صحيح البخاري
كِتَاب الْأَدَبِ -- کتاب: اخلاق کے بیان میں
12. بَابُ مَنْ بُسِطَ لَهُ فِي الرِّزْقِ بِصِلَةِ الرَّحِمِ:
باب: ناطہٰ والوں سے نیک سلوک کرنا رزق میں فراخی کا ذریعہ بنتا ہے۔
حدیث نمبر: 5986
حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ بُكَيْرٍ، حَدَّثَنَا اللَّيْثُ، عَنْ عُقَيْلٍ، عَنِ ابْنِ شِهَابٍ، قَالَ: أَخْبَرَنِي أَنَسُ بْنُ مَالِكٍ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ:" مَنْ أَحَبَّ أَنْ يُبْسَطَ لَهُ فِي رِزْقِهِ وَيُنْسَأَ لَهُ فِي أَثَرِهِ فَلْيَصِلْ رَحِمَهُ".
ہم سے یحییٰ بن بکیر نے بیان کیا، کہا ہم سے لیث بن سعد نے بیان کیا، ان سے عقیل نے، ان سے ابن شہاب نے بیان کیا، کہا کہ مجھے انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے خبر دی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو چاہتا ہو کہ اس کے رزق میں فراخی ہو اور اس کی عمردراز ہو تو وہ صلہ رحمی کیا کرے۔
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 1693  
´رشتے داروں سے صلہ رحمی (اچھے برتاؤ) کا بیان۔`
انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس کے لیے یہ بات باعث مسرت ہو کہ اس کے رزق میں اور عمر میں درازی ہو جائے تو اسے چاہیئے کہ وہ صلہ رحمی کرے (یعنی قرابت داروں کا خیال رکھے)۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب الزكاة /حدیث: 1693]
1693. اردو حاشیہ: اللہ عزوجل کا علم اٹل ہے۔ اور ا س نے ہر ہر انسان کی عمر اورتقدیر بھی لکھی ہوئی ہے۔ مگر جیسا کہ علماء نے لکھا ہے کہ تقدیر کے دو پہلو ہیں۔ ایک وہ علم جو قطعی ہے۔اسے تقدیر مبرم کہتے ہیں۔اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوتی۔ دوسرا وہ جس میں اللہ نے بعض چیزوں کو بعض چیزوں کے ساتھ مشروط (معلق) رکھا ہے۔اس میں تبدیلی کی گنجائش ہوتی ہے۔مثلا فرشتوں کو بتایا جاتا ہے۔کہ اس کی عمر ساٹھ سال ہے۔ لیکن اگر وہ صلہ رحمی جیسے اعمال حسنہ کرے۔ تو اس کی عمر میں اتنا مذید اضافہ کردیا جائے۔مثلا اس کی عمر نوےسال کردی جائے۔ اسے تقدیر معلق کہتے ہیں۔ اور یہ بھی پہلے سے ہی اللہ کے علم میں ہوتی ہے۔ اگر بندہ یہ اعمال نہ کرے تو اضافہ نہیں کیا جاتا اور یہ بھی اللہ تعالیٰ کے علم میں ہوتا ہے۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1693   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5986  
5986. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو چاہتا ہے کہ اس کے رزق میں فراخی ہو اور اس کی عمر لمبی ہو تو وہ صلہ کرے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5986]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث سے صلہ رحمی کے دو فائدے بیان ہوئے ہیں:
ایک رزق میں وسعت اور دوسرا عمر میں برکت۔
ایک حدیث میں مزید دوفائدے بھی ذکر ہوئے ہیں کہ اس سے رشتے دار محبت کرتے ہیں، مال میں اضافہ ہوتا ہے اور زندگی میں برکت ہوتی ہے۔
(جامع الترمذي، البروالصلة، حدیث: 1979) (2)
عمر میں برکت اور رزق میں اضافے کے کئی مفہوم ہیں جن کی تفصیل حسب ذیل ہے:
٭ صلہ رحمی کرنے والے کی عمر میں حقیقت کے اعتبار سے اضافہ ہوتا ہے اور اس کا رزق بھی بڑھ جاتا ہے۔
٭اس کی عمر میں برکت ہوتی ہے کہ اس کےاوقات ضائع نہیں ہوتے بلکہ تھوڑے وقت میں زیادہ نیکی کر لیتا ہے۔
٭ایسے اعمال کرنے کی توفیق ملتی ہے کہ مرنے کے بعد بھی اس کا ذکر خیر دوسروں میں باقی رہتا ہے۔
بہرحال صلہ رحمی کا اصل اجرو ثواب تو قیامت کے دن ملے گا مگر دنیا میں بھی اس کے مذکورہ فوائد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بتائے ہیں۔
(3)
اس سے معلوم ہوا کہ اگر کسی کے ذہن میں نیکی کرتے وقت آخرت کے اجروثواب کے ساتھ دنیا میں بھی اس عمل کا فائدہ پہنچنے کی نیت ہوتو اس میں کوئی حرج نہیں۔
واللہ أعلم
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5986