صحيح البخاري
كِتَاب الْمَظَالِمِ -- کتاب: ظلم اور مال غصب کرنے کے بیان میں
4. بَابُ أَعِنْ أَخَاكَ ظَالِمًا أَوْ مَظْلُومًا:
باب: ہر حال میں مسلمان بھائی کی مدد کرنا چاہے وہ ظالم ہو یا مظلوم۔
حدیث نمبر: 2444
حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ، حَدَّثَنَا مُعْتَمِرٌ، عَنْ حُمَيْدٍ، عَنْ أَنَسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" انْصُرْ أَخَاكَ ظَالِمًا أَوْ مَظْلُومًا، قَالُوا: يَا رَسُولَ اللَّهِ، هَذَا نَنْصُرُهُ مَظْلُومًا، فَكَيْفَ نَنْصُرُهُ ظَالِمًا؟ قَالَ: تَأْخُذُ فَوْقَ يَدَيْهِ".
ہم سے مسدد نے بیان کیا، کہا ہم سے معتمر نے بیان کیا، ان سے حمید نے اور ان سے انس رضی اللہ عنہ نے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، اپنے بھائی کی مدد کرو خواہ وہ ظالم ہو یا مظلوم۔ صحابہ نے عرض کیا، یا رسول اللہ! ہم مظلوم کی تو مدد کر سکتے ہیں۔ لیکن ظالم کی مدد کس طرح کریں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ظلم سے اس کا ہاتھ پکڑ لو (یہی اس کی مدد ہے)۔
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2444  
2444. حضرت انس ؓ ہی سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم اپنے بھائی کی مدد کرو، خواہ ظالم ہو یا مظلوم۔ صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین نے عرض کیا: اللہ کے رسول ﷺ! وہ مظلوم ہوتو اس کی مدد کریں گے لیکن ظالم کی مدد کس طرح کریں؟آپ نے فرمایا: (ظلم کرنے سے)اس کاہاتھ پکڑ لو، یعنی اسے ظلم سے روکو۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2444]
حدیث حاشیہ:
(1)
دورِ جاہلیت میں اس جملے کے ذریعے سے قومی عصبیت کو ہوا دی جاتی تھی کہ ہر حال میں اپنے خاندان، قبیلے اور بھائی کی مدد کی جائے، خواہ وہ ظالم ہو یا مظلوم۔
لیکن رسول اللہ ﷺ نے اس جملے کے مفہوم کو یکسر بدل کر محبت و اخوت کا سبق دیا ہے۔
(2)
اہل عرب کے ہاں نصرت کے معنی اعانت کے ہیں لیکن رسول اللہ ﷺ نے اس کی تفسیر یہ فرمائی کہ ظالم کی مدد اسے ظلم سے روکنا ہے کیونکہ اگر اسے ظلم سے نہ روکا گیا تو وہ ظلم کرنے میں مزید آگے بڑھے گا جس کا نتیجہ یہ ہو گا کہ ایک دن اس سے قصاص لیا جائے گا، لہذا اسے ظلم سے روکنا اسے قصاص سے نجات دلانا ہے اور یہی اس کی مدد ہے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2444