سنن ابن ماجه
كتاب الطب -- کتاب: طب کے متعلق احکام و مسائل
33. بَابُ : مَنِ اسْتَرْقَى مِنَ الْعَيْنِ
باب: نظر بد لگنے پر دم کرنے کا بیان۔
حدیث نمبر: 3510
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ , حَدَّثَنَا سُفْيَانُ بْنُ عُيَيْنَةَ , عَنْ عَمْرِو بْنِ دِينَارٍ , عَنْ عُرْوَةَ بْنِ عَامِرٍ , عَنْ عُبَيْدِ بْنِ رِفَاعَةَ الزُّرَقِيِّ , قَالَ: قَالَتْ أَسْمَاءُ: يَا رَسُولَ اللَّهِ , إِنَّ بَنِي جَعْفَرٍ تُصِيبُهُمُ الْعَيْنُ , فَأَسْتَرْقِي لَهُمْ , قَالَ:" نَعَمْ فَلَوْ كَانَ شَيْءٌ سَابَقَ الْقَدَرَ , سَبَقَتْهُ الْعَيْنُ".
عبید بن رفاعہ زرقی کہتے ہیں کہ اسماء بنت عمیس رضی اللہ عنہا نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا: اللہ کے رسول! جعفر کے بیٹوں کو نظر بد لگ جاتی ہے، کیا میں ان کے لیے دم کر سکتی ہوں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہاں، اگر کوئی چیز لکھی ہوئی تقدیر پر سبقت لے جاتی تو نظر بد لے جاتی ۱؎۔

تخریج الحدیث: «‏‏‏‏سنن الترمذی/الطب 17 (2059)، (تحفة الأشراف: 15758)، وقد أخرجہ: مسند احمد (6/438) (صحیح)» ‏‏‏‏

وضاحت: ۱؎: مقصد یہ ہے کہ نظر بد کا اثر نقصان دہ اور تکلیف پہنچانے والا ہوتا ہے، حتی کہ تقدیر کے خلاف اگر کوئی چیز پیش آ سکتی ہے اور وہ نقصان پہنچا سکتی ہے تو وہ نظر بد ہے، جس سے بچنے کے لئے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم معوذتین «قُل أعوذ برب الفلق» اور «قل أعوذ برب الناس» پڑھتے جو ہر بلا اور ہر بدنظری سے بچنے کے لئے مجرب ہیں، لبید بن عاصم یہودی نے جب رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر جادو کر دیا تھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے کہنے پر وہ گرہ دار بال بھی ایک اندھے کنویں سے منگوایا گیا، ایک ایک آیت ان سورتوں کی آپ صلی اللہ علیہ وسلم پڑھتے جاتے تھے، اور ایک ایک گرہ کھلتی جاتی تھی، یہاں تک کہ سب گرہیں کھل گئیں، اور لبید یہودی کا سحر باطل ہوا۔

قال الشيخ الألباني: صحيح
  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث3510  
´نظر بد لگنے پر دم کرنے کا بیان۔`
عبید بن رفاعہ زرقی کہتے ہیں کہ اسماء بنت عمیس رضی اللہ عنہا نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا: اللہ کے رسول! جعفر کے بیٹوں کو نظر بد لگ جاتی ہے، کیا میں ان کے لیے دم کر سکتی ہوں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہاں، اگر کوئی چیز لکھی ہوئی تقدیر پر سبقت لے جاتی تو نظر بد لے جاتی ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الطب/حدیث: 3510]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
حضرت جعفر طیارہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ (بن ابی طالب)
کے بیٹے حضر ت اسماء بنت عمیس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اپنے بیٹے ہیں۔
حضرت جعفررضی اللہ تعالیٰ عنہ 8 ہجری میں غزوہ موتہ میں شہید ہوگئے تو اسماء سے حضرت ابو بکررضی اللہ تعالیٰ عنہ نے نکاح کرلیا اس لئے انھوں نے جعفر کے بیٹے فرمایا، حضرت ابو بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی وفات کے بعد اس خاتون سے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے نکاح کرلیا تھا۔

(2)
نظر یا بیماری کی وجہ سے دم کرنا اور کروانا جائز ہے۔
بشرط یہ کہ دم میں شرکیہ اور بے معنی مہمل الفاظ نہ ہوں۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3510