صحيح البخاري
كِتَاب الْأَدَبِ -- کتاب: اخلاق کے بیان میں
72. بَابُ مَنْ لَمْ يُوَاجِهِ النَّاسَ بِالْعِتَابِ:
باب: غصہ میں جن پر عتاب ہے ان کو مخاطب نہ کرنا۔
حدیث نمبر: 6102
حَدَّثَنَا عَبْدَانُ، أَخْبَرَنَا عَبْدُ اللَّهِ، أَخْبَرَنَا شُعْبَةُ، عَنْ قَتَادَةَ، سَمِعْتُ عَبْدَ اللَّهِ هُوَ ابْنُ أَبِي عُتْبَةَ مَوْلَى أَنَسٍ، عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ، قَالَ: كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" أَشَدَّ حَيَاءً مِنَ الْعَذْرَاءِ فِي خِدْرِهَا، فَإِذَا رَأَى شَيْئًا يَكْرَهُهُ عَرَفْنَاهُ فِي وَجْهِهِ".
ہم سے عبدان نے بیان کیا، کہا ہم سے عبداللہ بن مبارک نے، کہا ہم کو شعبہ نے خبر دی، انہیں قتادہ نے، کہا میں نے عبداللہ بن عتبہ سے سنا، جو انس رضی اللہ عنہ کے غلام ہیں کہ ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کنواری لڑکیوں سے بھی زیادہ شرمیلے تھے، جب آپ کوئی ایسی چیز دیکھتے جو آپ کو ناگوار ہوتی تو ہم آپ کے چہرے مبارک سے سمجھ جاتے تھے۔
  الشيخ محمد حسين ميمن حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 6102  
´غصہ میں جن پر عتاب ہے ان کو مخاطب نہ کرنا`
«. . . عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ، قَالَ: كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" أَشَدَّ حَيَاءً مِنَ الْعَذْرَاءِ فِي خِدْرِهَا، فَإِذَا رَأَى شَيْئًا يَكْرَهُهُ عَرَفْنَاهُ فِي وَجْهِهِ . . .»
. . . ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کنواری لڑکیوں سے بھی زیادہ شرمیلے تھے، جب آپ کوئی ایسی چیز دیکھتے جو آپ کو ناگوار ہوتی تو ہم آپ کے چہرے مبارک سے سمجھ جاتے تھے۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الْأَدَبِ: 6102]
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 6102 کا باب: «بَابُ مَنْ لَمْ يُوَاجِهِ النَّاسَ بِالْعِتَابِ:»

باب اور حدیث میں مناسبت:
امام عالی مقام امام بخاری رحمہ اللہ نے ترجمۃ الباب میں فرمایا کہ غصہ میں جن پر عتاب ہوا انہیں مخاطب نہ کرنا، تحت الباب سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا اور سیدنا ابوسعید رضی اللہ عنہ سے حدیث نقل فرمائی، حدیث سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے باب کی مطابقت ظاہر ہے، مگر سیدنا ابوسعید الخدری رضی اللہ عنہ کی حدیث سے باب کی مطابقت کچھ مشکل ہے، کیوں کہ حدیث میں مخاطب کرنے کا کوئی ذکر نہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جن پر غصہ ہوتے انہیں مخاطب کرتے یا نہ کرتے، چنانچہ علامہ عینی رحمہ اللہ باب اور حدیث میں مناسبت دیتے ہوئے فرماتے ہیں:
«مطابقة للترجمة من حيث إنه لشدة حيائه لا يعاتب أحدًا فى وجهه.»
یعنی آپ صلی اللہ علیہ وسلم میں حیاء بہت زیادہ تھی اسی لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کسی کو شخصی طور پر مخاطب کر کے نہیں ڈانٹتے تھے۔
محمد زکریا کاندھلوی رحمہ اللہ باب اور حدیث میں مناسبت دیتے ہوئے لکھتے ہیں:
امام بخاری رحمہ اللہ ترجمۃ الباب کے ذریعے اس حدیث کی طرف اشارہ فرما رہے ہیں جسے امام ابوداؤد رحمہ اللہ نے سنن ابی داؤد، کتاب الادب، باب حسن العشرۃ، (رقم الحدیث: 4788-4789) میں ذکر فرمایا ہے: ام المومنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی ہیں کہ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو کسی آدمی سے کوئی بری بات پہنچتی تو آپ یوں نہ فرماتے کہ کیا حال ہے فلاں کا؟ بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم یوں کہتے: کیا حال ہے لوگوں کا، وہ یوں یوں کہتے ہیں۔(1)
شیخ الحدیث صاحب کے مطابق امام بخاری رحمہ اللہ نے ترجمۃ الباب میں جو مفہوم واضح کرنے کی کوشش فرمائی ہے اس کی مؤید ابوداؤد کی حدیث ہے، یعنی ابوداؤد کی حدیث کی طرف بھی امام بخاری رحمہ اللہ کا اشارہ مقصود ہے۔
لہذا ترجمۃ الباب سے حدیث کی مناسبت یوں قائم ہوتی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کسی متعین شخص کو مخاطب فرما کر عتاب نہیں فرماتے تھے، بلکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے چہرہ مبارک سے اس عمل کا ناپسندیدہ ہونا پہچان لیتے، جیسا کہ ابوسعید الخدری رضی اللہ عنہ کی حدیث سے واضح ہے، پس یہیں سے باب اور حدیث میں مطابقت ہے۔
   عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد دوئم، حدیث/صفحہ نمبر: 188   
  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث4180  
´شرم و حیاء کا بیان۔`
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم باپردہ کنواری لڑکی سے بھی زیادہ شرمیلے تھے، اور جب آپ کو کوئی چیز ناگوار لگتی تو آپ کے چہرے پر اس کا اثر ظاہر ہو جاتا تھا۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4180]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
حیا انسان کی ایک فطری خوبی ہے۔
بے حیائی انسان کے لیے خلاف فطرت کیفیت ہے جو شیطان کے ورگلانے سے پیدا ہوتی ہے۔

