سنن ابي داود
كتاب تفريع أبواب الطلاق -- کتاب: طلاق کے فروعی احکام و مسائل
10. باب نَسْخِ الْمُرَاجَعَةِ بَعْدَ التَّطْلِيقَاتِ الثَّلاَثِ
باب: تین طلاق کے بعد رجعت کا اختیار باقی نہ رہنے کا بیان۔
حدیث نمبر: 2196
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ صَالِحٍ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ، أَخْبَرَنَا ابْنُ جُرَيْجٍ، أَخْبَرَنِي بَعْضُ بَنِي أَبِي رَافِعٍ مَوْلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، عَنْ عِكْرِمَةَ مَوْلَى ابْنِ عَبَّاسٍ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ، قَالَ: طَلَّقَ عَبْدُ يَزِيدَ أَبُو رُكَانَةَ وَإِخْوَتِهِ أُمَّ رُكَانَةَ وَنَكَحَ امْرَأَةً مِنْ مُزَيْنَةَ، فَجَاءَتِ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَتْ: مَا يُغْنِي عَنِّي إِلَّا كَمَا تُغْنِي هَذِهِ الشَّعْرَةُ لِشَعْرَةٍ أَخَذَتْهَا مِنْ رَأْسِهَا فَفَرِّقْ بَيْنِي وَبَيْنَهُ، فَأَخَذَتِ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حَمِيَّةٌ فَدَعَا بِرُكَانَةَ وَإِخْوَتِهِ، ثُمَّ قَالَ لَجُلَسَائِهِ:" أَتَرَوْنَ فُلَانًا يُشْبِهُ مِنْهُ كَذَا وَكَذَا مِنْ عَبْدِ يَزِيدَ، وَفُلَانًا يُشْبِهُ مِنْهُ كَذَا وَكَذَا؟" قَالُوا: نَعَمْ، قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لِعَبْدِ يَزِيدَ:" طَلِّقْهَا"، فَفَعَلَ، ثُمَّ قَالَ:" رَاجِعِ امْرَأَتَكَ أُمَّ رُكَانَةَ وَإِخْوَتِهِ"، فَقَالَ: إِنِّي طَلَّقْتُهَا ثَلَاثًا يَا رَسُولَ اللَّهِ، قَالَ:" قَدْ عَلِمْتُ، رَاجِعْهَا"، وَتَلَا: يَأَيُّهَا النَّبِيُّ إِذَا طَلَّقْتُمُ النِّسَاءَ فَطَلِّقُوهُنَّ لِعِدَّتِهِنَّ سورة الطلاق آية 1". قَالَ أَبُو دَاوُد: وَحَدِيثُ نَافِعِ بْنِ عُجَيْرٍ وَ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَلِيِّ بْنِ يَزِيدَ بْنِ رُكَانَةَ، عَنْ أَبِيهِ، عَنْ جَدِّهِ، أَنَّ رُكَانَةَ طَلَّقَ امْرَأَتَهُ الْبَتَّةَ، فَرَدَّهَا إِلَيْهِ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَصَحُّ، لِأَنَّ وَلَدَ الرَّجُلِ وَأَهْلَهُ أَعْلَمُ بِهِ إِنَّ رُكَانَةَ، إِنَّمَا طَلَّقَ امْرَأَتَهُ الْبَتَّةَ، فَجَعَلَهَا النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَاحِدَةً.
