صحيح البخاري
كِتَاب فَضَائِلِ الصحابة -- کتاب: نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب کی فضیلت
27. بَابُ مَنَاقِبُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَسْعُودٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ:
باب: عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے فضائل کا بیان۔
حدیث نمبر: 3763
حَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ الْعَلَاءِ، حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ يُوسُفَ بْنِ أَبِي إِسْحَاقَ، قَالَ: حَدَّثَنِي أَبِي، عَنْ أَبِي إِسْحَاقَ، قَالَ: حَدَّثَنِي الْأَسْوَدُ بْنُ يَزِيدَ، قَالَ: سَمِعْتُ أَبَا مُوسَى الْأَشْعَرِيَّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، يَقُولُ:" قَدِمْتُ أَنَا وَأَخِي مِنْ الْيَمَنِ فَمَكُثْنَا حِينًا مَا نُرَى إِلَّا أَنَّ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ مَسْعُودٍ رَجُلٌ مِنْ أَهْلِ بَيْتِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لِمَا نَرَى مِنْ دُخُولِهِ وَدُخُولِ أُمِّهِ عَلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ".
مجھ سے محمد بن علاء نے بیان کیا، کہا ہم سے ابراہیم بن یوسف بن ابی اسحٰق نے بیان کیا، کہا کہ مجھ سے میرے والد نے بیان کیا، ان سے ابواسحٰق نے، کہا کہ مجھ سے اسود بن یزید نے بیان کیا، کہا کہ میں نے ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے سنا: انہوں نے بیان کیا کہ میں اور میرے بھائی یمن سے (مدینہ طیبہ) حاضر ہوئے اور ایک زمانے تک یہاں قیام کیا، ہم اس پورے عرصہ میں یہی سمجھتے رہے کہ عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے گھرانے ہی کے ایک فرد ہیں، کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے گھر میں عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ اور ان کی والدہ کا (بکثرت) آنا جانا ہم خود دیکھا کرتے تھے۔
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3763  
3763. حضرت ابوموسیٰ اشعری ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ میں اور میرا بھائی یمن سے آئے۔ ہم کچھ مدت مدینہ طیبہ میں ٹھہرے تو ہم یہی خیال کرتے رہے کہ حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ نبی کریم ﷺ کے اہل بیت سے ہیں کیونکہ ہم ان کا اور ان کی والدہ کا نبی کریم ﷺ کے گھر میں آنا جانا دیکھتے تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:3763]
حدیث حاشیہ:
حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ اور ان کی والدہ ماجدہ،رسول اللہ ﷺ کے پاس بکثرت آیا جایاکرتے تھے۔
اس لیے حضرت ابوموسیٰ اشعری ؓ نے خیال کیا کہ شاید یہ حضرات رسول اللہ ﷺ کے اہل خانہ سے ہیں۔
اس میں حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ کی بہت بڑی فضیلت ہے۔
ایک روایت میں ہے کہ حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ رہا کرتے تھے۔
(صحیح البخاري، المناقب، حدیث: 4384)
حافظ ابن حجر ؒ کہتے ہیں کہ حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ کی رسول اللہ ﷺ سے مصاحبت اور اس پر دوام ان کی فضیلت اور برتری پر دلالت کرتا ہے۔
(فتح الباري: 131/7)
وھوالمقصود۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3763