(2)
  ناگوار گزرنے والی بات کو برداشت کرنا اور اس کا کھل کر اظہار نہ کرنا بھی حیا میں شامل ہے تاہم اگر کوئی خلاف شرع بات ہوتو خاموش رہنا حیا میں شامل نہیں اس وقت مناسب اندازسے اظہار ضروری ہے۔

(3)
اہل عرب میں یہ رواج تھا کہ جب ل {کی بالغ ہوتی تو وہ گھر میں اس کمرے میں زیادہ وقت گزارتی جہاں اسے تنہائی میسر ہو۔
شادی تک یہی کیفیت رہتی۔
اس کمرے کو (خدر)
کہتے تھے اس لیے خدر والی کا ترجمہ پردہ نشین کیا گیاہے-
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 4180   
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6102  
6102. حضرت ابو سعید خدری ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ پردہ نشین کنواری لڑکیوں سے کہیں زیادہ حیا دار تھے۔ جب آپ کوئی ایسی چیز دیکھتے جو آپ کو ناگوار ہوتی تو ہم اسے آپ کے چہرہ انور سے معلوم کر لیتے تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6102]
حدیث حاشیہ:
گو مروت اور شرم کی وجہ سے آپ زبان سے کچھ نہ فرماتے اس لئے آپ نے شرم کو ایمان کا ایک جزو قرار دیا جس کا عکس یہ ہے کہ بے شرم آدمی کا ایمان کمزور ہو جاتا ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6102   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6102  
6102. حضرت ابو سعید خدری ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ پردہ نشین کنواری لڑکیوں سے کہیں زیادہ حیا دار تھے۔ جب آپ کوئی ایسی چیز دیکھتے جو آپ کو ناگوار ہوتی تو ہم اسے آپ کے چہرہ انور سے معلوم کر لیتے تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6102]
حدیث حاشیہ:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اگر کوئی ناگوار کام یا بات ملاحظہ کرتے تھے تو مروت اور شرم کی وجہ سے آپ زبان سے کچھ نہ فرماتے بلکہ ناگواری آپ کے چہرے کی تبدیلی سے معلوم ہوتی تھی، اسی طرح جب کسی کو تنبیہ کرنا مقصود ہوتا تو اس کو معین کر کے تنبیہ نہ فرماتے اور نہ اس کا سرعام نام ہی لیتے بلکہ آپ کا خطاب عام ہوتا تھا۔
اس شخص کا نام لینے سے حیا مانع ہوتی، اس لیے آپ نام لیے بغیر اصلاح کا فریضہ سرانجام دیتے تھے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6102