بلوغ المرام
كتاب الصيام -- روزے کے مسائل
1. (أحاديث في الصيام)
(روزے کے متعلق احادیث)
حدیث نمبر: 534
وعن سهل بن سعد رضي الله عنهما أن رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم قال: «‏‏‏‏لا يزال الناس بخير ما عجلوا الفطر» ‏‏‏‏ متفق عليه. وللترمذي من حديث أبي هريرة رضي الله عنه عن النبي صلى الله عليه وآله وسلم قال: «‏‏‏‏قال الله عز وجل: أحب عبادي إلي أعجلهم فطرا» .
سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ لوگ اس وقت تک بھلائی پر قائم رہیں گے جب تک روزہ افطار کرنے میں جلدی کریں گے۔ (بخاری و مسلم) اور ترمذی میں سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے میرے بندوں میں میرے محبوب و پسندیدہ بندے وہ ہیں جو افطار کرنے میں عجلت سے کام لیتے ہیں۔

تخریج الحدیث: «أخرجه البخاري، الصوم، باب تعجيل الإفطار، حديث:1957، ومسلم، الصيام، باب فضل السحور وتأكيد استحبابه....، حديث:1098، وحديث أبي هريرة أخرجه الترمذي، الصوم، حديث:700، وإسناده ضعيف، الزهري مدلس وعنعن.»
  حافظ زبير على زئي رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث موطا امام مالك رواية ابن القاسم 258  
´جلدی افطار کرنے میں خیر ہے`
«. . . 410- وبه: أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: لا يزال الناس بخير ما عجلوا الفطر. . . .»
. . . اور اسی سند کے ساتھ (سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے) روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: لوگ اس وقت تک خیر سے رہیں گے جب تک روزہ افطار کرنے میں جلدی کریں گے۔ . . . [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 258]

تخریج الحدیث:
[وأخرجه البخاري 1957، من حديث مالك به، و مسلم 1098/48، من حديث ابي حازم به]

تفقه:
➊ سورج غروب ہونے کے فوراً بعد روزہ افطار کرنے میں جلدی کرنا اہل ایمان کی نشانی ہے۔
➋ جو لوگ جان بوجھ کر دیر سے روزہ افطار کرتے ہیں وہ خیر پر نہیں بلکہ شر پر ہیں۔ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «لا یزال الدین ظاھرًا ما عجّل الناس الفطر لأن الیھود والنصاری یؤخرون۔»
دین اس وقت تک غالب رہے گا جب تک لوگ افطار کرنے میں جلدی کریں گے کیونکہ یہودی اور عیسائی تاخیر کرتے ہیں۔ [سنن ابي داود: 2353 وسنده حسن، و صححه ابن خزيمه: 2060، وابن حبان، الموارد: 889، والحاكم عليٰ شرط مسلم 431/1 ووافقه الذهبي]
➌ جب سورج غروب ہوا تو (سیدنا) عمر (رضی اللہ عنہ) نے اپنے پاس والے شخص کو برتن دے کر کہا: پیو، پھر فرمایا: شاید تم «مُسَوِّفين» (دیر سے روزہ افطار کرنے والوں) میں سے ہو جو کہتے ہیں: تھوڑی دیر بعد، تھوڑی دیر بعد۔؟! [مصنف ابن ابي شيبه 13/3 ح 8958، و سنده صحيح، دوسرا نسخه 23/4 ح 9043]
◄ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ اپنے امراء کی طرف لکھ کر حکم بھیجتے تھے کہ روزہ افطار کرنے کے بارے میں مسوفین میں سے نہ ہونا اور نماز کے لئے ستاروں کے اکٹھ کا انتظار نہ کرنا۔ [ابن ابي شيبه 3/12 ح8946، وسنده حسن، دوسرا نسخه 4/21 ح9031]
➍ ابراہیم نخعی رحمہ اللہ نے فرمایا: روزہ جلدی افطار کرنا سنت میں سے ہے۔ [مصنف ابن ابي شيبه 13/3 ح 7954، و سنده صحيح]
➎ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کے مقابلے میں اپنی اختراع شدہ احتیاط کی کوئی حیثیت نہیں ہے بلکہ یہ ایک شیطانی وسوسہ ہے جس سے اجتناب ضروری ہے۔
   موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی، حدیث/صفحہ نمبر: 410   
  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث1697  
´افطار کرنے میں جلدی کرنے کا بیان۔`
سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تک لوگ افطار میں جلدی کرتے رہیں گے، ہمیشہ خیر میں رہیں گے ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الصيام/حدیث: 1697]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
عبا دت میں شریعت کی مقرر کردہ حد سے آگے بڑھنا دنیا اور آ خرت کے نقصان کا با عث ہے۔

