صحيح البخاري
كِتَاب الْمَغَازِي -- کتاب: غزوات کے بیان میں
20. بَابُ: {إِذْ تُصْعِدُونَ وَلاَ تَلْوُونَ عَلَى أَحَدٍ وَالرَّسُولُ يَدْعُوكُمْ فِي أُخْرَاكُمْ فَأَثَابَكُمْ غَمًّا بِغَمٍّ لِكَيْلاَ تَحْزَنُوا عَلَى مَا فَاتَكُمْ وَلاَ مَا أَصَابَكُمْ وَاللَّهُ خَبِيرٌ بِمَا تَعْمَلُونَ} ، {تُصْعِدُونَ} تَذْهَبُونَ، أَصْعَدَ وَصَعِدَ فَوْقَ الْبَيْتِ.
باب: (اللہ تعالیٰ کا فرمان) ”وہ وقت یاد کرو جب تم چڑھے جا رہے تھے اور پیچھے مڑ کر بھی کسی کو نہ دیکھتے تھے اور رسول تم کو پکار رہے تھے، تمہارے پیچھے سے، سو اللہ نے تمہیں غم دیا، غم کی پاداش میں، تاکہ تم رنجیدہ نہ ہو اس چیز پر جو تمہارے ہاتھ سے نکل گئی اور نہ اس مصیبت سے جو تم پر آ پڑی اور اللہ تعالیٰ تمہارے کاموں سے خبردار ہے“۔
حدیث نمبر: 4067
حَدَّثَنِي عَمْرُو بْنُ خَالِدٍ حَدَّثَنَا زُهَيْرٌ حَدَّثَنَا أَبُو إِسْحَاقَ قَالَ: سَمِعْتُ الْبَرَاءَ بْنَ عَازِبٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا قَالَ جَعَلَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَلَى الرَّجَّالَةِ يَوْمَ أُحُدٍ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ جُبَيْرٍ، وَأَقْبَلُوا مُنْهَزِمِينَ، فَذَاكَ إِذْ يَدْعُوهُمُ الرَّسُولُ فِي أُخْرَاهُمْ.
مجھ سے عمرو بن خالد نے بیان کیا، کہا ہم سے زہیر نے بیان کیا، کہا ہم سے ابواسحاق نے بیان کیا، کہا کہ میں نے براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے سنا، انہوں نے بیان کیا کہ غزوہ احد کے موقع پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے (تیر اندازوں کے) پیدل دستہ کا امیر عبداللہ بن جبیر رضی اللہ عنہما کو بنایا تھا لیکن وہ لوگ شکست خوردہ ہو کر آئے۔ (آیت «يدعوهم الرسول في أخراهم‏.‏» ان ہی کے بارے میں نازل ہوئی تھی) اور یہ ہزیمت اس وقت پیش آئی جبکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان کو پیچھے سے پکار رہے تھے۔
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 2662  
´کمین (گھات) میں بیٹھنے والوں کا بیان۔`
براء رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جنگ احد میں عبداللہ بن جبیر رضی اللہ عنہ کو تیر اندازوں کا امیر بنایا ان کی تعداد پچاس تھی اور فرمایا: اگر تم دیکھو کہ ہم کو پرندے اچک رہے ہیں پھر بھی اپنی اس جگہ سے نہ ہٹنا یہاں تک کہ میں تمہیں بلاؤں اور اگر تم دیکھو کہ ہم نے کافروں کو شکست دے دی ہے، انہیں روند ڈالا ہے، پھر بھی اس جگہ سے نہ ہٹنا، یہاں تک کہ میں تمہیں بلاؤں، پھر اللہ تعالیٰ نے کافروں کو شکست دی اور اللہ کی قسم میں نے مشرکین کی عورتوں کو دیکھا کہ بھاگ کر پہاڑوں پر چڑھنے لگیں، عبداللہ بن جبیر کے ساتھی کہنے لگے: لوگ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الجهاد /حدیث: 2662]
فوائد ومسائل:

دشمن پر حملہ کرنے یا اپنے دفاع کےلئے مجاہدین کوکمین گاہ میں چھپنا یا چھپانا جائز اور نظم جہاد کا ایک اہم حصہ ہوتاہے۔


رسول اللہ ﷺ کے حکم کی پرواہ نہ کرنے اور مال کی حرص کا نتیجہ شکست کی صورت میں سامنے آیا۔
جو اگرچہ عارضی تھی۔
اس لئے واجب ہے کہ انسان فرامین رسول ﷺ کو ہرحال میں اولیت اور اولیت دے تاکہ دنیا اور آخرت کی ہزیمت سے محفوظ رہے۔


