مختصر صحيح بخاري سے متعلقہ
تمام کتب
عربی
اردو
فرشتوں کا بیان۔
سیدنا یعلیٰ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو منبر پر یہ آیت پڑھتے ہوئے سنا ”اور وہ پکاریں گے کہ اے مالک۔“ (سورۃ الزخرف: 77) (مالک نام ہے داروغہ جہنم کا)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1356]
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس رات مجھے معراج ہوئی، میں نے موسیٰ علیہ السلام کو دیکھا کہ وہ ایک گندمی رنگ، دراز قامت اور پیچ دار بالوں والے آدمی ہیں، جیسے قبیلہ شنوۃ کے لوگ ہوتے ہیں۔ اور میں نے عیسیٰ علیہ السلام کو بھی دیکھا کہ وہ میانہ قامت، میانہ بدن، سرخ سفید، سیدھے بالوں والے آدمی ہیں اور میں نے اس فرشتے کو بھی دیکھا جو دوزخ کا داروغہ ہے۔ اور دجال کو بھی منجملہ اور آیات الٰہی کے دیکھا جو اللہ نے مجھے (اس روز) دکھائیں۔ اور (سورۃ السجدہ: 23 میں) جو ہے ”آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ہرگز اس ملاقات میں شک نہیں کرنا چاہیے“ (اس سے مراد معراج کی رات موسیٰ علیہ السلام سے ملاقات ہے)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1357]
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ ہم سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیان فرمایا اور وہ صادق و مصدوق تھے: ”تم میں سے ہر شخص کی پیدائش اس کی ماں کے پیٹ میں تمام کی جاتی ہے۔ چالیس دن تک نطفہ رہتا ہے پھر اتنے ہی عرصے تک منجمد خون رہتا ہے پھر اتنے ہی دنوں تک مضغہ گوشت (لوتھڑا) کا رہتا ہے۔ پھر اللہ تعالیٰ، فرشتہ بھیجتا ہے۔ اور اسے چار باتوں (کے لکھنے) کا حکم دیا جاتا ہے (1) اسے کہا جاتا ہے کہ اس کا عمل (2) اس کا رزق (3) اس کی عمر (4) اور (یہ لکھ دے کہ) شقی ہے یا سعید (یعنی خوش بخت ہے یا بدبخت) پھر اس میں روح پھونک دی جاتی ہے۔ پس بیشک تم میں سے کوئی شخص (ایسا) عمل کرتا ہے کہ اس کے اور جنت کے درمیان صرف ایک گز (کا فاصلہ) رہ جاتا ہے پھر اس پر (اللہ کا) نوشتہ (لکھی ہوئی تقدیر) غالب آ جاتا ہے اور وہ دوزخیوں والے عمل کرنے لگتا ہے اور کوئی شخص ایسا عمل کرتا ہے کہ اس کے اور دوزخ کے درمیان صرف ایک گز (کا فاصلہ) باقی رہ جاتا ہے پھر اس پر اللہ کا نوشتہ (تقدیر) غالب آ جاتا ہے اور وہ اہل جنت کے کام کرنے لگتا ہے۔“ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1358]
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب اللہ کسی بندے سے محبت کرتا ہے تو جبرائیل (علیہ السلام) کو آواز دیتا ہے کہ اللہ فلاں شخص کو دوست رکھتا ہے لہٰذا تم بھی اس کو دوست رکھو۔ پس جبرائیل (علیہ السلام) اس کو دوست رکھنے لگتے ہیں۔ پھر جبرائیل علیہ السلام تمام آسمان والوں میں اعلان کر دیتے ہیں کہ اللہ فلاں شخص کو دوست رکھتا ہے لہٰذا تم بھی اس کو دوست رکھو چنانچہ اس کو تمام آسمان والے دوست رکھتے ہیں پھر زمین (والوں) میں اس کی قبولیت رکھ دی جاتی ہے۔“ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1359]
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا: ”فرشتے بادل میں اترتے ہیں اور آسمان پر، اللہ تعالیٰ کے جو حکم احکام (اس دن ہوئے) ان کا ذکر کرتے ہیں۔ پس شیاطین چھپ کر اسے سن لیتے ہیں اور کاہنوں سے آ کر بیان کرتے ہیں اور اس کے ساتھ کچھ جھوٹ بھی اپنی طرف سے ملا لیتے ہیں۔“ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1360]
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ”جب جمعہ کا دن ہوتا ہے تو مسجد کے دروازوں میں سے ہر دروازے پر فرشتے (متعین) ہوتے ہیں اور وہ سب سے پہلے جو آیا اس کا، پھر اس کے بعد جو آیا اس کا (اسی طرح برابر سب کے نام) لکھتے ہیں۔ پھر جب امام (منبر پر) بیٹھ جاتا ہے تو وہ صحیفوں کو لپیٹ دیتے ہیں اور خطبہ سننے کے لیے آ جاتے ہیں۔“ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1361]
سیدنا براء رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حسان (بن ثابت) رضی اللہ عنہ سے فرمایا تھا: ”تم مشرکوں کی ہجو کرو اور جبرائیل علیہ السلام تمہارے ساتھ ہیں۔“ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1362]
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا: ”اے عائشہ! یہ جبرائیل علیہ السلام تم کو سلام کہتے ہیں۔“ تو انھوں نے کہا وعلیہ السلام رحمتہ اللہ وبرکاتہ، آپ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) وہ دیکھتے ہیں جو میں نہیں دیکھتی۔ ”ترٰی“ سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو مراد رکھا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1363]
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جبرائیل علیہ السلام سے کہا: ”جس قدر اب تم ہمارے پاس آتے ہو اس سے زیادہ کیوں نہیں آتے؟ ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں پس یہ آیت نازل ہوئی ”اور ہم نہیں نازل ہوتے مگر تمہارے پروردگار کے حکم سے، اسی کا ہے جو کچھ ہمارے سامنے ہے اور ہمارے پیچھے ہے“ (سورۃ مریم: 64) [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1364]
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مجھے جبرائیل علیہ السلام نے ایک قرآت میں قرآن پڑھایا تھا پھر میں برابر ان سے زیادہ چاہتا رہا یہاں تک کہ سات قراتوں تک پہنچ گیا۔“ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1365]