اللؤلؤ والمرجان سے متعلقہ
تمام کتب
ترقیم شاملہ
عربی
اردو
471. باب استحباب نكاح البكر
باب: کنواری سے نکاح مستحب ہونے کا بیان
حدیث نمبر: 929
929 صحيح حديث جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللهِ، قَالَ: تَزَوَّجْتُ، فَقَالَ لِي رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: مَا تَزَوَّجْتَ فَقُلْتُ: تَزَوَّجْتُ ثَيبًا فَقَالَ: مَا لَكَ وَلِلْعَذَارَى وَلِعَابِهَا قَالَ مُحَارِبٌ (أَحَدُ رِجَالِ السَّنَدِ) : فَذَكَرْتُ ذلِكَ لِعَمْرِو بْنِ دِينَارٍ، فَقَالَ عَمْرٌو: سَمِعْتُ جَابِرَ بْنَ عَبْدِ اللهِ يَقُولُ: قَالَ لِي رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: هَلاَّ جَارِيَةً تُلاَعِبُهَا وَتُلاَعِبُكَ
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ میں نے شادی کی تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے دریافت فرمایا: ”کس سے شادی کی ہے؟“ میں نے عرض کیا کہ ایک بیوہ عورت سے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کنواری سے کیوں نہ کی کہ اس کے ساتھ تم کھیل کود کرتے؟“ محارب (سند کے ایک راوی) نے کہا کہ پھر میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد عمرو بن دینار سے بیان کیا تو انہوں نے کہا کہ میں نے سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: ”تم نے کسی کنواری عورت سے شادی کیوں نہ کی کہ تم اس کے ساتھ کھیل کود کرتے اور وہ تمہارے ساتھ کھیلتی۔“ [اللؤلؤ والمرجان/كتاب الرضاع/حدیث: 929]
تخریج الحدیث: «صحیح، _x000D_ أخرجه البخاري في: 67 كتاب النكاح: 10 باب تزويج الثيبات»
وضاحت: بیوہ سے نکاح جائز ہے گو کنواری سے شادی کرنا بہتر ہے۔ہندوستان میں پہلے مسلمانوں کے یہاں بھی بیوگان کو معیوب سمجھا جاتاتھامگر سید احمد شہید اور شاہ اسماعیل شہید رحمہ اللہ نے اس رسم بد کے خلاف جہاد کیا اور اسے عملاً ختم کرایا۔(راز) ایک سے زیادہ شادیاں ہمارے ہندوانہ معاشرے میں ناپسندیدہ عمل ہے لیکن اس کے ان گنت فوائد ہیں۔ کتنی ہی باحیا اور عفت مآب خواتین اس طرح کسی مرد کی کفالت میں آ جاتی ہیں اور ایک صاف ستھری پاکیزہ زندگی گزارنے لگتی ہیں۔ ہم صرف نام کے مسلمان ہیں، کام کے نہیں۔ اس لیے ہم اس نیک اور فطرت کے تقاضوں کے عین مطابق عمل کو بھی ناپسند کرتے ہیں۔ ہاں فی زمانہ علماء امت میں اس کا رواج دیگر طبقات کی نسبت قدرے زیادہ ہے۔
الحكم على الحديث:
«صحیح»
حدیث نمبر: 930
930 صحيح حديث جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللهِ، قَالَ: هَلَكَ أَبِي وَتَرَكَ سَبْعَ بَنَاتٍ أَوْ تِسْعَ بَنَاتٍ، فَتَزَوَّجْتُ امْرَأَةً ثَيِّبًا، فَقَالَ لِي رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: تَزَوَّجْتَ يَا جَابِرُ فَقُلْتُ: نَعَمْ فَقَالَ: بِكْرًا أَمْ ثَيِّبًا قُلْتُ: بَلْ ثَيِّبًا قَالَ: فَهَلاَّ جَارِيَةً تُلاَعِبُهَا وَتُلاَعِبُكَ وَتُضَاحِكُهَا وَتُضَاحِكُكَ قَالَ، فَقُلْتُ لَهُ: إِنَّ عَبْدَ اللهِ هَلَكَ وَتَرَكَ بَنَاتٍ، وَإِنِّي كَرِهْتُ أَنْ أَجِيئَهُنَّ بِمِثْلِهِنَّ، فَتَزَوَّجْتُ امْرَأَةً تَقُومُ عَلَيْهِنَّ وَتُصْلِحُهُنَّ، فَقَالَ: بَارَكَ اللهُ أَوْ خَيْرًا