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رکانہ اور اس کے بھائیوں کے والد عبد یزید نے رکانہ کی ماں کو طلاق دے دی، اور قبیلہ مزینہ کی ایک عورت سے نکاح کر لیا، وہ عورت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئی اور اپنے سر سے ایک بال لے کر کہنے لگی کہ وہ میرے کام کا نہیں مگر اس بال برابر لہٰذا میرے اور اس کے درمیان جدائی کرا دیجئیے، یہ سن کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو غصہ آ گیا، آپ نے رکانہ اور اس کے بھائیوں کو بلوا لیا، پھر پاس بیٹھے ہوئے لوگوں سے پوچھا کہ: کیا فلاں کی شکل اس اس طرح اور فلاں کی اس اس طرح عبد یزید سے نہیں ملتی؟، لوگوں نے کہا: ہاں (ملتی ہے)، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے عبد یزید سے فرمایا: اسے طلاق دے دو، چنانچہ انہوں نے طلاق دے دی، پھر فرمایا: اپنی بیوی یعنی رکانہ اور اس کے بھائیوں کی ماں سے رجوع کر لو، عبد یزید نے کہا: اللہ کے رسول میں تو اسے تین طلاق دے چکا ہوں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مجھے معلوم ہے، تم اس سے رجوع کر لو، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیت تلاوت فرمائی «يا أيها النبي إذا طلقتم النساء فطلقوهن لعدتهن» (سورۃ الطلاق: ۱) اے نبی! جب تم عورتوں کو طلاق دو تو ان کی عدت میں طلاق دو۔ ابوداؤد کہتے ہیں: نافع بن عجیر اور عبداللہ بن علی بن یزید بن رکانہ کی حدیث جسے انہوں نے اپنے والد سے انہوں نے اپنے دادا سے روایت (حدیث نمبر: ۲۲۰۶) کیا ہے کہ رکانہ نے اپنی بیوی کو طلاق بتہ دے دی، پھر بھی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے رجوع کرا دیا، زیادہ صحیح ہے کیونکہ رکانہ کے لڑکے اور ان کے گھر والے اس بات کو اچھی طرح جانتے تھے کہ رکانہ نے اپنی بیوی کو طلاق بتہ دی تھی تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے ایک ہی شمار کیا ۱؎۔

تخریج الحدیث: «‏‏‏‏تفرد بہ أبوداود، (تحفة الأشراف: 6281)، وقد أخرجہ: مسند احمد (1/265) (عندہ ’’داود بن حصین‘‘ مکان ’’بعض بنی أبی رافع‘‘ (حسن)» ‏‏‏‏

وضاحت: ۱؎: یہ حدیث حسن ہے، اور مؤلف نے جس حدیث (نمبر: ۲۲۰۶) کی طرف اشارہ کیا ہے وہ ضعیف ہے، نیز اولاد رکانہ واقعہ کے بیان میں خود مضطرب ہیں، یاد رہے کہ عہد نبوی میں تین طلاق اور طلاقہ بتہ ہم معنی الفاظ تھے، عہد نبوی و عہد صحابہ کے بعد لوگوں نے طلاق بتہ کا یہ معنی بنا دیا کہ جس میں ایک دو، تین طلاق دہندہ کی نیت کے مطابق طے کیا جائیگا (تفصیل کے لے دیکھئے تنویر الآفاق)

قال الشيخ الألباني: حسن
  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 919  
´طلاق کا بیان`
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ ابورکانہ نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے حکم دیا کہ ام رکانہ سے رجوع کر لو۔ ابورکانہ رضی اللہ عنہ بولے میں نے اسے تین طلاق دے دی ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا مجھے معلوم ہے، تم اس سے رجوع کر لو۔ (ابوداؤد) اور مسند احمد کی ایک روایت میں ہے کہ ابورکانہ رضی اللہ عنہ نے ایک ہی مجلس میں تین طلاقیں دی تھیں۔ پھر اس پر پشیمان ہوئے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ابورکانہ رضی اللہ عنہ سے فرمایا وہ تینوں طلاقیں ایک ہی ہیں۔ ان دونوں روایتوں میں ابن اسحٰق ہے جس کے متعلق کلام ہے اور ابوداؤد نے ایک دوسرے طریق سے اسے روایت کیا ہے جو اس سے بہتر ہے وہ یہ کہ ابورکانہ رضی اللہ عنہ نے اپنی بیوی سھیمہ کو بالکل طلاق دے دی (یعنی تینوں طلاقیں) اور پھر کہا کہ بخدا میں نے ایک طلاق کی نیت کی تھی تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ام رکانہ رضی اللہ عنہا کو واپس لوٹا دیا۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) «بلوغ المرام/حدیث: 919»
تخریج:
«أخرجه أبوداود، باب نسخ المراجعة بعد التطليقات الثلاث، حديث:2196.* فيه بعض بني أبي رافع مجهول، وحديث "طلّق أبوركانة امرأة في مجلس واحد" أخرجه أحمد:1 /265، وسنده ضعيف، داود بن حصين عن عكرمة منكر و ضعيف، وحديث "أن ركانة طلق امرأته سهيمة البتة: أخرجه أبوداود، الطلاق، حديث:2206 وسنده حسن.»