شرعی امیر کی اطاعت بھی واجب ہے۔
اور سپہ سالار کی منصوبہ بندی کے احکام بلا چون وچرا ماننے چاہیں۔

   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2662   
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 4067  
4067. حضرت براء بن عازب ؓ سے روایت ہے، انہوں نے بیان کیا کہ غزوہ اُحد کے دن نبی ﷺ نے پیدل تیرانداز دستے پر حضرت عبداللہ بن جبیر ؓ کو سالار مقرر فرمایا لیکن وہ شکست خوردہ ہو کر مدینہ کی طرف جا رہے تھے۔ یہ ہزیمت اس وقت پیش آئی جبکہ رسول اللہ ﷺ انہیں پیچھے سے پکار رہے تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:4067]
حدیث حاشیہ:
بعض مواقع قوموں کی تاریخ میں ایسے آجاتے ہیں کہ چند افراد کی غلطی سے پوری قوم تباہ ہوجاتی ہے اور بعض دفعہ چند افراد کی مساعی سے پوری قوم کامیاب ہو جا تی ہے۔
جنگ احد میں بھی ایسا ہی ہوا کہ چندافراد کی غلطی کا خمیازہ سارے مسلمانوں کو بھگتنا پڑا۔
اہل اسلام کی آزمائش کے لیے ایسا ہونا بھی ضروری تھا تاکہ آئندہ وہ ہوشیار رہیں اور دوبارہ ایسی غلطی نہ کریں۔
جبل احد کا متعینہ درہ چھوڑدینا ان کی سخت غلطی تھی حالانکہ آنحضرت ﷺ نے سخت تاکید فرمائی تھی کہ وہ ہمارے حکم کے بغیر کسی حال میں یہ درہ نہ چھوڑیں۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4067   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4067  
4067. حضرت براء بن عازب ؓ سے روایت ہے، انہوں نے بیان کیا کہ غزوہ اُحد کے دن نبی ﷺ نے پیدل تیرانداز دستے پر حضرت عبداللہ بن جبیر ؓ کو سالار مقرر فرمایا لیکن وہ شکست خوردہ ہو کر مدینہ کی طرف جا رہے تھے۔ یہ ہزیمت اس وقت پیش آئی جبکہ رسول اللہ ﷺ انہیں پیچھے سے پکار رہے تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:4067]
حدیث حاشیہ:

اقوام کی تاریخ میں بعض مواقع ایسے بھی ہیں کہ چند افراد کی غلطی کی سزا پوری قوم کو بھگتنی پڑتی ہے۔
اور بعض دفعہ چند افراد کی کوشش سے پوری قوم کامیابی سے ہمکنار ہو جاتی ہے غزوہ احد میں بھی ایسا ہوا کہ رسول اللہ ﷺ نے درے پر تعینات صحابہ کرام ؓ کو سخت تاکید فرمائی تھی کہ ہمارے حکم کے بغیر کسی حالت میں اس درے کو نہ چھوڑنا لیکن ان کی غلطی سے تمام قوم کو آزمائش سے دو چار ہونا پڑا۔
اہل اسلام کی آزمائش کے لیے ایسا ضروری تھا تاکہ وہ آئندہ ہو شیار رہیں اور اس قسم کی غلطی دوبارہ نہ کریں۔

واضح رہے کہ مسلمانوں نے رسول اللہ ﷺ کی نا فرمانی کر کے انھیں رنج پہنچا یا تو اس کے بدلے اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو شکست سے دو چار کر کے انھیں رنج پہنچایا۔
اس کے علاوہ مسلمانوں کو کئی قسم کے رنج پہنچائے جن کی تفصیل حسب ذیل ہے۔
منافقین کے واپس لوٹ جانے کا۔
ہزیمت سے دوچار ہونے کا۔
قرابت داروں کے شہید ہونے کا۔
رسول اللہ ﷺ کی شہادت کی خبرکا۔
زخموں سے چور ہونے کا۔
اس جنگ کے انجام کا۔

اس میں یہ سبق بھی تھا کہ مومن نہ تو مصیبت کے وقت ڈگمگاتا اور آس توڑ بیٹھتا ہے اور نہ خوشی کے وقت حد سے زیادہ اترانے لگتا ہے بلکہ وہ ہر حال میں اللہ کا شکر ادا کرنے والا اور معتدل مزاج رکھنے والا ہوتا ہے۔
ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ میدان احد میں صرف رہ گئے تھے۔
(آل عمران: 154/3)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4067