صحيح البخاري
كِتَاب تَفْسِيرِ الْقُرْآنِ -- کتاب: قرآن پاک کی تفسیر کے بیان میں
39. بَابُ: {نِسَاؤُكُمْ حَرْثٌ لَكُمْ فَأْتُوا حَرْثَكُمْ أَنَّى شِئْتُمْ وَقَدِّمُوا لأَنْفُسِكُمْ} الآيَةَ:
باب: آیت کی تفسیر ”تمہاری بیویاں تمہاری کھیتی ہیں، سو تم اپنے کھیت میں آؤ جس طرح سے چاہو اور اپنے حق میں آخرت کے لیے کچھ نیکیاں کرتے رہو“۔
حدیث نمبر: 4528
حَدَّثَنَا أَبُو نُعَيْمٍ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ , عَنْ ابْنِ الْمُنْكَدِرِ، سَمِعْتُ جَابِرًا رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ , قَالَ:" كَانَتْ الْيَهُودُ، تَقُولُ: إِذَا جَامَعَهَا مِنْ وَرَائِهَا جَاءَ الْوَلَدُ أَحْوَلَ، فَنَزَلَتْ نِسَاؤُكُمْ حَرْثٌ لَكُمْ فَأْتُوا حَرْثَكُمْ أَنَّى شِئْتُمْ سورة البقرة آية 223".
ہم سے ابونعیم نے بیان کیا، کہا ہم سے سفیان ثوری نے بیان کیا، ان سے محمد بن منکدر نے اور انہوں نے جابر رضی اللہ عنہ سے سنا، انہوں نے بیان کیا کہ یہودی کہتے تھے کہ اگر عورت سے ہمبستری کے لیے کوئی پیچھے سے آئے گا تو بچہ بھینگا پیدا ہو گا۔ اس پر یہ آیت نازل ہوئی «نساؤكم حرث لكم فأتوا حرثكم أنى شئتم‏» کہ تمہاری بیویاں تمہاری کھیتی ہیں، سو اپنے کھیت میں آؤ جدھر سے چاہو۔
  مولانا محمد ابوالقاسم سيف بنارسي حفظ الله، دفاع بخاري، تحت الحديث صحيح بخاري 4527  
´تمہاری بیویاں تمہاری کھیتی ہیں`
«. . . عَنْ ابْنِ عُمَرَ , فَأْتُوا حَرْثَكُمْ أَنَّى شِئْتُمْ، قَالَ:" يَأْتِيهَا فِي . . .»
. . . ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کہ آیت «فَأْتُوا حَرْثَكُمْ أَنَّى شِئْتُمْ» سو تم اپنے کھیت میں آؤ جس طرح چاہو۔ [صحيح البخاري/كِتَاب تَفْسِيرِ الْقُرْآنِ: 4527]

فقہ الحدیث
منکرین حدیث اعتراض کرتے ہوئے کہتے ہیں
قولہ: حدیث سوم: «عن ابن عمر: فاتوا حرثكم أني شئتم قال يأتيها في» اس حدیث میں امام بخاری رحمہ اللہ نے «في» کا مجرور چھوڑ دیا ہے اور وہ «دبر» ہے، اور یہ فلاں فلاں حدیث کے مخالف ہے۔
{أقول:} اے جناب! یہ حدیث نہیں ہے بلکہ ابن عمر رضی اللہ عنہما کا اثر ہے اور «في» کا مجرور «دبر» نہیں ہے، بلکہ «فرج» ہے، چنانچہ حافظ ابن حجر رحمہ الله فتح الباری میں لکھتے ہیں کہ امام حمیدی نے اپنی کتاب «جمع بين الصحيحين» میں اس اثر کو «يأتيها فى الفرج» کے جملہ سے نقل کیا ہے اور حافظ ممدوح فرماتے ہیں کہ میں نے صغانی کے نسخہ کو دیکھا، اس میں برقانی نے «في» کا مجرور «فرج» زیادہ کیا ہے۔ ۱؎

چنانچہ امام بخاری رحمہ اللہ کا بھی یہی مذہب ہے اور اس حدیث میں «في» کا مجرور «فرج» ماننے کے کئی قرینے ہیں:
اول: یہ کہ اثر ابن عمر جس روایت میں «في الدبر» کی تصریح ہے، نافع نے اس روایت سے انکار کیا ہے۔ ۲؎