تشریح:
یہ حدیث اس بات کی دلیل ہے کہ اگر طلاق دینے والے کی نیت میں ایک ہی طلاق تھی تو ایک رجعی طلاق واقع ہوگی؟ بعض کا کہنا ہے کہ رکانہ رضی اللہ عنہ سے قسم لینے کامقصد یہ تھا کہ اگر انھوں نے تین کی نیت کی ہوگی تو تین واقع ہو جائیں گی۔
لیکن یہ حدیث ضعیف ہے اور ضعیف ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں اضطراب بھی پایا جاتا ہے۔
اور پھر یہ ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی پہلی دونوں احادیث (۹۱۹ ‘ ۹۱۷) کے معارض بھی ہے‘ لہٰذا اس سے استدلال نہیں کیا جا سکتا۔
یہ بات ملحوظ خاطر رہے کہ قصۂ رکانہ والی حدیث کی تین سندیں ہیں اور مصنف رحمہ اللہ نے تینوں بیان کر دی ہیں۔
ان میں سے پہلی اور تیسری سند ‘ جنھیں ابوداود نے بیان کیا ہے‘ ضعیف ہیں۔
پہلی اس بنا پر کہ اسے ابن جریج کے واسطے سے روایت کیا گیا ہے‘ ابن جریج کہتے ہیں کہ مجھے بنو رافع میں سے کسی نے عکرمہ کے حوالے سے خبر دی ہے… جبکہ بنو رافع میں سے خبر دینے والا شخص مجہول ہے‘ لہٰذا یہ سند ضعیف ہوئی۔
رہی تیسری روایت‘جس میں طلاق مغلظہ کا ذکر ہے‘ اسے جریر بن حازم نے زبیربن سعید عن عبداللہ بن علی بن یزید بن رکانہ عن ابیہ عن جدہ کے طریق سے بیان کیا ہے اور اسی طرح یہ نافع بن عُجیر عن رکانہ بن عبد یزید کی سند سے بھی مروی ہے‘ پہلی سند میں زبیر بن سعید ضعیف ہے۔
میزان الاعتدال میں ہے: لَیْسَ بِشَيْئٍ کہ اس کی کچھ حیثیت نہیں ہے۔
اور نسائی نے کہا ہے کہ یہ ضعیف ہے۔
اور تقریب میں ہے کہ یہ لیّن الحدیث ہے۔
اور عبداللہ بن علی بن یزید بھی ضعیف ہے۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے تقریب میں کہا ہے کہ یہ لیّن الحدیث ہے۔
اور میزان الاعتدال میں ہے کہ عقیلی نے کہا ہے: اس کی سند میں اضطراب ہے۔
اس کی حدیث کا کوئی متابع نہیں ہے۔
رہا اس کا باپ علی بن یزید! تو الخلاصۃ میں ہے کہ ابن حبان نے اسے ثقہ قرار دیا ہے اور امام بخاری رحمہ اللہ نے کہا ہے کہ اس کی حدیث صحیح نہیں۔
اور ترمذی نے امام بخاری رحمہ اللہ کے حوالے سے ذکر کیا ہے کہ اس میں اضطراب ہے۔
اور دوسری سند میں نافع بن عجیر ضعیف ہے۔
علامہ ابن قیم رحمہ اللہ نے زاد المعاد میں کہا ہے کہ نافع بن عجیر مجہول ہے۔
اس کے حالات کا قطعًاکسی کو علم نہیں کہ وہ کون تھا اور کیسا تھا؟ اور علامہ ابن تیمیہ رحمہ اللہ نے اپنے فتاویٰ میں کہا ہے کہ علل حدیث کے ماہر اور اس کے بارے میں سوجھ بوجھ رکھنے والے علماء‘ مثلاً: امام احمد بن حنبل‘ امام بخاری‘ ابوعبید اور ابومحمد بن حزم رحمہم اللہ وغیرہم نے طلاق بتہ والی حدیث کو قطعی ضعیف قرار دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ اس کے راوی ایسے مجہول لوگ ہیں جن کی عدالت اور ضبط معلوم نہیں ہیں۔
(فتاوٰی ابن تیمیۃ:۳۳ /۱۵) جب اس سند کا یہ حال ہے تو پھر اس کے ضعف میں کوئی شک و ریب باقی نہیں رہ جاتا۔
