صحيح البخاري
كِتَاب الدَّعَوَاتِ -- کتاب: دعاؤں کے بیان میں
16. بَابُ مَا يَقُولُ إِذَا أَصْبَحَ:
باب: صبح کے وقت کیا دعا پڑھے۔
حدیث نمبر: 6325
حَدَّثَنَا عَبْدَانُ، عَنْ أَبِي حَمْزَةَ، عَنْ مَنْصُورٍ، عَنْ رِبْعِيِّ بْنِ حِرَاشٍ، عَنْ خَرَشَةَ بْنِ الحُرِّ، عَنْ أَبِي ذَرٍّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، قَالَ: كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ" إِذَا أَخَذَ مَضْجَعَهُ مِنَ اللَّيْلِ، قَالَ: اللَّهُمَّ بِاسْمِكَ أَمُوتُ وَأَحْيَا، فَإِذَا اسْتَيْقَظَ، قَالَ: الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي أَحْيَانَا بَعْدَ مَا أَمَاتَنَا وَإِلَيْهِ النُّشُورُ".
ہم سے عبداللہ نے بیان کیا، ان سے ابوحمزہ محمد بن میمون نے، ان سے منصور بن معمر نے، ان سے ربعی بن حراش نے، ان سے خرشہ بن الحر نے اور ان سے ابوذر غفاری رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رات میں اپنی خواب گاہ پر جاتے تو کہتے «اللهم باسمك أموت وأحيا» اے اللہ! میں تیرے ہی نام سے مرتا ہوں اور تیرے ہی نام سے زندہ ہوتا ہوں۔ اور جب بیدار ہوتے تو فرماتے «الحمد لله الذي أحيانا بعد ما أماتنا وإليه النشور‏"‏‏.‏» تمام تعریفیں اس اللہ کے لیے ہیں جس نے ہمیں موت کے بعد زندگی بخشی اور اسی کی طرف ہم کو جانا ہے۔
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6325  
6325. حضرت ابو ذر ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ جب اپنی خواب گاہ میں جاتے تو کہتے: اے اللہ میں تیرے ہی نام سے سوتا اور بیدار ہوتا ہوں۔ اور جب بیدار ہوتے تو فرماتے: تمام تعریفیں اس اللہ کے لیے جس نے مجھے مارنے کے بعد زندہ کیا اور اسی کی طرف واپس جانا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6325]
حدیث حاشیہ:
سونے سے پہلے نماز والا وضو کرنا، اپنا دایاں ہاتھ دائیں رخسار کے نیچے رکھ کر دائیں کروٹ پر لیٹنا، مسنون دعائیں یا ان میں سے کوئی ایک دعا پڑھنا انتہائی تاکیدی سنتیں ہیں۔
بہتر ہے کہ دعا پڑھنے کے بعد کوئی گفتگو نہ کی جائے۔
واللہ أعلم
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6325