سنن ابن ماجه
كتاب التجارات -- کتاب: تجارت کے احکام و مسائل
27. بَابُ : مَنْ كَرِهَ أَنْ يُسَعِّرَ
باب: قیمت مقرر کرنے کی کراہت کا بیان۔
حدیث نمبر: 2200
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، حَدَّثَنَا حَجَّاجٌ ، حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ سَلَمَةَ ، عَنْ قَتَادَةَ ، وَحُمَيْدٌ وَثَابِتٌ ، عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ ، قَالَ: غَلَا السِّعْرُ عَلَى عَهْدِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالُوا: يَا رَسُولَ اللَّهِ، قَدْ غَلَا السِّعْرُ فَسَعِّرْ لَنَا، فَقَالَ:" إِنَّ اللَّهَ هُوَ الْمُسَعِّرُ الْقَابِضُ الْبَاسِطُ الرَّازِقُ، إِنِّي لَأَرْجُو، أَنْ أَلْقَى رَبِّي وَلَيْسَ أَحَدٌ يَطْلُبُنِي بِمَظْلَمَةٍ فِي دَمٍ وَلَا مَالٍ".
انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد میں ایک دفعہ قیمتیں چڑھ گئیں، لوگوں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! ہمارے لیے ایک نرخ (بھاؤ) مقرر کر دیجئیے! آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ ہی نرخ مقرر کرنے والا ہے، کبھی کم کر دیتا ہے اور کبھی زیادہ کر دیتا ہے، وہی روزی دینے والا ہے، اور مجھے امید ہے کہ میں اپنے رب سے اس حال میں ملوں کہ کوئی مجھ سے جان یا مال میں کسی ظلم کا مطالبہ کرنے والا نہ ہو ۱؎۔

تخریج الحدیث: «سنن ابی داود/البیوع 51 (3451)، سنن الترمذی/البیوع 73 (1314)، (تحفة الأشراف: 318، 614، 1158)، وقد أخرجہ: مسند احمد (3/156)، سنن الدارمی/البیوع 13 (2587) (صحیح)» ‏‏‏‏

وضاحت: ۱؎: یعنی نہ مالی نہ جانی کسی طرح کا ظلم میں نے کسی پر نہ کیا ہو، حدیث میں اشارہ ہے کہ نرخ مقرر کرنا یعنی قیمتوں پر کنٹرول کرنا بیوپاریوں پر اور غلہ کے تاجروں پر ایک مالی ظلم ہے، یہی وجہ ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے بچنے کی آرزو کی۔

قال الشيخ الألباني: صحيح
  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 679  
´بیع کی شرائط اور بیع ممنوعہ کی اقسام`
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد میں مدینہ منورہ میں چیزوں کا بھاؤ چڑھ گیا۔ لوگوں نے عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! اشیاء کے نرخ (بڑے) تیز ہو گئے ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے لئے (ان کے) نرخ مقرر فرما دیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا نرخ کا تعین کرنے والا اللہ تعالیٰ ہے، وہی ارزاں و سستا کرتا ہے، وہی گراں کرتا ہے اور روزی دینے والا وہی ہے اور میں چاہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ سے میں اس حال میں ملاقات کروں کہ کوئی شخص تم میں سے مجھ سے خون میں اور مال میں ظلم و ناانصافی کا مطالبہ کرنے والا نہ ہو۔ نسائی کے علاوہ اسے پانچوں نے روایت کیا ہے اور ابن حبان نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 679»
تخریج:
«أخرجه أبوداود، البيوع، باب في التسعير، حديث:3451، والترمذي، البيوع، حديث:1314، وابن ماجه، التجارات، حديث:2200، وابن حبان (الإحسان):7 /215، حديث:4914.»
تشریح:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اشیاء کی قیمتوں پر سرکاری کنٹرول ممنوع ہے۔
اس سے ایک طرف اگر تجارت پیشہ حضرات کو نقصان پہنچتا ہے تو دوسری جانب تاجروں کا اشیاء کو روک لینا قحط کا سبب بن جاتا ہے۔
عوام ضروریات زندگی کی فراہمی سے مجبور ہو جاتے ہیں جس کے نتیجے میں بلیک مارکیٹنگ کا بازار گرم ہوتا ہے۔
عوام معاشی بدحالی کا شکار ہو جاتے ہیں جس سے معاشرے میں بے چینی‘ اضطراب اور بدامنی جنم لیتی ہے۔
   بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 679   
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 3451  
´نرخ مقرر کرنا کیسا ہے؟`
انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ لوگوں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! گرانی بڑھ گئی ہے لہٰذا آپ (کوئی مناسب) نرخ مقرر فرما دیجئیے، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: نرخ مقرر کرنے والا تو اللہ ہی ہے، (میں نہیں) وہی روزی تنگ کرنے والا اور روزی میں اضافہ کرنے والا، روزی مہیا کرنے والا ہے، اور میری خواہش ہے کہ جب اللہ سے ملوں، تو مجھ سے کسی جانی و مالی ظلم و زیادتی کا کوئی مطالبہ کرنے والا نہ ہو (اس لیے میں بھاؤ مقرر کرنے کے حق میں نہیں ہوں)۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب الإجارة /حدیث: 3451]
فوائد ومسائل:
فائدہ۔
رسول اللہ ﷺ نے قیمتوں کو مارکیٹ فورسز خصوصا رسد وطلب کے فطری توازن کے مطابق رکھنے پر زور دیا اور مہنگائی کے باوجود قیمتیں مقرر کرنے سے انکار کر دیا۔
آپ کا یہ فرمان کے اللہ ہی (چیزوں کی رسد) گھٹانے بڑھانے والا ہے۔
موجودہ اکنامکس کے تصورات سے صدیوں پہلے علم کی بات ہے۔
آپ نے اس کے ذریعے معیشت کا ایک بنیادی اصول بیان فرمایا ہے۔
اور منڈی کے عوامل کے آزاد رہنے کو انصاف اور عدل قرار دیا۔
قیمتوں کے تقرر سے کسی نہ کسی کا حق ضرور مارا جاتا ہے۔
اس لئے اسے اجتناب کا حکم دیا۔
اس حدیث سے یہ بھی پتہ چلتا ہے۔
کہ مہنگائی کا علاج یہ ہے۔
کہ اشیاء کی ر سد میں برکت ہو۔
اللہ تعالیٰ سے دعا کا مفہوم یہی ہے۔
کہ وہ چیزوں کی پیدوار میں برکت عطا کرے۔
اور ضرورت پوری کرنے کا متبادل انتظام کردے۔
حکومت کو یہی کرنا چاہیے کہ وہ مہنگائی توڑنے کےلئے رسد میں اضافے کی کوش کرے۔
اور متبادل طریقے تلاش کرے۔
یہ مہنگائی کا کامیاب علاج کرے۔
جب کہ قیمتیں مقرر کرنے کے باوجود منڈی میں ان پر عمل نہیں ہوتا۔
اور چیزوں کی چور بازاری شروع ہوجاتی ہے۔
جن سے لوگوں کی ازیت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3451