صحيح البخاري
كِتَاب الْمَغَازِي -- کتاب: غزوات کے بیان میں
10. بَابُ فَضْلُ مَنْ شَهِدَ بَدْرًا:
باب: بدر کی لڑائی میں حاضر ہونے والوں کی فضیلت کا بیان۔
حدیث نمبر: 3986
حَدَّثَنِي عَمْرُو بْنُ خَالِدٍ، حَدَّثَنَا زُهَيْرٌ، حَدَّثَنَا أَبُو إِسْحَاقَ، قَالَ: سَمِعْتُ الْبَرَاءَ بْنَ عَازِبٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا، قَالَ:" جَعَلَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَلَى الرُّمَاةِ يَوْمَ أُحُدٍ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ جُبَيْرٍ , فَأَصَابُوا مِنَّا سَبْعِينَ , وَكَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَأَصْحَابُهُ أَصَابُوا مِنَ الْمُشْرِكِينَ يَوْمَ بَدْرٍ أَرْبَعِينَ وَمِائَةً سَبْعِينَ أَسِيرًا وَسَبْعِينَ قَتِيلًا، قَالَ أَبُو سُفْيَانَ: يَوْمٌ بِيَوْمِ بَدْرٍ وَالْحَرْبُ سِجَالٌ".
مجھ سے عمرو بن خالد نے بیان کیا ‘ ہم سے زہیر نے بیان کیا ‘ ہم سے ابواسحاق نے بیان کیا کہ میں نے براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے سنا ‘ وہ بیان کر رہے تھے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے احد کی لڑائی میں تیر اندازوں پر عبداللہ بن جبیر رضی اللہ عنہ کو سردار مقرر کیا تھا اس لڑائی میں ہمارے ستر آدمی شہید ہوئے تھے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابیوں سے بدر کی لڑائی میں ایک سو چالیس مشرکین کو نقصان پہنچا تھا۔ ستر ان میں سے قتل کر دئیے گئے اور ستر قیدی بنا کر لائے گئے اس پر ابوسفیان نے کہا کہ آج کا دن بدر کے دن کا بدلہ ہے اور لڑائی کی مثال ڈول کی سی ہے۔
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 2662  
´کمین (گھات) میں بیٹھنے والوں کا بیان۔`
براء رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جنگ احد میں عبداللہ بن جبیر رضی اللہ عنہ کو تیر اندازوں کا امیر بنایا ان کی تعداد پچاس تھی اور فرمایا: اگر تم دیکھو کہ ہم کو پرندے اچک رہے ہیں پھر بھی اپنی اس جگہ سے نہ ہٹنا یہاں تک کہ میں تمہیں بلاؤں اور اگر تم دیکھو کہ ہم نے کافروں کو شکست دے دی ہے، انہیں روند ڈالا ہے، پھر بھی اس جگہ سے نہ ہٹنا، یہاں تک کہ میں تمہیں بلاؤں، پھر اللہ تعالیٰ نے کافروں کو شکست دی اور اللہ کی قسم میں نے مشرکین کی عورتوں کو دیکھا کہ بھاگ کر پہاڑوں پر چڑھنے لگیں، عبداللہ بن جبیر کے ساتھی کہنے لگے: لوگ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الجهاد /حدیث: 2662]
فوائد ومسائل:

دشمن پر حملہ کرنے یا اپنے دفاع کےلئے مجاہدین کوکمین گاہ میں چھپنا یا چھپانا جائز اور نظم جہاد کا ایک اہم حصہ ہوتاہے۔


رسول اللہ ﷺ کے حکم کی پرواہ نہ کرنے اور مال کی حرص کا نتیجہ شکست کی صورت میں سامنے آیا۔
جو اگرچہ عارضی تھی۔
اس لئے واجب ہے کہ انسان فرامین رسول ﷺ کو ہرحال میں اولیت اور اولیت دے تاکہ دنیا اور آخرت کی ہزیمت سے محفوظ رہے۔


شرعی امیر کی اطاعت بھی واجب ہے۔
اور سپہ سالار کی منصوبہ بندی کے احکام بلا چون وچرا ماننے چاہیں۔

