صحيح البخاري
كِتَاب الرِّقَاقِ -- کتاب: دل کو نرم کرنے والی باتوں کے بیان میں
51. بَابُ صِفَةِ الْجَنَّةِ وَالنَّارِ:
باب: جنت و جہنم کا بیان۔
حدیث نمبر: 6565
حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ، حَدَّثَنَا أَبُو عَوَانَةَ، عَنْ قَتَادَةَ، عَنْ أَنَسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" يَجْمَعُ اللَّهُ النَّاسَ يَوْمَ الْقِيَامَةِ، فَيَقُولُونَ: لَوِ اسْتَشْفَعْنَا عَلَى رَبِّنَا حَتَّى يُرِيحَنَا مِنْ مَكَانِنَا، فَيَأْتُونَ آدَمَ، فَيَقُولُونَ: أَنْتَ الَّذِي خَلَقَكَ اللَّهُ بِيَدِهِ، وَنَفَخَ فِيكَ مِنْ رُوحِهِ، وَأَمَرَ الْمَلَائِكَةَ فَسَجَدُوا لَكَ، فَاشْفَعْ لَنَا عِنْدَ رَبِّنَا، فَيَقُولُ: لَسْتُ هُنَاكُمْ وَيَذْكُرُ خَطِيئَتَهُ، وَيَقُولُ: ائْتُوا نُوحًا أَوَّلَ رَسُولٍ بَعَثَهُ اللَّهُ، فَيَأْتُونَهُ، فَيَقُولُ: لَسْتُ هُنَاكُمْ وَيَذْكُرُ خَطِيئَتَهُ، ائْتُوا إِبْرَاهِيمَ الَّذِي اتَّخَذَهُ اللَّهُ خَلِيلًا، فَيَأْتُونَهُ، فَيَقُولُ: لَسْتُ هُنَاكُمْ وَيَذْكُرُ خَطِيئَتَهُ، ائْتُوا مُوسَى الَّذِي كَلَّمَهُ اللَّهُ، فَيَأْتُونَهُ، فَيَقُولُ: لَسْتُ هُنَاكُمْ فَيَذْكُرُ خَطِيئَتَهُ، ائْتُوا عِيسَى، فَيَأْتُونَهُ، فَيَقُولُ: لَسْتُ هُنَاكُمْ، ائْتُوا مُحَمَّدًا صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَدْ غُفِرَ لَهُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِهِ وَمَا تَأَخَّرَ، فَيَأْتُونِي فَأَسْتَأْذِنُ عَلَى رَبِّي، فَإِذَا رَأَيْتُهُ وَقَعْتُ سَاجِدًا، فَيَدَعُنِي مَا شَاءَ اللَّهُ، ثُمَّ يُقَالُ لِي: ارْفَعْ رَأْسَكَ، سَلْ تُعْطَهْ، وَقُلْ يُسْمَعْ، وَاشْفَعْ تُشَفَّعْ، فَأَرْفَعُ رَأْسِي، فَأَحْمَدُ رَبِّي بِتَحْمِيدٍ يُعَلِّمُنِي، ثُمَّ أَشْفَعُ فَيَحُدُّ لِي حَدًّا، ثُمَّ أُخْرِجُهُمْ مِنَ النَّارِ وَأُدْخِلُهُمُ الْجَنَّةَ، ثُمَّ أَعُودُ فَأَقَعُ سَاجِدًا مِثْلَهُ، فِي الثَّالِثَةِ أَوِ الرَّابِعَةِ، حَتَّى مَا بَقِيَ فِي النَّارِ، إِلَّا مَنْ حَبَسَهُ الْقُرْآنُ"، وَكَانَ قَتَادَةُ، يَقُولُ: عِنْدَ هَذَا، أَيْ وَجَبَ عَلَيْهِ الْخُلُودُ.
