صحيح البخاري
كِتَاب الْجَنَائِزِ -- کتاب: جنازے کے احکام و مسائل
4. بَابُ الرَّجُلِ يَنْعَى إِلَى أَهْلِ الْمَيِّتِ بِنَفْسِهِ:
باب: آدمی اپنی ذات سے موت کی خبر میت کے وارثوں کو سنا سکتا ہے۔
حدیث نمبر: 1246
حَدَّثَنَا أَبُو مَعْمَرٍ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الْوَارِثِ، حَدَّثَنَا أَيُّوبُ، عَنْ حُمَيْدِ بْنِ هِلَالٍ، عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ , قَالَ: قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" أَخَذَ الرَّايَةَ زَيْدٌ فَأُصِيبَ، ثُمَّ أَخَذَهَا جَعْفَرٌ فَأُصِيبَ، ثُمَّ أَخَذَهَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ رَوَاحَةَ فَأُصِيبَ، وَإِنَّ عَيْنَيْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لَتَذْرِفَانِ، ثُمَّ أَخَذَهَا خَالِدُ بْنُ الْوَلِيدِ مِنْ غَيْرِ إِمْرَةٍ فَفُتِحَ لَهُ".
ہم سے ابومعمر نے بیان کیا، انہوں نے کہا کہ ہم سے عبدالوارث نے بیان کیا، ان سے ایوب نے، ان سے حمید بن بلال نے اور ان سے انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ زید نے جھنڈا سنبھالا لیکن وہ شہید ہو گئے۔ پھر جعفر نے سنبھالا اور وہ بھی شہید ہو گئے۔ پھر عبداللہ بن رواحہ نے سنبھالا اور وہ بھی شہید ہو گئے۔ اس وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھوں میں آنسو بہ رہے تھے۔ (آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا) اور پھر خالد بن ولید نے خود اپنے طور پر جھنڈا اٹھا لیا اور ان کو فتح حاصل ہوئی۔
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1246  
1246. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: نبی کریم ﷺ نے فرمایا: (جنگ موتہ میں) پہلے حضرت زید ؓ نے جھنڈا اٹھایا اور وہ شہید ہوگئے۔ پھرحضرت جعفر ؓ نے جھنڈا اٹھایا اور وہ بھی شہید ہو گئے۔ آخر میں حضرت عبداللہ بن رواحہ ؓ نے جھنڈا اٹھایا تو وہ بھی شہید ہو گئے۔ اس وقت رسول اللہ ﷺ کی آنکھیں اشکبار تھیں۔ پھر حضرت خالد بن ولید ؓ نے سالاری کے بغیر ہی جھنڈا اٹھایا تو ان کے ہاتھوں فتح ہوئی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1246]
حدیث حاشیہ:
یہ غزوہ موتہ کا واقعہ ہے جو 8ھ میں ملک شام کے پاس بلقان کی سر زمین پر ہوا تھا۔
مسلمان تین ہزار تھے اور کافر بے شمار، آپ ﷺ نے زید بن حارثہ کو امیر لشکر بنایا تھا اور فرما دیا تھا کہ اگر زید شہید ہو جائیں تو ان کی جگہ حضرت جعفر ؓ قیادت کریں اگر وہ بھی شہید ہو جائیں تو پھر عبد اللہ بن رواحہ۔
یہ تینوں سردارشہید ہوئے۔
پھر حضرت خالد بن ولید ؓ نے (از خود)
کمان سنبھالی اور (اللہ نے ان کے ہاتھ پر)
کافروں کو شکست فاش دی، نبی کریم ﷺ نے لشکر کے لوٹنے سے پہلے ہی سب خبریں لوگوں کو سنا دیں۔
اس حدیث میں حضور ﷺ کے کئی معجزات بھی مذکور ہوئے ہیں۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1246   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1246  
1246. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: نبی کریم ﷺ نے فرمایا: (جنگ موتہ میں) پہلے حضرت زید ؓ نے جھنڈا اٹھایا اور وہ شہید ہوگئے۔ پھرحضرت جعفر ؓ نے جھنڈا اٹھایا اور وہ بھی شہید ہو گئے۔ آخر میں حضرت عبداللہ بن رواحہ ؓ نے جھنڈا اٹھایا تو وہ بھی شہید ہو گئے۔ اس وقت رسول اللہ ﷺ کی آنکھیں اشکبار تھیں۔ پھر حضرت خالد بن ولید ؓ نے سالاری کے بغیر ہی جھنڈا اٹھایا تو ان کے ہاتھوں فتح ہوئی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1246]
حدیث حاشیہ:
(1)
حدیث میں نعي سے منع کیا گیا ہے جس سے مراد موت کی اطلاع دینا یا اعلان کرنا ہے۔
حضرت حذیفہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ موت کے لیے اعلان کرنے سے منع فرمایا کرتے تھے۔
(مسند أحمد: 406/5)
حضرت حذیفہ ؓ نے فرمایا تھا کہ جب میں فوت ہو جاؤں تو میرے بارے میں کسی کو اطلاع نہ دی جائے، کیونکہ ایسا کرنے سے نعي کا اندیشہ ہے جس سے رسول اللہ ﷺ نے منع فرمایا ہے۔
(جامع الترمذي، الجنائز، حدیث: 986)
لیکن شریعت نے جس نعي سے منع فرمایا ہے وہ اہل جاہلیت کی نعي تھی جس میں لوگ موت کی اطلاع دینے والوں کو بھیجتے جو گھروں کے دروازوں اور بازاروں میں اعلان کرتے جس میں نوحہ اور میت کے افعال حمیدہ کا بیان ہوتا۔
امام بخاری ؒ جس اطلاع وغیرہ کا جواز ثابت کر رہے ہیں اس کا جاہلیت کی نعي سے کوئی تعلق نہیں۔
(2)
متعدد احادیث سے موت کے اعلان کے متعلق تین حالتیں اخذ کی جا سکتی ہیں:
٭ گھر والوں، ساتھیوں، عزیز و اقارب اور اہل صلاح کو اطلاع دینا سنت ہے۔
٭ تکبر و ریاء اور فخر کے لیے بڑی جماعت کو اطلاع دینا ناپسندیدہ عمل ہے۔
٭ ایسی اطلاع جس میں نوحہ یا اس کی مثل کوئی کام ہو حرام اور خلاف شریعت ہے۔
نوحے سے مراد یہ ہے کہ مرنے والے کے اوصاف و شمائل کو گن گن کر بآواز بلند بیان کرنا، رونا، پیٹنا اور عمدہ کارناموں کو یاد کر کے چیخ پکار کرنا۔
(3)
اس حدیث سے امام بخاری ؒ نے ثابت کیا ہے کہ میت کے عزیز و اقارب کو موت کی خبر دینا منع نہیں، خود رسول اللہ ﷺ نے حضرت زید، حضرت جعفر اور حضرت عبداللہ بن رواحہ ؓ کی شہادت کے متعلق ان کے اہل خانہ اور دینی تعلق داروں کو مطلع کیا تھا۔
(فتح الباري: 151/3) (4)
حضرت خالد بن ولید ؓ کو رسول اللہ ﷺ نے فوج کی کمان کرنے کا حکم نہیں دیا تھا اس کے باوجود انہوں نے فوج کی کمان کو سنبھالا اور کافروں کی شکست فاش سے دوچار کیا۔
سنگین حالات کے پیش نظر ایسا کرنا جائز ہے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1246