   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2662   
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 3986  
3986. حضرت براء بن عازب ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے اُحد کے دن تیراندازوں پر حضرت عبداللہ بن جبیر ؓ کو امیر مقرر کیا تو مشرکین نے اس جنگ میں ہمارے ستر ساتھیوں کو شہید کر دیا جبکہ نبی ﷺ اور آپ کے اصحاب نے بدر کے دن ایک سو چالیس مشرکین کو نقصان پہنچایا تھا۔ ان میں سے ستر قیدی تھے اور ستر قتل ہوئے تھے۔ ابوسفیان نے کہا: آج کا دن بدر کے دن کا بدلہ ہے اور لڑائی تو ڈول کی طرح ہوتی ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:3986]
حدیث حاشیہ:
جنگ احد میں آنحضرت ا نے عبدا للہ بن جبیر ؓ کو پچاس تیر اندازوں کے ساتھ احد پہاڑ کے ایک نا کے پر اس شرط کے ساتھ مقرر فرمایا کہ ہم ہا ریں یا جیتیں ہمارے حکم کے بغیر یہ نا کہ ہر گز نہ چھوڑنا شروع میں جب مسلمانوں کی فتح ہونے لگی تو عبد اللہ بن جبیر ؓ کے ساتھیوں نے وہ ناکہ چھوڑ دیا جس کا نتیجہ جنگ احد کی شکست کی صورت میں سامنے آیا۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3986   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3986  
3986. حضرت براء بن عازب ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے اُحد کے دن تیراندازوں پر حضرت عبداللہ بن جبیر ؓ کو امیر مقرر کیا تو مشرکین نے اس جنگ میں ہمارے ستر ساتھیوں کو شہید کر دیا جبکہ نبی ﷺ اور آپ کے اصحاب نے بدر کے دن ایک سو چالیس مشرکین کو نقصان پہنچایا تھا۔ ان میں سے ستر قیدی تھے اور ستر قتل ہوئے تھے۔ ابوسفیان نے کہا: آج کا دن بدر کے دن کا بدلہ ہے اور لڑائی تو ڈول کی طرح ہوتی ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:3986]
حدیث حاشیہ:
غزوہ احد میں پیش آنے والا ایک واقعہ انتہائی اختصار کے ساتھ اس حدیث میں بیان ہوا ہے۔
دراصل فوج کے کمانڈر کا دوران جنگ میں اہل کام اپنی فوج کی ترتیب اور ان کی مورچہ بندی ہوتا ہے رسول اللہ ﷺ نے جبل اُحد کو اپنی پشت پر رکھا تاکہ یہ طرف محفوظ ہو جائے البتہ اس کا ایک درہ غیر محفوظ تھا وہاں آپ نے حضرت عبد اللہ بن جبیر ؓ کی سر براہی میں پچاس تیرانداز مقرر کیے تاکہ دشمن اس طرف سے مسلمانوں پر حملہ آورنہ ہو، اور انھیں تاکید کردی کہ ہمیں فتح ہو یا شکست تم نے اس مقام کو نہیں چھوڑنا۔
جب مسلمانوں نے کفار پر حملہ کیا تو وہ اس کی تاب نہ لا کر بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔
مسلمانوں نے جب اس صورت حال کو دیکھا تو کفارکا مال واسباب جمع کرنا شروع کردیا فوج کا جو دستہ پہاڑی پر تعنیات تھا وہ بھی اتر کر اچانک غنیمت جمع کرنے میں مصروف ہوگیا۔
خالد بن ولید نے جب دیکھا کہ درہ بالکل خالی ہے تو پیچھے سے مسلمانوں پر حملہ کردیا۔
اچانک حملہ دیکھ کر مسلمانوں کے اوسان خطا ہوگئے تو کچھ مسلمان مدینے کی طرف بھاگ کھڑے ہوئے۔
ایک گروہ رسول اللہ ﷺ کی طرف پلٹ آیا جبکہ تیسرا گروه میدان چھوڑ کر کنارے پر بیٹھ گیا۔
اس دوران میں مسلمانوں کے ستر آدمی شہید ہو گئے خود رسول اللہ ﷺ کو زخم آئے شہدائے احد کی تعداد ستر ہے۔
اس کا قرینہ درج ذیل آیت کریمہ میں ہےارشاد باری تعالیٰ ہے:
اور جب تم پر مصیبت آئی تو اس سے دو گنا صدمہ تم کفار کو پہلے پہنچاچکے تھے۔
(آل عمران: 165/3)
اس آیت میں خطاب اہل اُحد سے ہے کہ تم نے اس نقصان سے پہلے دو گنا نقصان غزوہ بدر میں کفار کو پہنچایا تھا اور اس پر اتفاق ہے کہ غزوہ بدر میں ستر کفار کو قتل کیا اور ستر ہی قیدی بنائے گئے تھے کفار کا یہ نقصان احد کے وقت مسلمانوں کے نقصان سے دوگنا ہے۔
اس سے واضح ہوا کہ غزوہ احد میں ستر مسلمان شہید ہوئے تھے اور جن مؤرخین نے ان کی تعداد ستر سے کم و بیش بتائی ہے وہ حقیقت پر مبنی نہیں۔
(فتح الباري: 384/7)
واللہ اعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3986