سنن ابي داود
كِتَاب الصَّيْدِ -- کتاب: شکار کے احکام و مسائل
1. باب فِي اتِّخَاذِ الْكَلْبِ لِلصَّيْدِ وَغَيْرِهِ
باب: شکار یا کسی اور کام کے لیے کتا رکھنے کا بیان۔
حدیث نمبر: 2845
حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ، حَدَّثَنَا يَزِيدُ، حَدَّثَنَا يُونُسُ، عَنْ الْحَسَنِ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مُغَفَّلٍ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" لَوْلَا أَنَّ الْكِلَابَ أُمَّةٌ مِنَ الأُمَمِ لَأَمَرْتُ بِقَتْلِهَا فَاقْتُلُوا مِنْهَا الأَسْوَدَ الْبَهِيمَ".
عبداللہ بن مغفل رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر یہ بات نہ ہوتی کہ کتے بھی امتوں میں سے ایک امت ہیں ۱؎ تو میں ان کے قتل کا ضرور حکم دیتا، تو اب تم ان میں سے خالص کالے کتوں کو قتل کرو۔

تخریج الحدیث: «‏‏‏‏سنن الترمذی/الصید 3 (1486)، سنن النسائی/الصید 10 (4385)، سنن ابن ماجہ/الصید 2 (3205)، (تحفة الأشراف: 9649)، وقد أخرجہ: مسند احمد (4/85، 86، 5/54، 56، 57)، دی/ الصید 2 (2049) (صحیح)» ‏‏‏‏

وضاحت: ۱؎: یعنی اللہ تعالیٰ کی دیگر مخلوقات کی طرح یہ بھی ایک مخلوق ہیں۔

قال الشيخ الألباني: صحيح
  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث3205  
´کھیت یا ریوڑ کی رکھوالی کرنے والے اور شکاری کتوں کے علاوہ دوسرے کتے پالنا منع ہے۔`
عبداللہ بن مغفل رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر کتے اللہ تعالیٰ کی مخلوقات میں سے ایک مخلوق نہ ہوتے، تو میں یقیناً ان کے قتل کا حکم دیتا، پھر بھی خالص کالے کتے کو قتل کر ڈالو، اور جن لوگوں نے جانوروں کی حفاظت یا شکاری یا کھیتی کے علاوہ دوسرے کتے پال رکھے ہیں، ان کے اجر سے ہر روز دو قیراط کم ہو جاتے ہیں ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الصيد/حدیث: 3205]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
موذی جانوروں کو قتل کر دینا جائز ہے۔

(2)
آوارہ کتوں کو ختم کردینا چاہیے۔

(3)
کی مخلوق کو بالکل ختم کر دینا کہ اس کا نام و نشان مٹ جاے یہ اللہ کی حکمت کے منافی ہے لہٰذا جو موذی جانور انسانوں سے دور زندگی گزارتے ہیں انہیں ختم کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔
اور جو انسانوں میں رہتے ہیں انہیں ایک مناسب حدتک ختم کیا جائے۔

(4)
بالکل سیاہ کتا جس میں کوئی دوسرا رنگ نہ ہو زیادہ برا اور فرشتوں کو زیاد ہ ناپسند ہے۔

(5)
اس حدیث میں بلاضرورت کتا پالنے والوں کے ثواب میں دوقیراط روزانہ کی کمی کا ذکر ہے جب کہ گزشتہ حدیث میں ایک قیراط مذکور ہے۔
اس کی مختلف تو جیہات کی گئی ہیں مثلاً مکہ اور مدینہ میں کتا پالنے سے دوقیراط ثواب کم ہوتا ہے۔
دوسرے شہروں میں ایک قیراط یا عام کتوں کے پالنے سے ایک قیراط اور خطرناک قسم کے کتا پالنے سے دوقیراط ثواب کم ہوتا ہے۔
ممکن ہے سیاہ کتا پالنے سے دوقیراط ثواب کم ہوتا ہو اور دوسرے رنگ کاکتا پالنے سے ایک قیراط۔
واللہ اعلم۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3205   
  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 1486  
´کتوں کو مارنے کا بیان۔`
عبداللہ بن مغفل رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر یہ بات نہ ہوتی کہ کتے دیگر مخلوقات کی طرح ایک مخلوق ہیں تو میں تمام کتوں کو مار ڈالنے کا حکم دیتا، سو اب تم ان میں سے ہر کالے سیاہ کتے کو مار ڈالو ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الصيد والذبائح/حدیث: 1486]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
ابتداء میں سارے کتوں کے مارنے کا حکم ہوا پھر کالے سیاہ کتوں کو چھوڑ کر یہ حکم منسوخ ہوگیا،
بعد میں کسی بھی کتے کو جب تک وہ موذی نہ ہو مارنے سے منع کردیا گیا،
حتی کہ شکار،
زمین،
جائیداد،
مکان اور جانوروں کی حفاظت ونگہبانی کے لیے انہیں پالنے کی اجازت بھی دی گئی۔

2؎:
یہ حدیث صحیح مسلم (رقم: 1572) میں جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1486   
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 2845  
´شکار یا کسی اور کام کے لیے کتا رکھنے کا بیان۔`
عبداللہ بن مغفل رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر یہ بات نہ ہوتی کہ کتے بھی امتوں میں سے ایک امت ہیں ۱؎ تو میں ان کے قتل کا ضرور حکم دیتا، تو اب تم ان میں سے خالص کالے کتوں کو قتل کرو۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب الصيد /حدیث: 2845]
فوائد ومسائل:
کالا کتا شکل وصورت میں بھی بہت وحشت ناک ہوتا ہے۔
اور غالبا ً طبعا ً بھی اس میں خبث زیادہ ہوتا ہے۔
اس لئے اسے قتل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اور گزشتہ حدیث 702 کتاب الصلوۃ میں گزرا ہے کہ کالا کتا شیطان ہوتا ہے۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2845