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ میرے والد شہید ہو گئے اور انہوں نے سات لڑکیاں چھوڑیں یا (راوی نے کہا کہ) نو لڑکیاں، چنانچہ میں نے ایک پہلے کی شادی شدہ عورت سے نکاح کیا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے دریافت فرمایا: ”جابر! تم نے شادی کی ہے؟“ میں نے کہا: جی ہاں، فرمایا: ”کنواری سے کی ہے یا بیاہی سے؟“ میں نے عرض کیا کہ بیاہی سے، فرمایا: ”تم نے کسی کنواری لڑکی سے شادی کیوں نہ کی؟ تم اس کے ساتھ کھیلتے اور وہ تمہارے ساتھ کھیلتی، تم اس کے ساتھ ہنسی مذاق کرتے اور وہ تمہارے ساتھ ہنسی کرتی۔“ سیدنا جابر رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ اس پر میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ میرے والد عبداللہ رضی اللہ عنہ شہید ہو گئے اور انہوں نے کئی لڑکیاں چھوڑی ہیں، اس لیے میں نے یہ پسند نہیں کیا کہ ان کے پاس ان ہی جیسی لڑکی بیاہ لاؤں، اس لیے میں نے ایک ایسی عورت سے شادی کی ہے جو ان کی دیکھ بھال کر سکے اور ان کی اصلاح کا خیال رکھے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر فرمایا: «بَارَكَ اللّٰهُ لَكَ» ”اللہ تعالیٰ تمہیں برکت دے“ یا (راوی کو شک تھا) «أَوْ قَالَ خَيْرًا» ”اللہ تم کو خیر عطا کرے۔“ [اللؤلؤ والمرجان/كتاب الرضاع/حدیث: 930]
تخریج الحدیث: «صحیح، أخرجه البخاري في: 69 كتاب النفقات: 12 باب عون المرأة زوجها في ولده»
الحكم على الحديث:
«صحیح»
حدیث نمبر: 931
931 صحيح حديث جَابِرٍ، قَالَ: كُنْتُ مَعَ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي غَزْوَةٍ، فَلَمَّا قَفَلْنَا تَعَجَّلْتُ عَلَى بَعِيرٍ قَطُوفٍ، فَلَحِقَنِي رَاكِبٌ مِنْ خَلْفِي، فَالْتَفَتُّ فَإِذَا أَنَا بِرَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ؛ قَالَ: مَا يُعْجِلُكَ قُلْتُ: إِنِّي حَدِيثُ عَهْدٍ بِعُرْسٍ قَالَ: فَبِكْرًا تَزَوَّجْتَ أَمْ ثَيِّبًا قُلْتُ: بَلْ ثَيِّبًا قَالَ: فَهَلاَّ جَارِيَةً تُلاَعِبُهَا وَتُلاَعِبُكَ قَالَ: فَلَمَّا قَدِمْنَا ذَهَبْنَا لِنَدْخُلَ، فَقَالَ: أَمْهِلُوا حَتَّى تَدْخُلُوا لَيْلاً أَيْ عِشَاءً لِكَيْ تَمْتَشِطَ الشَّعِثَةُ وَتَسْتَحِدَّ الْمُغِيبَةُ وَفِي هذَا الْحَدِيثِ أَنَّهُ قَالَ: الْكَيْسَ الْكَيْسَ يَا جَابِرُ يَعْنِي الْوَلَدَ
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک جہاد (تبوک) میں تھا، جب ہم واپس ہو رہے تھے تو میں اپنے سست رفتار اونٹ کو تیز چلانے کی کوشش کر رہا تھا، اتنے میں میرے پیچھے سے ایک سوار میرے قریب آئے، میں نے مڑ کر دیکھا تو وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم اتنی جلدی کیوں کر رہے ہو؟“ میں نے عرض کیا کہ میری شادی ابھی نئی ہوئی ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دریافت فرمایا: ”تم نے کنواری عورت سے شادی کی ہے یا بیوہ سے؟