صحيح البخاري
كِتَاب اللِّبَاسِ -- کتاب: لباس کے بیان میں
99. بَابُ الثَّلاَثَةِ عَلَى الدَّابَّةِ:
باب: ایک جانور سواری پر تین آدمیوں کا سوار ہونا۔
حدیث نمبر: 5965
ع) حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ، حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ زُرَيْعٍ، حَدَّثَنَا خَالِدٌ، عَنْ عِكْرِمَةَ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا، قَالَ:" لَمَّا قَدِمَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَكَّةَ اسْتَقْبَلَهُ أُغَيْلِمَةُ بَنِي عَبْدِ الْمُطَّلِبِ فَحَمَلَ وَاحِدًا بَيْنَ يَدَيْهِ وَالْآخَرَ خَلْفَهُ".
ہم سے مسدد نے بیان کیا، کہا ہم سے یزید بن زریع نے بیان کیا، کہا ہم سے خالد حذاء نے بیان کیا، ان سے عکرمہ نے اور ان سے ابن عباس رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مکہ مکرمہ تشریف لائے (فتح کے موقع پر) تو عبدالمطلب کی اولاد نے (جو مکہ میں تھی) آپ کا استقبال کیا۔ (یہ سب بچے ہی تھے) آپ نے از راہ محبت ایک بچے کو اپنے سامنے اور ایک کو اپنے پیچھے بٹھا لیا۔
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5965  
5965. حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ جب نبی ﷺ مکہ مکرمہ تشریف لائے تو بنو عبدالمطلب کے چھوٹے چھوٹے بچوں نے آپ کا استقبال کیا۔ آپ نے ایک کو اپنے آگے اور دوسرے کو اپنے پیچھے بٹھا لیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5965]
حدیث حاشیہ:
اس وقت آپ اونٹ پر سوار تھے۔
جس حدیث میں تین آدمیوں کا ایک سواری پر بیٹھنا منع آیا ہے وہ حدیث ضعیف ہے یا محمول ہے اس حالت پر جانور کمزور وناتواں ہو۔
نووی نے کہا کہ جب جانور طاقت والا ہو تو اکثر علماء کے نزدیک اس پر تین آدمیوں کا سوار ہونا درست ہے جن دو بچوں کو آپ نے سواری پر بیٹھا یا تھا وہ عباس رضی اللہ عنہ کے بیٹے فضل اور قثم تھے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5965   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5965  
5965. حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ جب نبی ﷺ مکہ مکرمہ تشریف لائے تو بنو عبدالمطلب کے چھوٹے چھوٹے بچوں نے آپ کا استقبال کیا۔ آپ نے ایک کو اپنے آگے اور دوسرے کو اپنے پیچھے بٹھا لیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5965]
حدیث حاشیہ:
(1)
جن دو بچوں کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ہمراہ سوار کیا وہ سیدنا عباس رضی اللہ عنہ کے بیٹے حضرت فضل اور حضرت قثم رضی اللہ عنہ تھے جیسا کہ آئندہ ایک حدیث میں صراحت ہے۔
(صحیح البخاري، حدیث: 5966)
ایک حدیث میں سواری پر تین آدمیوں کو ایک ساتھ بٹھانے کی ممانعت ہے، وہ حدیث ضعیف ہے، (مجمع الزوائد: 8/109، رقم: 13236، و سلسلة الأحادیث الضعیفة: 1/706، رقم: 493)
بصورت صحت اس کے معنی یہ ہیں کہ جب جانور کمزور ہو تو اس پر تین آدمی نہ بیٹھیں اور اگر وہ سواری تین آدمیوں کو اٹھا سکتی ہے تو اس پر تین آدمی بیٹھ سکتے ہیں جیسا کہ پیش کردہ حدیث میں ہے۔
(2)
چونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اونٹنی پر سوار تھے اور اونٹنی طاقتور جانور ہے، لہذا اس پر تین آدمیوں کا بیٹھنا منع نہیں ہے، لیکن گدھا اس قدر طاقتور نہیں ہوتا کہ اس پر تین آدمی بیٹھیں، لہذا اس قسم کی سواری پر تین آدمی اکٹھے سوار نہ ہوں۔
(فتح الباري: 496/10)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5965