صحيح البخاري
كِتَاب اللِّبَاسِ -- کتاب: لباس کے بیان میں
68. بَابُ الْجَعْدِ:
باب: گھونگھریالے بالوں کا بیان۔
حدیث نمبر: 5905
حَدَّثَنِي عَمْرُو بْنُ عَلِيٍّ، حَدَّثَنَا وَهْبُ بْنُ جَرِيرٍ، قَالَ: حَدَّثَنِي أَبِي، عَنْ قَتَادَةَ، قَالَ: سَأَلْتُ أَنَسَ بْنَ مَالِكٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْ شَعَرِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ:" كَانَ شَعَرُ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رَجِلًا لَيْسَ بِالسَّبِطِ وَلَا الْجَعْدِ، بَيْنَ أُذُنَيْهِ وَعَاتِقِهِ".
مجھ سے عمرو بن علی نے بیان کیا، کہا ہم سے وہب بن جریر نے، کہا کہ مجھ سے میرے والد نے بیان کیا، ان سے قتادہ نے بیان کیا کہ میں نے انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بالوں کے متعلق پوچھا تو انہوں نے کہا کہ آپ کے بال درمیانہ تھے، نہ بالکل سیدھے لٹکے ہوئے اور نہ گھونگھریالے اور وہ کانوں اور مونڈھوں کے بیچ تک تھے۔
  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث3634  
´کان کی لو سے بال نیچے رکھنے اور چوٹیاں رکھنے کا بیان۔`
انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال دونوں کانوں اور مونڈھوں کے درمیان سیدھے تھے ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب اللباس/حدیث: 3634]
اردو حاشہ:
فوائد ومسائل:

(1)
سیدھے کا مطلب یہ ہے کہ بہت زیادہ گھنگریالے نہیں تھے بلکہ ہلکے سے خم دار تھے۔

(2)
جب بال کٹوا لیے جاتے تو کانوں کی لو تک ہوتے تھے جب بڑھ جاتے تو بعض اوقات کندھوں تک پہنچ جاتے تھے۔

(3)
حج اور عمرے کے موقع پر رسول اللہ ﷺسر کے سارے بال اتروا دیتے تھے۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3634   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5905  
5905. حضرت قتادہ سے روایت ہے انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالک ؓ سے رسول اللہ ﷺ کے بالوں کے متعلق دریافت کیا تو انہوں نے فرمایا: رسول اللہ ﷺ کے بال قدرے خمیدہ تھے، نہ الجھے ہوئے انتہائی پیچدا اور نہ تنے ہوئے سیدھے کھڑے تھے۔ اور وہ دونوں کانوں اور کندھوں کے درمیان تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5905]
حدیث حاشیہ:
(1)
بالوں کی تین قسمیں ہیں:
٭ وفرہ:
وہ بال جو کانوں کی لو تک ہوں۔
٭ جمہ:
وہ بال جو کندھوں اور کانوں کے درمیان ہوں۔
٭ لمہ:
وہ بال جو کندھوں تک پہنچ جائیں۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بالوں کی تینوں قسمیں احادیث میں مروی ہیں۔
یہ مختلف اوقات اور مختلف حالات کے اعتبار سے ہے۔
(2)
دراصل آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال خمیدہ تھے۔
آپ جب کنگھی کرتے تو کندھوں تک یا ان کے قریب پہنچ جاتے اور کچھ وقت گزر جانے کے بعد آپ کے بال خم دار ہو جاتے اور کانوں کی لو تک پہنچ جاتے۔
جس نے کنگھی کیے ہوئے بال دیکھے اس نے بیان کیا کہ آپ کے موئے مبارک کندھوں تک تھے اور جس نے دوسری حالت کو دیکھا اس نے کانوں کی لو تک روایت کیا، یعنی ہر راوی نے وہی بتایا جس کا اس نے مشاہدہ کیا۔
واللہ أعلم (فتح الباري: 439/10)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5905