(2)
روزہ جلدی کھولنے کا مطلب یہ ہے کہ سورج کی ٹکیہ افق کے نیچے پہنچ جانے کے بعد احتیاط کے نام سے مزید تا خیر نہ کی جائے بلکہ فوراً روزہ کھول لیا جائے۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1697   
  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 534  
´(روزے کے متعلق احادیث)`
سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ لوگ اس وقت تک بھلائی پر قائم رہیں گے جب تک روزہ افطار کرنے میں جلدی کریں گے۔ (بخاری و مسلم) اور ترمذی میں سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے میرے بندوں میں میرے محبوب و پسندیدہ بندے وہ ہیں جو افطار کرنے میں عجلت سے کام لیتے ہیں۔ [بلوغ المرام/حدیث: 534]
لغوی تشریح 534:
مَاعَجَّلُو الفِطْرَ عَجَّلُو تعجیل سے ماخوذ ہے، مطلب یہ ہے کہ جب تک افطار کرنے میں جلدی کریں گے، یعنی تحقیق سے جب یہ ثابت ہو جائے کہ سورج غروب ہو چکا ہے تو فورًا روزہ افطار کر لینا چاہیے۔ افطار میں جلدی کرنااہلِ اسلام کا شعار ہے، جبکہ اہلِ کتاب تاخیر سے افطار کرتے ہیں۔ اس میں آسانی کا پہلو بھی ہے۔ اطاعت و فرمانبرداری کا بھی یہی تقاضا ہے، اس لیے شعائرِ اسلام کا احتمام کرنا، شریعت کی دی ہوئی سہولت کو لینا اور معاملات میں تکلیف و مشقت سے بچنا خیر و برکت کا باعث ہے اور یہ بات کسی وضاحت کی محتاج نہیں۔

فوائد و مسائل 534:
➊ جامع ترمذی کی حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سندًا ضعیف قرار دیا ہے، البتہ سنن ابنِ ماجہ میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے اس مسئلے کی بابت یوں مروی ہے، وہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: لوگ اسوقت تک بھلائی پر رہیں گے جب تک روزہ جلدی کھولتے رہیں گے۔ روزہ جلدی کھولا کرو کیونکہ یہودی دیر کرتے ہیں۔ [سنن ابنِ ماجه، الصيام، حديث: 1698]
بنابریں مطلع صاف ہو، گردوغبار اور ابر نہ ہو اور غروبِ آفتاب کا یقین ہو جائے تو پھر روزہ افطار کرنے میں بلاوجہ تاخیر کرنا جائز نہیں۔
➋ تاخیر سے روزہ افطار کرنااہلِ کتاب یہود و نصاریٰ کا طریقہ ہے۔ اور شرح مصابیح میں یہ بھی ہے کہ افطاری میں تاخیر کرنااہلِ بدعت کی علامت ہے، لہٰذا غروبِ آفتاب کے فورًا بعد روزہ افطار کرلینا چاہیے۔
   بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 534   
  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 699  
´افطار میں جلدی کرنے کا بیان۔`
سہل بن سعد رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: لوگ برابر خیر میں رہیں گے ۱؎ جب تک کہ وہ افطار میں جلدی کریں گے ۲؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الصيام/حدیث: 699]
اردو حاشہ:
1؎:
خیر سے مراد دین و دنیا کی بھلائی ہے۔

2؎:
افطار میں جلدی کریں گے،
کا مطلب یہ نہیں ہے کہ سورج ڈوبنے سے پہلے روزہ کھول لیں گے،
بلکہ مطلب یہ ہے کہ سورج ڈوبنے کے بعد روزہ کھولنے میں تاخیر نہیں کریں گے جیسا کہ آج کل احتیاط کے نام پر کیا جاتا ہے۔
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 699