صحيح البخاري
كِتَاب الِاسْتِئْذَانِ -- کتاب: اجازت لینے کے بیان میں
27. بَابُ الْمُصَافَحَةِ:
باب: مصافحہ کا بیان۔
حدیث نمبر: 6264
حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ سُلَيْمَانَ، قَالَ: حَدَّثَنِي ابْنُ وَهْبٍ، قَالَ: أَخْبَرَنِي حَيْوَةُ، قَالَ: حَدَّثَنِي أَبُو عَقِيلٍ زُهْرَةُ بْنُ مَعْبَدٍ، سَمِعَ جَدَّهُ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ هِشَامٍ، قَالَ:" كُنَّا مَعَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَهُوَ آخِذٌ بِيَدِ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ".
ہم سے یحییٰ بن سلیمان نے بیان کیا، انہوں نے کہا کہ مجھ سے ابن وہب نے بیان کیا، انہوں نے کہا کہ مجھے حیوہ نے خبر دی، کہا کہ مجھ سے ابوعقیل زہرہ بن معبد نے بیان کیا، انہوں نے اپنے دادا عبداللہ بن ہشام رضی اللہ عنہ سے سنا، انہوں نے بیان کیا کہ ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کا ہاتھ پکڑے ہوئے تھے۔
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6264  
6264. حضرت عبد اللہ بن ہشام ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ہمراہ تھے جبکہ آپ ﷺ حضرت عمر بن خطاب ؓ کا ہاتھ پکڑے ہوئے تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6264]
حدیث حاشیہ:
(1)
امام بخاری رحمہ اللہ نے دوسرے مقام پر اس حدیث کو مفصل طور پر بیان کیا ہے۔
(صحیح البخاري، الأیمان والنذور، حدیث: 6632)
اہل لغت نے مصافحہ کی تعریف ان الفاظ میں کی ہے:
مصافحہ، باب مفاعلہ سے ہے۔
اس سے مراد ہتھیلی کا اندرونی حصہ دوسرے کی ہتھیلی کے اندرونی حصے سے ملانا ہے۔
(النھایة: 43/3)
امام بخاری رحمہ اللہ کی پیش کردہ حدیث سے بھی یہی صورت سامنے آتی ہے کیونکہ جب ہاتھ پکڑا جاتا ہے تو ایک ہاتھ کی ہتھیلی دوسرے کی ہتھیلی سے مل جاتی ہے۔
(فتح الباري: 67/11) (2)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے ہاتھ کو پکڑنا مصافحہ ہی کی ایک صورت ہے، اس لیے امام بخاری رحمہ اللہ نے اس حدیث کو مصافحہ کے عنوان کے تحت بیان کیا ہے، چنانچہ ایک حدیث میں اس کی مزید وضاحت ہے۔
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
جب دو مسلمان آپس میں ملتے ہیں اور ان میں ایک، اپنے دوسرے ساتھی کا ہاتھ پکڑتا ہے تو اللہ تعالیٰ پر یہ حق ہے کہ ان کی دعاؤں پر توجہ دے اور ان کے ہاتھ الگ الگ ہونے سے پہلے پہلے انھیں معاف کردے۔
(مسند أحمد: 142/3)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6264