صحيح البخاري
كِتَاب التَّهَجُّد -- کتاب: تہجد کا بیان
17. بَابُ فَضْلِ الطُّهُورِ بِاللَّيْلِ وَالنَّهَارِ وَفَضْلِ الصَّلاَةِ بَعْدَ الْوُضُوءِ بِاللَّيْلِ وَالنَّهَارِ:
باب: دن اور رات میں باوضو رہنے کی فضیلت اور وضو کے بعد رات اور دن میں نماز پڑھنے کی فضیلت کا بیان۔
حدیث نمبر: 1149
حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ بْنُ نَصْرٍ، حَدَّثَنَا أَبُو أُسَامَةَ، عَنْ أَبِي حَيَّانَ، عَنْ أَبِي زُرْعَةَ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ،" أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قال لِبِلَالٍ عِنْدَ صَلَاةِ الْفَجْرِ: يَا بِلَالُ حَدِّثْنِي بِأَرْجَى عَمَلٍ عَمِلْتَهُ فِي الْإِسْلَامِ، فَإِنِّي سَمِعْتُ دَفَّ نَعْلَيْكَ بَيْنَ يَدَيَّ فِي الْجَنَّةِ، قَالَ: مَا عَمِلْتُ عَمَلًا أَرْجَى عِنْدِي أَنِّي لَمْ أَتَطَهَّرْ طَهُورًا فِي سَاعَةِ لَيْلٍ أَوْ نَهَارٍ إِلَّا صَلَّيْتُ بِذَلِكَ الطُّهُورِ مَا كُتِبَ لِي أَنْ أُصَلِّيَ"، قَالَ أَبُو عَبْد اللَّهِ: دَفَّ نَعْلَيْكَ يَعْنِي تَحْرِيكَ.
ہم سے اسحاق بن نصر نے بیان کیا، انہوں نے کہا کہ ہم سے ابواسامہ حماد بن اسابہ نے بیان کیا، ان سے ابوحیان یحییٰ بن سعید نے بیان کیا، ان سے ابوزرعہ نے بیان کیا اور ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بلال رضی اللہ عنہ سے فجر کے وقت پوچھا کہ اے بلال! مجھے اپنا سب سے زیادہ امید والا نیک کام بتاؤ جسے تم نے اسلام لانے کے بعد کیا ہے کیونکہ میں نے جنت میں اپنے آگے تمہارے جوتوں کی چاپ سنی ہے۔ بلال رضی اللہ عنہ نے عرض کیا میں نے تو اپنے نزدیک اس سے زیادہ امید کا کوئی کام نہیں کیا کہ جب میں نے رات یا دن میں کسی وقت بھی وضو کیا تو میں اس وضو سے نفل نماز پڑھتا رہتا جتنی میری تقدیر لکھی گئی تھی۔
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1149  
1149. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے نماز فجر کے بعد حضرت بلال ؓ سے فرمایا: اے بلال! مجھے وہ عمل بتاؤ جو تم نے اسلام لانے کے بعد کیا ہو اور تمہارے ہاں وہ زیادہ امید والا ہو کیونکہ میں نے جنت میں اپنے آگے آگے تمہارے جوتوں کی آہٹ سنی ہے۔ حضرت بلال ؓ نے عرض کیا: میں نے کوئی عمل ایسا نہیں کیا جو میرے نزدیک زیادہ پرامید ہو، البتہ میں رات اور دن میں جب وضو کرتا ہوں تو اس وضو سے جو نماز میرے مقدر میں ہوتی ہے پڑھ لیتا ہوں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1149]
حدیث حاشیہ:
یعنی جیسے تو بہشت میں چل رہا ہے اور تیری جوتیوں کی آواز نکل رہی ہے۔
یہ اللہ تعالی نے آپ کو دکھلا دیا جو نظر آیا وہ ہونے والا تھا۔
علماء کا اس پر اتفاق ہے کہ بہشت میں بیداری کے عالم میں اس دنیا میں رہ کر آنحضرت ﷺ کے سوا اور کوئی نہیں گیا۔
آپ معراج کی شب میں وہاں تشریف لے گئے۔
اسی طرح دوزخ میں اور یہ جو بعض فقراء سے منقول ہے کہ ان کا خادم حقہ کی آگ لینے کے لیے دوزخ میں گیا محض غلط ہے۔
