صحيح البخاري
كِتَاب الطِّبِّ -- کتاب: دوا اور علاج کے بیان میں
7. بَابُ الْحَبَّةِ السَّوْدَاءِ:
باب: کلونجی کا بیان۔
حدیث نمبر: 5688
حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ بُكَيْرٍ، حَدَّثَنَا اللَّيْثُ، عَنْ عُقَيْلٍ، عَنْ ابْنِ شِهَابٍ، قَالَ: أَخْبَرَنِي أَبُو سَلَمَةَ، وَسَعِيدُ بْنُ الْمُسَيِّبِ، أن أبا هريرة أخبرهما أَنَّهُ سَمِعَ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، يَقُولُ:" فِي الْحَبَّةِ السَّوْدَاءِ شِفَاءٌ مِنْ كُلِّ دَاءٍ، إِلَّا السَّامَ"، قَالَ ابْنُ شِهَابٍ، وَالسَّامُ: الْمَوْتُ، وَالْحَبَّةُ السَّوْدَاءُ: الشُّونِيزُ.
ہم سے یحییٰ بن بکیر نے بیان کیا، انہوں نے کہا ہم سے لیث نے بیان کیا، ان سے عقیل نے بیان کیا، ان سے ابن شہاب نے بیان کیا، انہوں نے کہا کہ مجھے ابوسلمہ اور سعید بن مسیب نے خبر دی اور انہیں ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے خبر دی، انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ سیاہ دانوں میں ہر بیماری سے شفاء ہے سوا «سام» کے۔ ابن شہاب نے کہا کہ «سام» موت ہے اور سیاہ دانہ کلونجی کو کہتے ہیں۔
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5688  
5688. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا، آپ فرما رہے تھے کلونجی میں ہر بیماری سے شفا ہے سوائے سام کے۔ ابن شہاب نے کہا: سام، موت کو کہتے ہیں اور حبہ سوداء کلونجی کا نام ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5688]
حدیث حاشیہ:
فی الواقع موت وقت مقررہ پر آ کر رہتی ہے خواہ کوئی انسان کچھ تدبیر کرے لاکھ دوائیاں استعمال کرے کتنا ہی سرمایہ دار کثیر الوسائل ہو مگر ان میں کوئی چیز ایسی نہیں ہے جو موت کو ٹال سکے سچ ہے۔
﴿کُل نفس ذَائقةُ المَوتِ﴾
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5688   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5688  
5688. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا، آپ فرما رہے تھے کلونجی میں ہر بیماری سے شفا ہے سوائے سام کے۔ ابن شہاب نے کہا: سام، موت کو کہتے ہیں اور حبہ سوداء کلونجی کا نام ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5688]
حدیث حاشیہ:
موت کا وقت مقرر ہے، وہ آ کر رہتی ہے، خواہ کتنی ہی دوا استعمال کر لی جائے۔
اس کا دنیا میں کوئی علاج نہیں ہے۔
کلونجی اپنے عموم کے اعتبار سے ہر بیماری کا علاج ہے، اگرچہ کچھ حضرات کا خیال ہے کہ اس عموم سے خصوص مراد ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک جڑی بوٹی میں تمام خصوصیات جمع نہیں ہو سکتیں جو علاج میں تمام بیماریوں کے لیے شفا کا باعث ہو، لیکن ہمارا تجربہ ہے کہ یہ اپنے عموم پر ہے اور ہر مرض کے لیے اس میں شفا ہے۔
ہم اسے ہر بیماری کے لیے استعمال کرتے ہیں، ابھی تک ہمیں اس میں ناکامی نہیں ہوئی۔
اگر اس کے ساتھ شہد ملا لیا جائے تو سونے پر سہاگا ہے۔
چند سال قبل دارالسلام نے شہد میں کلونجی ملا کر ایک مرکب تیار کیا تھا جو بہت فائدہ مند اور کامیاب تھا۔
اگر پانی کے ساتھ رات سوتے وقت اس کے چند دانے استعمال کر لیے جائیں تو إن شاء اللہ ہر بیماری سے شفا ہو گی۔
اسے مفرد اور مرکب دونوں طرح استعمال کیا جا سکتا ہے۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ شاید حضرت غالب بن ابجر رضی اللہ عنہ زکام میں مبتلا تھے، اس لیے ابن ابی عتیق نے دوا کو ناک میں ٹپکانے کی تجویز دی۔
(فتح الباري: 179/10)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5688