دوم: یہ کہ سالم بن عبداللہ نے اپنے باپ ابن عمر کے اس قول کا مطلب یہ نقل کیا ہے: «لا بأس أن يوتي فى فروجهن من أدبارهن» ۳؎ [جواھر منیفہ: 100/2]
سوم: یہ کہ سيدنا ابن عمر نے خود اس فعل سے بایں الفاظ انکار کیا ہے: «وهل يفعل ذلك أحد من المسلمين» ۴؎ (جواھر) یعنی کیا اس کو کوئی مسلمان کر سکتا ہے؟
چہارم: یہ کہ «في» کا مجرور «دبر» ماننے سے آیت «حرث لكم» کے مفاد کے خلاف ہو گا۔
پنجم: یہ کہ بقول آپ کے بہت سی احادیث کی مخالفت لازم آتی ہے۔ ۵؎
یہ سب قرائن صاف بتلاتے ہیں کہ حدیث بخاری میں «في» کا مجرور «فرج» ہے نہ «دبر» ۔

باقی رہا ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے «في» کا مجرور «فرج» ذکر کیوں نہیں کر دیا؟ تو جواب اس کا یہ ہے کہ چونکہ «في» کا مجرور محض «فرج» ہی نہیں بلکہ «في فروجهن من أدبارهن» بھی ہے، اس لیے اس کے ذکر میں استکراہ سمجھا اور یہ غایت تہذیب و دانائی ہے۔ ۶؎
------------------
۱؎ لیکن بعد میں حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے «في» کا مجرور «فرج» نکالنے کی تردید کی ہے اور حمیدی کا «فرج» کو مجرور ذکر کرنا ان کا اپنا فہم اور صریح روایت کے مخالف قرار دیا ہے۔ [فتح الباری:189/8]
۲؎ دیکھیں: [السنن الکبریٰ للنسائی:315/5، شرح معاني الآثار:42/3]
۳؎ [تفسير البغوي:259/1 شرح معاني الآثار:42/3]
۴؎ [سنن الدارمي:277/1، شرح معاني الآثار:41/3، غريب الحديث للخطابي:400/2]
۵؎ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ «تحريم إتيان فى الدبر» کے بارے میں وارد احادیث کے متعلق لکھتے ہیں: «قلت لكن طرقها كثيرة فمجموعها صالح للاحتجاج به، ويؤيد القول بالتحريم أنا لو قدمنا أحاديث الإباحة، للزم أنه أبيح بعد أن حرم، والأصل عدمه، فمن الأحاديث الصالحة الإسناد حديث خزيمة بن ثابت أخرجه أحمد والنسائي وبن ماجة وصححه بن حبان وحديث أبى هريرة أخرجه أحمد والترمذي وصححه بن حبان أيضا وحديث بن عباس وقد تقدمت الإشارة إليه وأخرجه الترمذي من وجه آخر بلفظ لا ينظر الله إلى رجل آتي رجلا أو امرأة فى الدبر وصححه ابن حبان أيضا وإذا كان ذلك صلح أن يخصص عموم الآية.» [فتح الباري:191/8، التلخيص الحبير:179/3، إرواء الغليل:68/7، برقم:2006]
۶؎ نیز حافظ ابن حجر رحمہ اللہ مجرور کے عدم ذکر کی وجہ بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں: «وهذا الذى استعمله البخاري، نوع من أنواع البديع يسمى الاكتفاء، ولا بدله من نكتة يحسن سببها استعماله» [فتح الباري:190/8]
   دفاع صحیح بخاری، حدیث/صفحہ نمبر: 126   
  حافظ زبير على زئي رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 4526  
´تمہاری بیویاں تمہاری کھیتی ہیں`
«تَدْرِي فِيمَ أُنْزِلَتْ؟" قُلْتُ: لَا، قَالَ:" أُنْزِلَتْ فِي كَذَا وَكَذَا"، ثُمَّ مَضَى»