یہ تو بحث تھی پہلی اور تیسری سند کی‘ رہی دو سری سندجسے ابوداود نے بیان نہیں کیابلکہ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے اسے بیان کیا ہے تو اس کے تمام راوی ثقہ اور قابل حجت ہیں۔
البتہ محمد بن اسحاق رحمہ اللہ کے متعلق ضرور کلام ہے۔
اور یہ معلوم ہی ہے کہ محمد بن اسحاق رحمہ اللہ میں تدلیس کے ماسوا اور کوئی قابل ذکر کمزوری نہیں ہے۔
اس سند میں اس نے سماع کی صراحت کر دی ہے‘ لہٰذا تدلیس کا شبہ بھی ختم ہوگیا۔
اب یہ روایت بالکل درست ثابت ہوگئی۔
مذکورہ بالا بحث سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ سب سے عمدہ اور صحیح ترین طریق وہی ہے جسے امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے روایت کیا ہے۔
لیکن ابوداود نے جب یہ طریق روایت نہیں کیا توانھوں نے پہلے اور تیسرے طریق کا موازنہ کرتے ہوئے تیسرے کو ترجیح دی ہے اور اسے بیان کرنے کے بعد فرمایا ہے: یہ ابن جریج کے طریق سے زیادہ صحیح ہے جس میں ہے کہ رکانہ نے اپنی بیوی کو تین طلاقیں دی تھیں‘ کیونکہ اس (تیسرے طریق) کے راوی خود رکانہ کے گھر والے ہیں۔
اور اہل خانہ کو زیادہ معلومات ہوتی ہیں۔
(أبوداود) اس کے یہ معنی نہیں کہ ابوداود کے نزدیک یہ صحیح ہے بلکہ اس کے معنی یہ ہیں کہ یہ دو ضعیف احادیث میں سے قابل ترجیح ہے اور اس میں ضعف کم ہے۔
اور نافع بن عجیر کی روایت کا مسند احمد کی روایت سے امام ابوداود رحمہ اللہ کے ہاں راجح ہونا ان کے کلام سے ظاہر نہیں ہوتا کیونکہ امام ابوداود نے اسے ذکر ہی نہیں کیا‘ اسی لیے ہم بھی اس پر بحث نہیں کرتے۔
اس ضروری وضاحت کو سمجھ لینے کے بعد اب یہ جان لیجیے کہ اس حدیث کے بارے میں مصنف (حافظ ابن حجر رحمہ اللہ) کی گفتگو دو وجہ سے مخدوش ہے۔
پہلی یہ کہ پہلے اور دوسرے طریق کو بیان کرنے کے بعد (مصنف رحمہ اللہ نے) کہا ہے کہ ان دونوں احادیث کی سند میں محمد بن اسحاق راوی ہے جس میں کلام ہے باوجودیکہ محمد بن اسحاق پہلے طریق میں سرے سے موجود ہی نہیں‘ وہ تو صرف دوسرے طریق میں ہے۔
اور دوسری وجہ یہ ہے کہ مصنف نے تیسری روایت ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابوداود نے اسے ایک اور طریق سے بیان کیا ہے جو اس (پہلے) سے بہتر ہے۔
ظاہر ہے کہ اس کا مطلب یہی ہوگا کہ یہ طریق‘ ابن عباس رضی اللہ عنہما کی حدیث سے بہتر ہے یا دوسرے طریق سے بہتر ہے جسے امام احمد رحمہ اللہ نے روایت کیا ہے‘ اس لیے کہ قریب الذکر وہی ہے۔
بہرحال دونوں میں سے کوئی بھی ہو آپ یہ تو معلوم کر چکے ہیں کہ صحیح اور قوی ترین طریق دوسرا ہی ہے۔
اگر تو مؤلف کی مراد یہ ہے کہ امام ابوداود کے نزدیک یہ احسن ہے تو آپ جان چکے ہیں کہ امام ابوداود کے کلام کا اس سے کوئی تعلق نہیں اور اگر ان کی مراد یہ ہے کہ میرے نزدیک یہ احسن ہے تو سابقہ تفصیل کی روشنی میں یہ بھی درست نہیں۔
