صحيح البخاري
كِتَاب فَضَائِلِ الْمَدِينَةِ -- کتاب: مدینہ کے فضائل کا بیان
10. بَابُ الْمَدِينَةُ تَنْفِي الْخَبَثَ:
باب: مدینہ برے آدمی کو نکال دیتا ہے۔
حدیث نمبر: 1884
حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ حَرْبٍ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ، عَنْ عَدِيِّ بْنِ ثَابِتٍ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ يَزِيدَ، قَالَ: سَمِعْتُ زَيْدَ بْنَ ثَابِتٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، يَقُولُ:" لَمَّا خَرَجَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِلَى أُحُدٍ رَجَعَ نَاسٌ مِنْ أَصْحَابِهِ، فَقَالَتْ فِرْقَةٌ: نَقْتُلُهُمْ، وَقَالَتْ فِرْقَةٌ: لَا نَقْتُلُهُمْ، فَنَزَلَتْ: فَمَا لَكُمْ فِي الْمُنَافِقِينَ فِئَتَيْنِ سورة النساء آية 88، وَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: إِنَّهَا تَنْفِي الرِّجَالَ، كَمَا تَنْفِي النَّارُ خَبَثَ الْحَدِيدِ".
ہم سے سلیمان بن حرب نے بیان کیا، کہا ہم سے شعبہ نے بیان کیا، ان سے عدی بن ثابت نے، ان سے عبداللہ بن یزید نے بیان کیا کہ میں نے زید بن ثابت رضی اللہ عنہ سے سنا، آپ فرما رہے تھے کہ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جنگ احد کے لیے نکلے تو جو لوگ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے ان میں سے کچھ لوگ واپس آ گئے (یہ منافقین تھے) پھر بعض نے تو یہ کہا کہ ہم چل کر انہیں قتل کر دیں گے اور ایک جماعت نے کہا کہ قتل نہ کرنا چاہئے اس پر یہ آیت نازل ہوئی «فما لكم في المنافقين فئتين‏» اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ مدینہ (برے) لوگوں کو اس طرح دور کر دیتا ہے جس طرح آگ میل کچیل دور کر دیتی ہے۔
  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 3028  
´سورۃ نساء سے بعض آیات کی تفسیر۔`
عبداللہ بن یزید رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ زید بن ثابت رضی الله عنہ آیت: «فما لكم في المنافقين فئتين» کی تفسیر کے سلسلے میں کہتے ہیں احد کی لڑائی کے دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کچھ (ساتھی یعنی منافق میدان جنگ سے) لوٹ آئے ۱؎ تو لوگ ان کے سلسلے میں دو گروہوں میں بٹ گئے۔ ایک گروہ نے کہا: انہیں قتل کر دو، اور دوسرے فریق نے کہا: نہیں، قتل نہ کرو تو یہ آیت «فما لكم في المنافقين فئتين» ۱؎ نازل ہوئی، اور آپ نے فرمایا: مدینہ پاکیزہ شہر ہے، یہ ناپاکی و گندگی کو (إن شاء اللہ) ایسے دور کر دے گا جیسے آگ لوہے کی ناپاکی (میل و زنگ) کو دور کر۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب تفسير القرآن/حدیث: 3028]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
جہاد میں شریک نہ ہوئے۔

2؎:
 تمہیں کیا ہو گیا ہے کہ منافقوں کے بارے میں دو گروہ ہو رہے ہو (النساء: 88)
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3028   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1884  
1884. حضرت زید بن ثابت ؓ سے روایت ہے انھوں نے فرمایا کہ جب رسول اللہ ﷺ غزوہ اُحد کے لیے مدینہ طیبہ سے نکلے اس دوران آپ کے بعض ساتھی واپس چلے گئے تو کچھ کہنے لگے: ہم انھیں قتل کردیں گے اور اس کے برعکس چند لوگوں نے کہا: ہم انھیں قتل نہیں کریں گے۔ اس پر آیت کریمہ نازل ہوئی: تمہارا کیا حال ہے کہ تم منافقین کے بارے میں دو گروہ بن گئے ہو۔ ان حالات میں نبی کریم ﷺ نے فرمایا: مدینہ طیبہ(منافق) آدمیوں کو اس طرح دور کردیتا ہے جس طرح آگ لوہے سے زنگار دور کرتی ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1884]
حدیث حاشیہ:
(1)
مدینہ طیبہ کا وصف مذکور ان لوگوں کے لیے ہے جو اسلام کی خواہش رکھتے ہوئے مسلمان ہوئے، پھر ان کے دل میں خرابی پیدا ہوئی۔
ایسے لوگوں کو مدینہ طیبہ اپنے اندر پناہ نہیں دیتا، بصورت دیگر مدینہ طیبہ میں منافقین رہتے تھے، وہیں مرے اور دفن ہوئے۔
مدینہ طیبہ نے انہیں اپنے سے دور نہیں کیا کیونکہ مدینہ طیبہ ان کی اصل قیام گاہ تھی۔
وہ اسلام کی حیثیت سے وہاں نہیں رہتے تھے نہ انہیں مدینہ طیبہ سے محبت ہی تھی۔
ان کا وہاں رہنا صرف اس لیے تھا کہ وہ ان کا اصلی وطن اور وہی ذریعۂ معاش تھا۔
(عمدةالقاري: 598/7) (2)
یہ بھی ہو سکتا ہے کہ مدینہ طیبہ کا یہ وصف رسول اللہ ﷺ کے عہد مبارک کے ساتھ خاص ہو کہ آپ کے دور میں مدینہ طیبہ سے نفرت کرتے ہوئے وہی نکلتا تھا جس کے دل میں ایمان کا شائبہ تک نہ ہوتا تھا، نیز یہ بھی ممکن ہے کہ اس کا تعلق دجال اکبر کی آمد کے ساتھ مخصوص ہو کیونکہ اس کی آمد پر مدینہ طیبہ سے جھٹکوں کے ذریعے سے تمام ان لوگوں کو نکال دیا جائے گا جو دل کے روحانی مریض ہوں گے۔
واللہ أعلم
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1884