صحيح البخاري
كِتَاب فَضَائِلِ الْقُرْآنِ -- کتاب: قرآن کے فضائل کا بیان
8. بَابُ الْقُرَّاءِ مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:
باب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ میں قرآن کے قاری (حافظ) کون کون تھے؟
حدیث نمبر: 5003
حَدَّثَنَا حَفْصُ بْنُ عُمَرَ، حَدَّثَنَا هَمَّامٌ، حَدَّثَنَا قَتَادَةُ، قَالَ:" سَأَلْتُ أَنَسَ بْنَ مَالِكٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ مَنْ جَمَعَ الْقُرْآنَ عَلَى عَهْدِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ؟ قَالَ: أَرْبَعَةٌ، كُلُّهُمْ مِنْ الْأَنْصَارِ: أُبَيُّ بْنُ كَعْبٍ، ومُعَاذُ بْنُ جَبَلٍ، وزَيْدُ بْنُ ثَابِتٍ، وأَبُو زَيْدٍ". تَابَعَهُ الْفَضْلُ، عَنْ حُسَيْنِ بْنِ وَاقِدٍ،عَنْ ثُمَامَةَ، عَنْ أَنَسٍ.
ہم سے حفص بن عمر بن غیاث نے بیان کیا، کہا ہم سے ہمام بن یحییٰ نے بیان کیا، کہا ہم سے قتادہ نے بیان کیا، کہا کہ میں نے انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں قرآن کو کن لوگوں نے جمع کیا تھا، انہوں نے بتلایا کہ چار صحابیوں نے، یہ چاروں قبیلہ انصار سے ہیں۔ ابی بن کعب، معاذ بن جبل، زید بن ثابت اور ابوزید۔ اس روایت کی متابعت فضل نے حسین بن واقد سے کی ہے۔ ان سے ثمامہ نے اور ان سے انس رضی اللہ عنہ نے۔
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5003  
5003. سیدنا قتادہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ میں نے سیدنا انس ؓ سے پوچھا: نبی ﷺ کے عہد مبارک میں قرآن کریم کو کن کن حضرات نے جمع کیا تھا؟ انہوں نے فرمایا کہ چار حضرات نے جمع کیا تھا اور سب انصار سے تھے۔ ابی بن کعب، معاذ بن جبل، زید بن ثابت اور ابو زید ؓ فضل نے حسین بن واقد لیثی سے روایت کرنے میں حفص بن عمر کی متابعت کی ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5003]
حدیث حاشیہ:
(حضرت انس نے یہ اپنی معلومات کی بنا پر کہا ہے۔
ان چار کے علاوہ اور بھی کئی بزرگ صحابی ہیں‘ جنہوں نے بقدر توفیق قرآن مجید جمع فرمایا تھا، حضرت انس کی مراد پورے قرآن مجید سے ہے کہ سارا قرآن صرف ان چار حضرات نے جمع کیا تھا)

   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5003   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5003  
5003. سیدنا قتادہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ میں نے سیدنا انس ؓ سے پوچھا: نبی ﷺ کے عہد مبارک میں قرآن کریم کو کن کن حضرات نے جمع کیا تھا؟ انہوں نے فرمایا کہ چار حضرات نے جمع کیا تھا اور سب انصار سے تھے۔ ابی بن کعب، معاذ بن جبل، زید بن ثابت اور ابو زید ؓ فضل نے حسین بن واقد لیثی سے روایت کرنے میں حفص بن عمر کی متابعت کی ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5003]
حدیث حاشیہ:

حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنی معلومات کے اعتبار سے ایسا کہا ہے کیونکہ ان چار کے علاوہ دیگر بے شمار صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین ہیں جنھوں نے بقدر توفیق الٰہی قرآن جمع کیا تھا۔
یہ بھی ممکن ہے کہ حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا مقصد انصار میں سے قرآن جمع کرنے والے بتانا ہو کہ وہ صرف چار تھے۔
یہ بھی ہو سکتا ہے کہ حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی مراد پورے قرآن مجید سے ہو، یعنی سارا قرآن صرف ان چار حضرات نے جمع کیا تھا۔
بہر حال ہمارے رجحان کے مطابق یہ حصر انصار کے لحاظ سے ہے کہ ان میں سے صرف چار حضرات نے قرآن جمع کیا تھا مہاجرین اور دیگر حضرات کے اعتبار سے یہ حصر نہیں ہے۔
واللہ اعلم۔

حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں کہ اوس اور خزرج کا مقابلہ ہوا تھا۔
جب قبیلہ اوس نے اپنے چار باکمال لوگ ذکر کیے تو قبیلہ خزرج نے اپنے چار حفاظ قرآن کو پیش کیا، جن کا ذکر اس حدیث میں ہوا ہے۔
(فتح الباري: 64/9)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5003