راویٔ حدیث:
«حضرت رکانہ رضی اللہ عنہ» ‏‏‏‏ رکانہ میں را پر ضمہ ہے۔
یہ رکانہ بن عبد یزید بن ہاشم بن مطلب بن عبدمناف مطّلبی ہیں۔
فتح مکہ کے موقع پر مسلمان ہوئے تھے۔
کہا جاتا ہے کہ انھوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے کشتی کی تھی۔
اور یہی کشتی ان کے اسلام لانے کا باعث بنی۔
مدینہ چلے آئے اور امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کے دور خلافت کے شروع میں یہیں فوت ہوئے۔
بعض کے نزدیک ۴۱ ہجری میں فوت ہوئے۔
ان کی بیوی سہیمہ بنت عمیر مزنیہ ہے۔
«محمد بن اسحاق» ان کی کنیت ابوبکر اور بعض نے ابو عبداللہ بیان کی ہے‘۔
پورا نام محمد بن اسحاق بن یسار مطلبی ہے۔
قیس بن مخرمہ مدنی کے غلام تھے۔
مغازی و سیر کے امام تھے۔
۱۵۰ ہجری میں وفات پائی۔
بعض نے کہا ہے کہ اس کے بعد وفات پائی۔
   بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 919   
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 2196  
´تین طلاق کے بعد رجعت کا اختیار باقی نہ رہنے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رکانہ اور اس کے بھائیوں کے والد عبد یزید نے رکانہ کی ماں کو طلاق دے دی، اور قبیلہ مزینہ کی ایک عورت سے نکاح کر لیا، وہ عورت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئی اور اپنے سر سے ایک بال لے کر کہنے لگی کہ وہ میرے کام کا نہیں مگر اس بال برابر لہٰذا میرے اور اس کے درمیان جدائی کرا دیجئیے، یہ سن کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو غصہ آ گیا، آپ نے رکانہ اور اس کے بھائیوں کو بلوا لیا، پھر پاس بیٹھے ہوئے لوگوں سے پوچھا کہ: کیا فلاں کی شکل اس اس طرح اور فلاں کی اس اس طرح عبد یزید سے نہیں م۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب تفريع أبواب الطلاق /حدیث: 2196]
فوائد ومسائل:

یہ حدیث ضعیف ہے۔
تاہم بعض محقیقین کے نزدیک یہ حسن درجہ کی ہے۔
(اس کی بحث کے لیے دیکھے: ارواء الغلیل 1447 اوما قبلہ) اور محولہ احادیث آگے آ رہی ہیں۔
2208۔
2206)

طلاق بتہ: یعنی ایسی طلاق جس میں رجوع کا حق کٹ جائے۔
بت يبت بتاً یعنی کاٹ دینا؛ ٹکرے ٹکرے کر دینا۔


عہد رسالت میں طلاق بتہ کا لفظ ایک ہی مرتبہ تین طلاقیں دینے کے مفہوم میں استعمال ہوتا تھا۔
اعتبار سے بیک وقت تین طلاقیں یا طلاق بتہ دونوں کا مطلب ایک ہی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اس حدیث میں صراحت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اس (طلاق بتہ) کو ایک بنا دیا۔
ورنہ بعد میں طلاق بتہ کا جو مفہوم رائج ہوا اس کی رو سے تو اسے کسی صورت بہی ایک طلاق نہیں بنایا جا سکتا تھا۔

   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2196