صحيح البخاري
كِتَاب الْجِهَادِ وَالسِّيَرِ -- کتاب: جہاد کا بیان
7. بَابُ تَمَنِّي الشَّهَادَةِ:
باب: شہادت کی آرزو کرنا۔
حدیث نمبر: 2798
حَدَّثَنَا يُوسُفُ بْنُ يَعْقُوبَ الصَّفَّارُ، حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ عُلَيَّةَ، عَنْ أَيُّوبَ، عَنْ حُمَيْدِ بْنِ هِلَالٍ، عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، قَالَ: خَطَبَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ:" أَخَذَ الرَّايَةَ زَيْدٌ فَأُصِيبَ، ثُمَّ أَخَذَهَا جَعْفَرٌ فَأُصِيبَ، ثُمَّ أَخَذَهَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ رَوَاحَةَ فَأُصِيبَ، ثُمَّ أَخَذَهَا خَالِدُ بْنُ الْوَلِيدِ، عَنْ غَيْرِ إِمْرَةٍ فَفُتِحَ لَهُ، وَقَالَ:" مَا يَسُرُّنَا أَنَّهُمْ عِنْدَنَا، قَالَ: أَيُّوبُ، أَوْ قَالَ: مَا يَسُرُّهُمْ أَنَّهُمْ عِنْدَنَا، وَعَيْنَاهُ تَذْرِفَانِ".
ہم سے یوسف بن یعقوب صفار نے بیان کیا، کہا ہم سے اسماعیل بن علیہ نے، ان سے ایوب نے، ان سے حمید بن ہلال نے اور ان سے انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خطبہ دیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا فوج کا جھنڈا اب زید نے اپنے ہاتھ میں لیا اور وہ شہید کر دیئے گئے پھر جعفر نے لے لیا اور وہ بھی شہید کر دیئے گئے پھر عبداللہ بن رواحہ نے لے لیا اور وہ بھی شہید کر دیئے گئے اور اب کسی ہدایت کا انتظار کئے بغیر خالد بن ولید نے جھنڈا اپنے ہاتھ میں لے لیا۔ اور ان کے ہاتھ پر اسلامی لشکر کو فتح ہوئی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اور ہمیں کوئی اس کی خوشی بھی نہیں تھی کہ یہ لوگ جو شہید ہو گئے ہیں ہمارے پاس زندہ رہتے کیونکہ وہ بہت عیش و آرام میں چلے گئے ہیں۔ ایوب نے بیان کیا یا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ فرمایا انہیں کوئی اس کی خوشی بھی نہیں تھی کہ ہمارے ساتھ زندہ رہتے، اس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم آنکھوں سے آنسو جاری تھے۔
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2798  
2798. حضرت انس ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے خطبہ دیا تو فرمایا: (غزوہ موتہ میں) جھنڈا اب زید نے اپنے ہاتھ میں لیا اور وہ شہید کردیے گئے۔ پھر جعفر نے لے لیا اور وہ بھی شہید کردیے گئے پھر عبداللہ بن رواحہ نے پکڑا تو وہ بھی شہید کردیے گئے۔ اسکے بعد کسی ہدایت کا انتظار کیے بغیر خالد بن ولید نے جھڈا اپنے ہاتھ میں لے لیا تو ان کے ہاتھ پر (اسلامی لشکر کو) فتح ہوئی۔ آپ نے مزید فرمایا: ہمیں اب خوشی نہیں ہے کہ وہ شہداء ہمارے پاس زندہ رہتے۔ (راوی حدیث) ایوب نے کہا یاآپ ﷺ نے فرمایا: انھیں اب اس امر میں کوئی خوشی نہیں ہے کہ وہ ہمارے ساتھ زندہ رہتے۔ اس وقت آپ کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2798]
حدیث حاشیہ:
ہوا یہ تھا کہ ۸ھ میں آپ ﷺنے غزوۂ موتہ کے لئے ایک لشکر روانہ کیا۔
زید بن حارثہ ؓ کو اس کا سردار مقرر کیا‘ فرمایا اگر وہ شہید ہو جائیں تو جعفر ؓ کو سردار بنانا‘ اگر وہ بھی شہید ہو جائیں تو عبداللہ بن رواحہ ؓ کو۔
اتفاق سے یکے بعد دیگرے یہ تینوں سردار شہید ہوگئے اور خالد بن ولید ؓ نے آخر میں افسری جھنڈا اٹھا لیا تاکہ مسلمان ہمت نہ ہاریں کیونکہ لڑائی سخت ہو رہی تھی۔
گو ان کے لئے آنحضرتﷺ نے کچھ نہیں فرمایا تھا۔
آپؐ کافروں سے یہاں تک لڑے کہ اللہ نے آپ کے ذریعہ اسلام کے لشکر کو فتح نصیب فرمائی۔
دوسری روایت میں ہے کہ آپ نے خوش ہو کر خالد کے حق میں فرمایا کہ وہ اللہ کی تلواروں میں سے ایک تلوار ہے۔
مزید تفصیلات جنگ موتہ کے ذکر میں آئیں گی۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2798   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2798  
2798. حضرت انس ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے خطبہ دیا تو فرمایا: (غزوہ موتہ میں) جھنڈا اب زید نے اپنے ہاتھ میں لیا اور وہ شہید کردیے گئے۔ پھر جعفر نے لے لیا اور وہ بھی شہید کردیے گئے پھر عبداللہ بن رواحہ نے پکڑا تو وہ بھی شہید کردیے گئے۔ اسکے بعد کسی ہدایت کا انتظار کیے بغیر خالد بن ولید نے جھڈا اپنے ہاتھ میں لے لیا تو ان کے ہاتھ پر (اسلامی لشکر کو) فتح ہوئی۔ آپ نے مزید فرمایا: ہمیں اب خوشی نہیں ہے کہ وہ شہداء ہمارے پاس زندہ رہتے۔ (راوی حدیث) ایوب نے کہا یاآپ ﷺ نے فرمایا: انھیں اب اس امر میں کوئی خوشی نہیں ہے کہ وہ ہمارے ساتھ زندہ رہتے۔ اس وقت آپ کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2798]
حدیث حاشیہ:

جب شہداء نے شہادت کے باعث اللہ کے ہاں کرامت وعظمت کو دیکھاتو انھیں یہ پسند نہ تھا کہ وہ دنیا میں واپس آئیں۔
اس حدیث میں نبوت کی دلیل ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے مذکورہ حضرات کے متعلق شہادت کی خبر دی جبکہ آپ اس وقت مدینہ طیبہ میں تشریف فرماتھے۔

حضرت خالد بن ولید ؓ نے جب دیکھا کہ یہ حضرات شہید ہوگئے ہیں تو انھوں نے خیال کیا کہ اگر مسلمان اسی حال میں رہے تو ہلاک ہوجائیں گے اور قوت اسلام کو زبردست دھچکا لگے گا تو انہوں نے خود بخود افسری جھنڈا اپنے ہاتھ میں لے لیا تاکہ مسلمان ہمت نہ ہاریں،پھر زبردست حملہ کیا حتی کہ اللہ تعالیٰ نے انھیں فتح سے ہمکنار کیا اور رسول اللہ ﷺ بھی اس فعل سے راضی ہوگئے،حالانکہ آپ نے انھیں امیر نامزد نہیں کیا تھا اور نہ لشکر میں سے کسی نے ان کی بیعت ہی کی تھی۔

اس سے معلوم ہوا کہ ضرورت کے وقت شرعی احکام کی شرائط میں نرمی کی جاسکتی ہے۔
واللہ أعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2798