نہ تکلفاً بدگوئی کرتے تھے، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرمایا: ”تم میں بہترین وہی ہیں جو اخلاق میں اچھے ہیں“ عثمان کی روایت میں ہے جب حضرت عبد اللہ رضی اللہ تعالی عنہ حضرت معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ کے ساتھ کوفہ آئے۔