صحيح البخاري
كِتَاب فَضَائِلِ الصحابة -- کتاب: نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب کی فضیلت
13. بَابُ مَنَاقِبُ الزُّبَيْرِ بْنِ الْعَوَّامِ:
باب: زبیر بن عوام رضی اللہ عنہ کے فضائل کا بیان۔
حدیث نمبر: 3721
حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ حَفْصٍ، حَدَّثَنَا ابْنُ الْمُبَارَكِ، أَخْبَرَنَا هِشَامُ بْنُ عُرْوَةَ، عَنْ أَبِيهِ، أَنَّ أَصْحَابَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالُوا لِلزُّبَيْرِ يَوْمَ الْيَرْمُوكِ: أَلَا تَشُدُّ فَنَشُدَّ مَعَكَ , فَحَمَلَ عَلَيْهِمْ فَضَرَبُوهُ ضَرْبَتَيْنِ عَلَى عَاتِقِهِ بَيْنَهُمَا ضَرْبَةٌ ضُرِبَهَا يَوْمَ بَدْرٍ، قَالَ عُرْوَةُ:" فَكُنْتُ أُدْخِلُ أَصَابِعِي فِي تِلْكَ الضَّرَبَاتِ أَلْعَبُ وَأَنَا صَغِيرٌ".
ہم سے علی بن حفص نے بیان کیا، کہا ہم سے عبداللہ بن مبارک نے بیان کیا، کہا ہم کو ہشام بن عروہ نے خبر دی اور انہیں ان کے والد نے کہ جنگ یرموک کے موقع پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ نے زبیر بن عوام رضی اللہ عنہ سے کہا آپ حملہ کیوں نہیں کرتے تاکہ ہم بھی آپ کے ساتھ حملہ کریں۔ چنانچہ انہوں نے ان (رومیوں) پر حملہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے (رومیوں نے) آپ کے دو کاری زخم شانے پر لگائے۔ درمیان میں وہ زخم تھا جو بدر کے موقع پر آپ کو لگا تھا۔ عروہ نے کہا کہ (یہ زخم اتنے گہرے تھے کہ اچھے ہو جانے کے بعد) میں بچپن میں ان زخموں کے اندر اپنی انگلیاں ڈال کر کھیلا کرتا تھا۔
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3721  
3721. حضرت عروہ بن زبیر ؓ سے روایت ہے کہ یرموک کے دن نبی کریم ﷺ کے صحابہ کرام ؓ نے حضرت زبیر ؓ سے کہا: آپ حملہ کیوں نہیں کرتے تاکہ آپ کے ساتھ مل کر ہم بھی حملہ کریں؟ چنانچہ حضرت زبیر نے ان رومیوں پر حملہ کیا تو اس موقع پر کفار نے دوکاری زخم آپ کے شانے پر لگائے۔ ان دونوں کے درمیان وہ زخم تھا جو بدر کے موقع پر آپ کو لگاتھا۔ حضرت عروہ کہتے ہیں کہ میں بچپن میں ان زخموں کے اندر اپنی انگلیاں داخل کرکے کھیلا کرتا تھا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:3721]
حدیث حاشیہ:
یرموک علاقہ شام میں ایک مقام کا نام ہے،اس جگہ رومیوں کے ساتھ بہت بڑا معرکہ برپا ہوا تھا۔
حضرت عمر ؓ کے دورخلافت میں رومیوں کے خلاف یہ جنگ لڑی گئی۔
لشکر اسلام کے سربراہ حضرت ابوعبیدہ بن جراح ؓ تھے۔
اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو فتح دی۔
بہت سا مالِ غنیمت مسلمانوں کے ہاتھ آیا۔
اس لڑائی میں حضرت زبیربن عوام ؓ نے دوسرے جاں نثاروں کے ساتھ اپنی بہادری اور جان نثاری کے جوہر دکھائے۔
آپ جنگ جمل کو خیر باد کہہ کر مدینہ طیبہ واپس آرہےتھے کہ وادی سباع میں عمرو بن جرموز نامی شخص نے آپ کو قتل کردیا۔
حضرت علی ؓ کو جب خیبر دینے کے لیے حاضر ہوا توآپ نے اس کے متعلق فرمایا:
اسے دوزخ کی خوشخبری سنادو۔
آپ کو10 جمادی الاولیٰ 36ہجری بمطابق 25 نومبر 656ء کو شہید کیا گیا۔
شہادت کے دن ان کی عمر 77 برس کی تھی۔
۔
۔
رضي اللہ تعالیٰ عنه۔
۔
۔
ان کے ترکے میں جو اللہ تعالیٰ نے برکت ڈالی، اس کی تفصیل پہلے کتاب الجہاد میں گزرچکی ہے۔
امام بخاری ؒ نے اس پر مستقل ایک عنوان قائم کیا ہے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3721