ہم سے مسدد بن مسرہد نے بیان کیا، کہا ہم سے ابوعوانہ نے، ان سے قتادہ نے اور ان سے انس رضی اللہ عنہ نے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ قیامت کے دن لوگوں کو جمع کرے گا۔ اس وقت لوگ کہیں گے کہ اگر ہم اپنے رب کے حضور میں کسی کی شفاعت لے جائیں تو نفع بخش ثابت ہو سکتی ہے۔ ممکن ہے ہم اپنی اس حالت سے نجات پا جائیں۔ چنانچہ لوگ آدم علیہ السلام کے پاس آئیں گے اور عرض کریں گے آپ ہی وہ بزرگ نبی ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے بنایا اور آپ کے اندر اپنی چھپائی ہوئی روح پھونکی اور فرشتوں کو حکم دیا تو انہوں نے آپ کو سجدہ کیا، آپ ہمارے رب کے حضور میں ہماری شفاعت کریں۔ وہ کہیں گے کہ میں تو اس لائق نہیں ہوں، پھر وہ اپنی لغزش یاد کریں گے اور کہیں گے کہ نوح کے پاس جاؤ، وہ سب سے پہلے رسول ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے بھیجا۔ لوگ نوح علیہ السلام کے پاس آئیں گے لیکن وہ بھی یہی جواب دیں گے کہ میں اس لائق نہیں ہوں۔ وہ اپنی لغزش کا ذکر کریں گے اور کہیں کہ تم ابراہیم کے پاس جاؤ جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنا خلیل بنایا تھا۔ لوگ ان کے پاس آئیں گے لیکن یہ بھی یہی کہیں گے کہ میں اس لائق نہیں ہوں، اپنی خطا کا ذکر کریں گے اور کہیں گے کہ تم لوگ موسیٰ کے پاس جاؤ جن سے اللہ تعالیٰ نے کلام کیا تھا۔ لوگ موسیٰ علیہ السلام کے پاس جائیں گے لیکن وہ بھی یہی جواب دیں گے کہ میں اس لائق نہیں ہوں، اپنی خطا کا ذکر کریں گے اور کہیں گے کہ عیسیٰ علیہ السلام کے پاس جاؤ۔ لوگ عیسیٰ علیہ السلام کے پاس جائیں گے، لیکن یہ بھی کہیں گے کہ میں اس لائق نہیں ہوں، محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جاؤ کیونکہ ان کے تمام اگلے پچھلے گناہ معاف کر دئیے گئے ہیں۔ چنانچہ لوگ میرے پاس آئیں گے۔ اس وقت میں اپنے رب سے (شفاعت کی) اجازت چاہوں گا اور سجدہ میں گر جاؤں گا۔ اللہ تعالیٰ جتنی دیر تک چاہے گا مجھے سجدہ میں رہنے دے گا۔ پھر کہا جائے گا کہ اپنا سر اٹھا لو، مانگو دیا جائے گا، کہو سنا جائے گا، شفاعت کرو، شفاعت قبول کی جائے گی۔ میں اپنے رب کی اس وقت ایسی حمد بیان کروں گا کہ جو اللہ تعالیٰ مجھے سکھائے گا۔ پھر شفاعت کروں گا اور میرے لیے حد مقرر کر دی جائے گی اور میں لوگوں کو جہنم سے نکال کر جنت میں داخل کر دوں گا اور اسی طرح سجدہ میں گر جاؤں گا، تیسری یا چوتھی مرتبہ جہنم میں صرف وہی لوگ باقی رہ جائیں گے جنہیں قرآن نے روکا ہے (یعنی جن کے جہنم میں ہمیشہ رہنے کا ذکر قرآن میں صراحت کے ساتھ ہے) قتادہ رحمہ اللہ اس موقع پر کہا کرتے کہ اس سے وہ لوگ مراد ہیں جن پر جہنم میں ہمیشہ رہنا واجب ہو گیا ہے۔
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6565  
6565. حضرت انس ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ لوگوں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالٰی قیامت کے دن لوگوں کو جمع کرے گا۔ اس وقت لوگ کہیں گے: اگر ہم اپنے رب کے حضور کسی کی سفارش لے جائیں تو ممکن ہے کہ ہم اس حالت سے نجات پا جائیں، چنانچہ وہ حضرت آدم ؑ کے پاس آئیں گے اور عرض کریں گے: آپ ہی وہ نبی ہیں جنہیں اللہ تعالٰی نے اپنے ہاتھ سے بنایا، آپ کے اندر اپنی طرف سے روح پھونکی پھر فرشتوں کو حکم دیا تو انہوں نے آپ کو سجدہ کیا، لہذا رب کے حضور ہمارے لیے سفارش کر دیں۔ وہ کہیں گے: میں تو اس لائق نہیں پھر وہ اپنی لغزش کا ذکر کر کے کہیں گے: تم نوح ؑ کے پاس جاؤ، وہ پہلے رسول ہیں جنہیں اللہ تعالٰی نے مبعوث فرمایا: چنانچہ لوگ حضرت نوح ؑ کے پاس آئیں گے تو وہ بھی یہی جواب دیں گے کہ میں اس پوزیشن میں نہیں ہوں۔ وہ اپنی ایک لغزش ذکر کر کے کہیں گے: تم ابراہیم ؑ کے پاس۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:6565]