معلوم ہے یہ آیت کس کے بارے میں نازل ہوئی تھی؟ میں نے عرض کیا کہ نہیں، فرمایا کہ فلاں فلاں چیز (یعنی عورت سے پیچھے کی طرف سے جماع کرنے کے بارے میں) نازل ہوئی تھی اور پھر تلاوت کرنے لگے۔ [صحيح البخاري/كِتَاب تَفْسِيرِ الْقُرْآنِ: 4526]
منکرین حدیث اس حدیث پر اعتراض کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ حدیث سے معلوم ہوا بعض لوگ اغلام کرتے تھے۔
تبصرہ:
❀ صحیح بخاری میں لکھا ہوا ہے کہ:
«حدثني إسحاق: أخبرنا النضر بن شميل: أخبرنا ابن عون عن نافع قال: كان ابن عمر رضي الله عنهما إذا قرأ القرآن لم يتكلم حتي يفرغ منه، فأخذت عليه يومًا فقرأ سورة البقرة حتي انتهي إلى مكان قال: تدري فيما أنزلت؟ قلت: لا، قال: أنزلت فى كذا وكذا ثم مضي۔ وعن عبدالصمد: حدثني أبى: حدثني أيوب عن نافع عن ابن عمر ﴿فَأْتُوْا حَرْثَكُمْ أَنَّىٰ شِئْتُمْ﴾ قال: يأيتها فى . رواه محمد بن يحيٰي بن سعيد عن أبيه عن عبيدالله عن نافع عن ابن عمر .»
ہمیں اسحاق (بن راہویہ) نے حدیث بیان کی: ہمیں نضر بن شمیل نے خبر دی: ہمیں (عبداللہ) ابن عون نے خبر دی وہ نافع سے بیان کرتے ہیں، کہا: ابن عمر رضی اللہ عنہما جب قرآن پڑھتے تو (قرأت سے) فارغ ہونے تک کوئی کلام نہ کرتے۔ ایک دن میں نے ان کے سامنے (قرآن مجید) لیا تو آپ نے سورۃ البقرہ پڑھی، جب آپ ایک مقام پر پہنچے، فرمایا: تجھے پتا ہے یہ کس کے بارے میں نازل ہوئی ہے؟ میں نے کہا: نہیں، آپ نے فرمایا: یہ اس اس کے بارے میں نازل ہوئی ہے، پھر آپ (تلاوت میں لگ) گئے۔
❀ عبدالصمد (بن عبدالوارث) سے روایت ہے: مجھے میرے ابا (عبدالوارث) نے حدیث بیان کی: مجھے ایوب (سختیانی) نے حدیث بیان کی وہ نافع سے وہ ابن عمر سے روایت کرتے ہیں۔ انہوں نے «فَأْتُوْا حَرْثَكُمْ أَنَّىٰ شِئْتُمْ» اپنی کھیتی کو آؤ جس طرح چاہو۔ [البقرة: 223] کی تشریح میں فرمایا:۔۔۔ میں آئے۔
❀ روایت کیا محمد بن یحییٰ بن سعید (القطان) نے اپنے والد سے انہوں نے عبیداللہ (بن عمر) سے انہوں نے نافع سے انہوں نے ابن عمر سے۔ [صحيح بخاري: 4526، 4527]
↰ اس تفصیل سے معلوم ہوا کہ اس روایت میں بعض لوگ اغلام کرتے تھے۔ کے الفاظ سرے سے موجود ہی نہیں ہیں، لہٰذا منکر حدیث نے صحیح بخاری پر جھوٹ بولا ہے۔
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما کے اس قول کا مطلب یہ ہے کہ اپنی بیوی سے بچہ پیدا ہونے والی جگہ میں جماع کرنا چاہئیے دیکھئے: صحیح بخاری مترجم ترجمہ و تشریح محمد داود راز [100/6] مطبوعہ مکتبہ قدوسیہ لاہور، والسنن الکبریٰ للنسائی [8978 وسنده حسن، دوسرا نسخه: 8929]
↰ لہٰذا اس قول سے لواطت کا جواز ثابت کرنا بہت بڑا جھوٹ ہے۔
   ماہنامہ الحدیث حضرو ، شمارہ 24، حدیث/صفحہ نمبر: 20   
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 4528  