بلال ؓ دنیا میں بھی بطور خادم کے آنحضرت ﷺ کے آگے سامان وغیرہ لے کر چلا کرتے، ویسا ہی اللہ تعالی نے اپنے پیغمبر کو دکھلا دیا کہ بہشت میں بھی ہو گا۔
اس حدیث سے بلال ؓ کی فضیلت نکلی اور ان کا جنتی ہونا ثابت ہوا۔
(وحیدی)
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1149   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1149  
1149. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے نماز فجر کے بعد حضرت بلال ؓ سے فرمایا: اے بلال! مجھے وہ عمل بتاؤ جو تم نے اسلام لانے کے بعد کیا ہو اور تمہارے ہاں وہ زیادہ امید والا ہو کیونکہ میں نے جنت میں اپنے آگے آگے تمہارے جوتوں کی آہٹ سنی ہے۔ حضرت بلال ؓ نے عرض کیا: میں نے کوئی عمل ایسا نہیں کیا جو میرے نزدیک زیادہ پرامید ہو، البتہ میں رات اور دن میں جب وضو کرتا ہوں تو اس وضو سے جو نماز میرے مقدر میں ہوتی ہے پڑھ لیتا ہوں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1149]
حدیث حاشیہ:
(1)
جامع ترمذی اور صحیح ابن خزیمہ کی روایت میں ہے کہ حضرت بلال ؓ نے عرض کیا:
میں جب بھی بے وضو ہوتا ہوں تو وضو کر لیتا ہوں اور اس کے بعد دو رکعت پڑھتا ہوں۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
اسی وجہ سے تم نے یہ انعام حاصل کیا ہے۔
(جامع الترمذي، المناقب، حدیث: 3689، و صحیح ابن خزیمة: 213/2، و مسند أحمد: 360/5)
یہ حدیث ان احادیث کے معارض نہیں جن میں اس حقیقت کو بیان کیا گیا ہے کہ تم میں سے کوئی بھی اپنے عمل کی وجہ سے جنت میں داخل نہیں ہو گا کیونکہ جنت میں داخلہ تو صرف اللہ کے فضل و کرم سے ہو گا، پھر داخلے کے بعد درجات کا تفاوت اعمال کی وجہ سے ہو گا۔
(فتح الباري: 48/3)
اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ حضرت بلال ؓ نبی ؑ سے پہلے جنت میں داخل ہو گئے، کیونکہ حضرت بلال اس عالم رنگ و بو میں ایک خادم خاص کی حیثیت سے آپ کے آگے آگے ہوتے تھے، اس لیے نیند میں بھی وہ اسی صورت میں رسول اللہ ﷺ کے سامنے آئے۔
واضح رہے کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت بلال ؓ کو نیند کی حالت میں دیکھا تھا اور آپ کی عادت مبارک تھی کہ نماز فجر کے بعد اپنا خواب بیان کرتے یا کسی دوسرے کا خواب سن کر اس کی تعبیر کرتے تھے۔
روایت میں نماز فجر کے ذکر سے اسی حقیقت کی طرف اشارہ مقصود ہے۔
(فتح الباري: 44/3) (2)
ابن جوزی فرماتے ہیں کہ وضو کے بعد نماز پڑھنی چاہیے تاکہ وضو بلا مقصد نہ ہو۔
امام بخاری ؒ اس حدیث کو نماز تہجد میں لائے ہیں تاکہ تحیۃ الوضوء ثابت کیا جائے۔
ہمیشہ با وضو رہنا مومن کے لیے ایک زبردست ہتھیار ہے، کیونکہ شیطان نجس اور پلید چیزوں سے مانوس ہوتا ہے اور طہارت و پاکیزگی سے نفرت کرتا ہے، نیز جب آدمی باوضو رہتا ہے تو رات دن کی نمازیں اس سے فوت نہیں ہوتیں۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1149