“ میں نے عرض کیا کہ بیوہ سے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر فرمایا: ”تم نے کنواری سے کیوں نہ کی کہ تم اس کے ساتھ کھیلتے اور وہ تمہارے ساتھ کھیلتی؟“ سیدنا جابر رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ پھر جب ہم (مدینہ) پہنچے تو ہم نے چاہا کہ شہر میں داخل ہو جائیں لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ٹھہر جاؤ، یہاں تک کہ رات ہو جائے تاکہ تمہاری بیویاں، جو پراگندہ بال ہیں وہ کنگھی چوٹی کر لیں اور جن کے خاوند غائب تھے وہ زیرِ ناف بال صاف کر لیں۔“ اور اسی حدیث میں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی فرمایا: «الْكَيْسَ الْكَيْسَ» ”عقلمندی اختیار کرو، عقلمندی اختیار کرو۔“ یعنی اے جابر! جب تم گھر پہنچو تو خوب عقلمندی کرنا (امام بخاری رحمہ اللہ نے کہا: «الْكَيْسُ» کا یہی مطلب ہے کہ اولاد ہونے کی خواہش کرنا)۔ [اللؤلؤ والمرجان/كتاب الرضاع/حدیث: 931]
تخریج الحدیث: «صحیح، أخرجه البخاري في: 67 كتاب النكاح: 121 باب طلب الولد»
الحكم على الحديث:
«صحیح»
حدیث نمبر: 932
932 صحيح حديث جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللهِ، قَالَ: كُنْتُ مَعَ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي غَزَاةٍ فَأَبْطَأَ بِي جَمَلِي وَأَعْيَا، فَأَتَى علَيَّ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ: جَابِرٌ فَقُلْتُ: نَعَمْ قَالَ: مَا شَأْنُكَ قُلْتُ: أَبْطَأَ عَلَيَّ جَمَلِي وَأَعْيَا فَتَخَلَّفْتُ؛ فَنَزَلَ يَحْجُنُهُ بِمِحْجَنِهِ ثُمَّ قَالَ: ارْكَبْ فَرَكِبْتُ فَلَقَدْ رَأَيْتُهُ أَكُفُّهُ عَنْ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: تَزَوَّجْتَ قُلْتُ: نَعَمْ، قَالَ: بِكْرًا أَمْ ثَيِّبًا قُلْتُ: بَلْ ثَيِّبًا قَالَ: أَفَلاَ جَارِيَةً تُلاَعِبُهَا وَتُلاَعِبُكَ قُلْتُ: إِنَّ لِي أَخَوَاتٍ، فَأَحْبَبْتُ أَنْ أَتَزَوَّجَ امْرَأَةً تَجْمَعُهُنَّ وَتَمْشُطُهُنَّ وَتَقُومُ عَلَيْهِنَّ؛ قَالَ: أَمَّا إِنَّكَ قَادِمٌ، فَإِذَا قَدِمْتَ فَالْكَيْسَ الْكَيْسَ ثُمَّ قَالَ: أَتَبِيعُ جَمَلَكَ قُلْتُ: نَعَمْ فَاشْتَرَاهُ مِنِّي بِأُوقِيَّةٍ، ثُمَّ قَدِمَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَبْلِي، وَقَدِمْتُ بِالْغَدَاةِ، فَجِئْنَا إِلَى الْمَسْجِدِ فَوَجَدْتُهُ عَلَى بَابِ الْمَسْجِدِ قَالَ: آلانَ قَدِمْتَ قُلْتُ: نَعَمْ قَالَ: فَدَعْ جَمَلَكَ فَادْخُلْ فَصَلِّ رَكْعَتَيْنِ فَدَخَلْتُ فَصَلَّيْتُ؛ فَأَمَرَ بِلاَلاً أَنْ يَزِنَ لَهُ أُوقِيَّةً، فَوَزَنَ لِي بِلاَلٌ فَأَرْجَحَ فِي الْمِيزَانِ فَانْطَلَقْتُ حَتَّى وَلَّيْتُ، فَقَالَ: ادْعُ لِي جَابِرًا قُلْتُ الآنَ يَرُدُّ عَلَيَّ الْجَمَلَ، وَلَمْ يَكُنْ شَيْءٌ أَبْغَضَ إِلَيَّ مِنْهُ قَالَ: خُذْ جَمَلَكَ، وَلَكَ ثَمَنُهُ