4528. حضرت جابر ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: یہودی کہا کرتے تھے: اگر آدمی اپنی بیوی کے ساتھ اس کے پیچھے سے (فرج میں) مباشرت کرے تو بچہ بھینگا پیدا ہوتا ہے۔ اس وقت یہ آیت نازل ہوئی: "تمہاری بیویاں، تمہاری کھیتی ہیں، لہذا اپنی کھیتی میں جیسے چاہو آؤ۔" [صحيح بخاري، حديث نمبر:4528]
حدیث حاشیہ:
مراد یہ ہے کہ لیٹے، بیٹھے، کھڑے جس طرح چاہو اپنی بیویوں سے جماع کرسکتے ہو۔
دبر میں جماع کرنا شرعا قطعا حرام ہے اور خلاف انسانیت۔
یہ فعل ہے جس کی مذمت میں بہت سی آحادیث وارد ہیں۔
قوم لوط کا یہ فعل تھا کہ وہ لڑکوں سے بد فعلی کرتے تھے۔
اللہ تعالیٰ نے ان پر ایسا عذاب نازل کیا کہ ان کی بستیوں کو تہ و بالا کر دیا اور ایسے بدکار وں کے لیے ان کو عبرت بنا دیا۔
آج بھی بہت سے لوگ ایسی خبیثہ عادت میں مبتلا ہو کر لعنت خدا وندی کے مستحق ہورہے ہیں۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4528   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4528  
4528. حضرت جابر ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: یہودی کہا کرتے تھے: اگر آدمی اپنی بیوی کے ساتھ اس کے پیچھے سے (فرج میں) مباشرت کرے تو بچہ بھینگا پیدا ہوتا ہے۔ اس وقت یہ آیت نازل ہوئی: "تمہاری بیویاں، تمہاری کھیتی ہیں، لہذا اپنی کھیتی میں جیسے چاہو آؤ۔" [صحيح بخاري، حديث نمبر:4528]
حدیث حاشیہ:

ظاہری طور پر یوں محسوس ہوتا ہے کہ حدیث حضرت ابن عمر ؓ کی حدیث کے مطابق ہے لیکن حقیقت کے اعتبار سے ایسا نہیں ہے کیونکہ ایک روایت میں وضاحت ہے کہ جب آدمی پچھلی جانب سے اس کی فرج میں مجامعت کرے تو یہودی کہتے تھے کہ اس سے بچہ بھینگا پیدا ہوگا ایک روایت میں ہے کہ اسے حمل ہو جائے۔
(صحیح مسلم، النکاح، حدیث: 3536۔
(1435)
حمل ہونے کے الفاظ اس بات کا قرینہ ہیں کہ آدمی بیوی سے فرج میں مباشرت کرے۔
کیونکہ دبر میں مباشرت کرنے سے حمل نہیں ہوتا۔
حافظ ابن حجر ؒ نے علامہ اسماعیلی ؒ کے حوالے سے یہ الفاظ بیان کیے ہیں:
عورت کو گھٹنوں کے بل بیٹھا کر اس کی پچھلی جانب سے اس کی فرج میں مباشرت کی جائے۔
(فتح الباري: 241/8)

مختصر یہ ہے کہ مذکورہ روایات حضرت ابن عباس ؓ کی بیان کردہ آیت تفسیر کی تائید کرتی ہیں جس میں انھوں نے حضرت ابن عمرؓ کی بیان کردہ تفسیر کی تردید کی ہے۔

واضح رہے کہ اللہ تعالیٰ نے یہودیوں کے قول کو باطل اور ایک بے بنیاد وہم قرار دیا ہے اور میاں بیوی کو ایک دوسرے سے ہر طرح لطف اندوز ہونے کی اجازت ہے بشرطیکہ وطی فی الدبر سے گریز کیا جائے کیونکہ یہ قوم لوط کا فعل ہے اور اس پر اللہ تعالیٰ نے ایسا عذاب نازل کیا تھا کہ ان کی بستیوں کو تہ و بالا کر ڈالا، مزید یہ بھی شرط ہے کہ ایام حیض میں اس قسم کی لطف اندوزی بھی حرام ہے۔
واللہ اعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4528