مسند اسحاق بن راهويه
كتاب الصوم -- روزوں کے احکام و مسائل

روزہ افطار کرنے میں جلدی کرنا
حدیث نمبر: 427
اَخْبَرَنَا الْمُعْتَمِرُ بْنُ سُلَیْمَانَ قَالَ: سَمِعْتُ طَلْحَةَ بْنَ عَمْرٍو الْحَضْرَمِیَّ یُحَدِّثُ عَنْ عَطَاءٍ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ، عَنْ رَسُوْلِ اللّٰهِ صَلَّی اللّٰهُ عَلَیْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: اِنَّا مَعْشَرُ الْاَنْبِیَاءِ اُمِرْنَا اَنْ نُعَجِّلَ الْاِفْطَارَ، وَنُؤَخِّرَ السَّحُوْرَ، وَاَنْ نَقْبِضَ بِاِیْمَانَنَا عَلٰی شَمَائِلِنَا فِی الصَّلَاةِ.
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہم انبیاء (علہیم السلام اجمعین) کی جماعت ہیں، ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ ہم (افطاری کا وقت ہوتے ہی) افطار کرنے میں جلدی کریں اور سحری کو مؤخر کریں اور یہ کہ ہم نماز میں اپنے دائیں ہاتھوں کے ساتھ بائیں ہاتھوں کو پکڑیں۔

تخریج الحدیث: «صحيح ابن حبان، رقم: 1770. سن كبري بيهقي: 238/4. صحيح الجامع الصغير، رقم: 2286.»
   الشيخ حافظ عبدالشكور ترمذي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث مسند اسحاق بن راهويه 427  
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہم انبیاء(علیہم السلام) کی جماعت ہیں، ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ ہم (افطاری کا وقت ہوتے ہی) افطار کرنے میں جلدی کریں اور سحری کو مؤخر کریں اور یہ کہ ہم نماز میں اپنے دائیں ہاتھوں کے ساتھ بائیں ہاتھوں کو پکڑیں۔
[مسند اسحاق بن راهويه/حدیث:427]
فوائد:
(1) معلوم ہوا افطاری جلدی اور سحری کو مؤخر کرنا مستحب ہے۔ سیّدنا سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: لوگ ہمیشہ خیر وعافیت سے رہیں گے، جب تک روزہ افطار کرنے میں جلدی کریں گے۔ (بخاري، کتاب الصوم، رقم: 1957۔ مسلم، رقم: 1098)
لوگ روزہ افطار کرنے میں جب تک جلدی کرتے رہیں گے، دین ہمیشہ غالب رہے گا، کیونکہ یہود نصاریٰ تاخیر سے افطار کرتے ہیں۔ (صحیح ابوداود، رقم: 2063) صحابہ کرام رضی اللہ عنہم لوگوں میں سب سے جلدی افطار کرتے اور سب سے تاخیر سے سحری کھاتے۔ (فتح الباري: 4؍ 713)
(2) معلوم ہوا دائیں ہاتھ کو بائیں ہاتھ پر رکھنا چاہیے اور دائیں ہاتھ کے ساتھ بائیں ہاتھ کو پکڑنا چاہیے، جو لوگ تین انگلیاں اوپر رکھ لیتے ہیں یہ درست نہیں، ہاتھوں کو کس جگہ پر رکھنا چاہیے۔ سیّدنا وائل بن حجر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ((صَلَّیْتُ مَعَ رَسُوْلِ اللّٰهِ صلى الله عليه وسلم وَوَضَعَ یَدَهٗ الْیُمْنٰی عَلٰی الْیُسْرٰی عَلٰی صَدْرِهٖ۔)) (صحیح ابن خزیمہ، رقم: 479) .... میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز پڑھی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا دایاں ہاتھ اپنے بائیں ہاتھ پر اپنے سینے پر رکھا۔
سیّدنا ہلب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سینے پر ہاتھ رکھے ہوئے دیکھا۔ (مسند احمد: 5؍ 226)
سیّدنا سہل رضی اللہ عنہ سے مروی ایک روایت میں ہے لوگوں کو حکم دیا جاتا تھا کہ نماز میں دائیں ہاتھ کو اپنے بائیں بازو پر رکھیں۔ (بخاري، کتاب الاذان، رقم: 740)
جب بائیں بازو (یعنی کلائی) پر دایاں ہاتھ رکھا جائے گا تو دونوں ہاتھ ازخود سینے پر آجائیں گے۔
   مسند اسحاق بن راھویہ، حدیث/صفحہ نمبر: 427