حدیث حاشیہ:
یہاں شفاعت سے وہ شفاعت مراد ہے جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم دوزخ والوں کی خبر سن کر امتی امتی فرمائیں گے۔
پھر ان سب لوگوں کو جہنم سے نکالیں گے۔
جن میں ذرہ برابر بھی ایمان ہوگا۔
لیکن وہ شفاعت جو میدان حشر سے بہشت میں لے جانے کے لیے ہوگی وہ پہلے ان لوگوں کو نصیب ہوگی جو بغیر حساب و کتاب کے بہشت میں جائیں گے۔
پھر ان کے بعد ان لوگوں کو جو حساب کے بعد بہشت میں جائیں گے۔
قاضی عیاض نے کہا کہ شفاعتیں پانچ ہوں گی۔
ایک تو حشر کی تکالیف سے نجات دینے کے لیے، یہ ہمارے پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم سے خاص ہے۔
اس کو شفاعت عظمیٰ کہتے ہیں اور مقام محمود بھی اسی مرتبہ کا نام ہے۔
دوسری شفاعت بعض لوگوں کو بے حساب جنت میں لے جانے کے لیے، تیسری حساب کے بعد ان لوگوں کو جو عذاب کے لائق ٹھہریں گے ان کو بے عذاب جنت میں لے جانے کے لیے۔
چوتھی شفاعت ان گنہگاروں کے لیے جو دوزخ میں ڈال دیے جائیں گے، ان کو نکالنے کے لیے۔
پانچویں شفاعت جنتیوں کی ترقی درجات کے لیے ہوگی۔
انبیاء کرام نے اپنی اپنی جن لغزشوں کا ذکر کیا وہ لغزشیں ایسی ہیں جو اللہ کی طرف سے معاف ہوچکی ہیں لیکن پھر بھی بڑوں کا مقام بڑا ہوتا ہے، اللہ پاک کو حق ہے وہ چاہے تو ان لغزشوں پر ان کو گرفت میں لے لے۔
اس خطرے کی بنا پر انبیاء کرام نے وہ جوابات دیے جو اس حدیث میں مذکور ہیں۔
آخری معاملہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر ٹھہرا لیا۔
وہ مقام محمود ہے جو اللہ نے آپ کو عطا فرمایا ہے۔
﴿عسی ان یبعثک ربک مقاما محمودا﴾ (بني إسرائیل: 76)
قرآن نے جن کو جہنم کے لیے ہمیشہ کے واسطے روکا ان سے مراد مشرکین ہیں۔
﴿ان اللہ لا یغفران یشرک بہ﴾ (النساء: 47)
حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ہی کو شفاعت کا اہل سمجھا۔
حافظ ابن حجر اس موقع پر فرماتے ہیں۔
ثم احتج عیسیٰ بأنه صاحب الشفاعة لأنه قد غفرله ماتقدم من ذنبه وما تأخر بمعنی أن اللہ أخبر أنه لا یواخذہ بذنبه لو وقع منه و هذا من النفائس التي فتح اللہ بها في فتح الباري فلله الحمد۔
یعنی یہ اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اگلے پچھلے سارے گناہ معاف کر دیے ہیں۔
اس معنی سے بے شک اللہ تعالیٰ آپ کو یہ خبر دے چکا ہے کہ اگر آپ سے کوئی گناہ واقع ہو بھی جائے تو اللہ آپ سے اس کے بارے میں مواخذہ نہیں کرے گا۔
اس لیے شفاعت کا منصب درحقیقت آپ ہی کے لیے ہے۔
یہ ایک نہایت نفیس وضاحت ہے جو اللہ نے اپنے فضل سے فتح الباری میں کھولی ہے (فتح الباری)
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6565   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6565  