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک غزوہ (ذات الرقاع یا تبوک) میں تھا، میرا اونٹ تھک کر سست ہو گیا، اتنے میں میرے پاس نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے اور فرمایا: ”جابر!“ میں نے عرض کیا: اللہ کے نبی! حاضر ہوں۔ فرمایا: ”کیا بات ہوئی؟“ میں نے کہا کہ میرا اونٹ تھک کر سست ہو گیا ہے، چلتا ہی نہیں، اس لیے میں پیچھے رہ گیا ہوں، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی سواری سے اترے اور میرے اسی اونٹ کو ایک ٹیڑھے منہ کی لکڑی سے کھینچنے لگے (یعنی ہانکنے لگے) اور فرمایا: ”اب سوار ہو جا۔“ چنانچہ میں سوار ہو گیا، اب تو یہ حال ہوا کہ مجھے اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے برابر پہنچنے سے روکنا پڑ جاتا تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دریافت فرمایا: ”جابر! تو نے شادی بھی کر لی ہے؟“ میں نے عرض کیا: جی ہاں، دریافت فرمایا: ”کسی کنواری لڑکی سے کی ہے یا بیوہ سے؟“ میں نے عرض کیا کہ میں نے تو ایک بیوہ سے کر لی ہے، فرمایا: ”کسی کنواری لڑکی سے کیوں نہ کی کہ تم بھی اس کے ساتھ کھیلتے اور وہ بھی تمہارے ساتھ کھیلتی؟“ (سیدنا جابر رضی اللہ عنہما بھی کنوارے تھے) میں نے عرض کیا کہ میری کئی بہنیں ہیں (اور میری ماں کا انتقال ہو چکا ہے) اس لیے میں نے پسند کیا کہ ایسی عورت سے شادی کروں جو انہیں جمع رکھے، ان کے کنگھا کرے اور ان کی نگرانی کرے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اچھا! اب تم گھر پہنچ کر خیر و عافیت کے ساتھ خوب مزے اڑانا۔“ اس کے بعد فرمایا: ”کیا تم اپنا اونٹ بیچو گے؟“ میں نے عرض کیا: جی ہاں، چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک اوقیہ چاندی میں خرید لیا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مجھ سے پہلے ہی (مدینہ) پہنچ گئے تھے اور میں دوسرے دن صبح کو پہنچا، پھر ہم مسجد آئے تو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم مسجد کے دروازے پر ملے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دریافت فرمایا: ”کیا ابھی آئے ہو؟“ میں نے عرض کیا کہ جی ہاں، فرمایا: ”پھر اپنا اونٹ چھوڑ دو اور مسجد میں جا کر دو رکعت نماز پڑھو۔“ میں اندر گیا اور نماز پڑھی، اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا بلال رضی اللہ عنہ کو حکم دیا کہ میرے لیے ایک اوقیہ چاندی تول دیں، انہوں نے ایک اوقیہ چاندی جھکتی ہوئی (یعنی تھوڑی سی زیادہ) تول دی، میں پیٹھ موڑ کر چلا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جابر کو ذرا بلاؤ۔“ میں نے سوچا کہ شاید اب میرا اونٹ پھر مجھے آپ صلی اللہ علیہ وسلم واپس کریں گے حالانکہ اس سے زیادہ ناگوار میرے لیے اور کوئی چیز نہیں تھی، چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہی فرمایا: ”یہ اپنا اونٹ لے جاؤ اور اس کی قیمت بھی تمہاری ہے۔“ [اللؤلؤ والمرجان/كتاب الرضاع/حدیث: 932]
تخریج الحدیث: «صحیح، أخرجه البخاري في: 34 كتاب البيوع: 34 باب شراء الدواب والحمير»
الحكم على الحديث:
«صحیح»