صحيح البخاري
كِتَاب الْأَطْعِمَةِ -- کتاب: کھانوں کے بیان میں
43. بَابُ الْعَجْوَةِ:
باب: عجوہ کھجور کا بیان۔
حدیث نمبر: 5445
حَدَّثَنَا جُمْعَةُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ، حَدَّثَنَا مَرْوَانُ، أَخْبَرَنَا هَاشِمُ بْنُ هَاشِمٍ، أَخْبَرَنَا عَامِرُ بْنُ سَعْدٍ، عَنْ أَبِيهِ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" مَنْ تَصَبَّحَ كُلَّ يَوْمٍ سَبْعَ تَمَرَاتٍ عَجْوَةً لَمْ يَضُرَّهُ فِي ذَلِكَ الْيَوْمِ سُمٌّ وَلَا سِحْرٌ".
ہم سے جمعہ بن عبداللہ نے بیان کیا، انہوں نے کہا ہم سے مروان نے بیان کیا، انہوں نے کہا ہم کو ہاشم بن ہاشم نے خبر دی، انہوں نے کہا ہم کو عامر بن سعد نے خبر دی اور ان سے ان کے والد سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس نے ہر دن صبح کے وقت سات عجوہ کھجوریں کھا لیں، اسے اس دن نہ زہر نقصان پہنچا سکے گا اور نہ جادو۔
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 3876  
´عجوہ کھجور کا بیان۔`
سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو سات عجوہ کھجوریں نہار منہ کھائے گا تو اس دن اسے نہ کوئی زہر نقصان پہنچائے گا، نہ جادو۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب الطب /حدیث: 3876]
فوائد ومسائل:
علامہ خطابی ؒ لکھتے ہیں کہ عجوہ کھجور کا یہ فائدہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی دُعا کی برکت کی وجہ سے ہے۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3876   
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5445  
5445. سیدنا سعد ابی وقاص ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے ہر دن صبح کے وقت سات عجوہ کھجوریں کھا لیں اسے اس روز زہر یا جادو نقصان نہیں پہنچا سکے گا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5445]
حدیث حاشیہ:
سند میں جمعہ بن عبداللہ راوی کی کنیت ابو بکر بلخی ہے اور نام ہے یحییٰ، جمعہ ان کا لقب ہے۔
ابو خاقان بھی ان کی کنیت ہے۔
ان سے ایک یہی حدیث اس کتاب میں مروی ہے اور باقی کتب ستہ کی کتابوں میں ان سے کوئی روایت نہیں ہے۔
عجوہ مدینہ میں ایک عمدہ قسم کی کھجور کا نام ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5445   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5445  
5445. سیدنا سعد ابی وقاص ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے ہر دن صبح کے وقت سات عجوہ کھجوریں کھا لیں اسے اس روز زہر یا جادو نقصان نہیں پہنچا سکے گا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5445]
حدیث حاشیہ:
(1)
عجوہ کھجور سیاہی مائل ہوتی ہے۔
یہ تمام کھجوروں میں عمدہ قسم ہے اور مدینہ طیبہ میں پائی جاتی ہے۔
اسے نہار منہ کھانے سے مذکورہ فائدہ حاصل ہوتا ہے۔
اس کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا کی تھی، اس لیے دعا کی برکت سے یہ تاثیر پائی جاتی ہے۔
اس کی کوئی ذاتی خصوصیت نہیں۔
(عمدةالقاري: 446/14) (2)
اس حدیث کے دیگر فوائد کتاب الطب میں بیان ہوں گے۔
بإذن اللہ تعالیٰ
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5445