6565. حضرت انس ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ لوگوں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالٰی قیامت کے دن لوگوں کو جمع کرے گا۔ اس وقت لوگ کہیں گے: اگر ہم اپنے رب کے حضور کسی کی سفارش لے جائیں تو ممکن ہے کہ ہم اس حالت سے نجات پا جائیں، چنانچہ وہ حضرت آدم ؑ کے پاس آئیں گے اور عرض کریں گے: آپ ہی وہ نبی ہیں جنہیں اللہ تعالٰی نے اپنے ہاتھ سے بنایا، آپ کے اندر اپنی طرف سے روح پھونکی پھر فرشتوں کو حکم دیا تو انہوں نے آپ کو سجدہ کیا، لہذا رب کے حضور ہمارے لیے سفارش کر دیں۔ وہ کہیں گے: میں تو اس لائق نہیں پھر وہ اپنی لغزش کا ذکر کر کے کہیں گے: تم نوح ؑ کے پاس جاؤ، وہ پہلے رسول ہیں جنہیں اللہ تعالٰی نے مبعوث فرمایا: چنانچہ لوگ حضرت نوح ؑ کے پاس آئیں گے تو وہ بھی یہی جواب دیں گے کہ میں اس پوزیشن میں نہیں ہوں۔ وہ اپنی ایک لغزش ذکر کر کے کہیں گے: تم ابراہیم ؑ کے پاس۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:6565]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث کے آغاز میں جس شفاعت کا ذکر ہے اس سے مراد شفاعت کبریٰ ہے جو صرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کریں گے اور کسی نبی کو وہاں بات کرنے کی ہمت نہیں ہو گی۔
حضرات انبیائے کرام علیہم السلام نے جن جن لغزشوں کا ذکر کیا ہے ان کی صراحت اس حدیث میں نہیں ہے دوسری احادیث میں ان کی تفصیل ذکر کی گئی ہے۔
یہ خطائیں اگرچہ اللہ تعالیٰ نے معاف کر دیں لیکن پھر بھی بڑے لوگوں کا مقام بھی بڑا ہوتا ہے۔
اللہ تعالیٰ کو یہ حق ہے کہ وہ ان لغزشوں کی بنا پر ان سے باز پرس کرے، اس لیے حضرات انبیاء علیہم السلام اپنی اپنی لغزشوں کو یاد کر کے اللہ تعالیٰ کے حضور بات کرنے کی ہمت نہیں پائیں گے، آخر کار معاملہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر آ کر ٹھہر جائے گا۔
یہی وہ مقام محمود ہے جو قیامت کے دن اللہ تعالیٰ آپ کو عطا فرمائے گا۔
(2)
حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے ہمارے پیارے رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو سفارش عظمیٰ کے اہل سمجھا اور فرمایا کہ ان کے اگلے پچھلے سب گناہ معاف کر دیے گئے ہیں۔
اللہ تعالیٰ آپ کو بتا چکا ہے کہ اگر آپ سے کوئی گناہ سرزد بھی ہو جائے تو اللہ تعالیٰ آپ سے مؤاخذہ نہیں کرے گا۔
اس بنا پر سفارش کرنے کا منصب صرف آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے خاص ہے۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ یہ ایک عمدہ اور نفیس وضاحت ہے جو اللہ تعالیٰ نے فتح الباری لکھتے وقت مجھے الہام کی ہے۔
(فتح الباري: 530/11) (3)
واضح رہے کہ سفارش کی کئی قسمیں ہیں جن کی تفصیل حسب ذیل ہے:
٭ میدان حشر کی تکلیف سے نجات دینے کے لیے سفارش کرنا، اسے شفاعت کُبریٰ کہتے ہیں اور یہ ہمارے رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ خاص ہے اور کوئی رسول یہ سفارش نہیں کرے گا۔
٭ بعض لوگوں کو حساب کے بغیر جنت میں داخلے کی سفارش کرنا۔
٭ جو لوگ حساب کے بعد عذاب کے حق دار ہوں گے، انہیں عذاب دیے بغیر جنت میں جانے کی سفارش کرنا۔
٭ جو لوگ دوزخ میں ڈال دیے جائیں گے، انہیں وہاں سے نکالنے کے لیے سفارش کرنا۔
اس حدیث کے آخر میں اسی قسم کی سفارش کا ذکر ہے۔
٭ اہل جنت کے درجات کو بلند کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ کے حضور سفارش کرنا۔
پہلی قسم کے علاوہ باقی سفارش کی اقسام میں انبیاء علیہم السلام، صلحاء اور شہداء وغیرہ سب شریک ہوں گے۔
واللہ أعلم
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6565