صحيح البخاري
أَبْوَابُ صِفَةِ الصَّلَاةِ -- کتاب: اذان کے مسائل کے بیان میں («صفة الصلوة»)
108. بَابُ مَنْ خَافَتَ الْقِرَاءَةَ فِي الظُّهْرِ وَالْعَصْرِ:
باب: جس نے ظہر اور عصر میں آہستہ سے قرآت کی۔
حدیث نمبر: 777
حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ، قَالَ: حَدَّثَنَا جَرِيرٌ، عَنِ الْأَعْمَشِ، عَنْ عُمَارَةَ بْنِ عُمَيْرٍ، عَنْ أَبِي مَعْمَرٍ، قُلْتُ لِخَبَّابٍ:" أَكَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقْرَأُ فِي الظُّهْرِ وَالْعَصْرِ؟ قَالَ: نَعَمْ، قُلْنَا: مِنْ أَيْنَ عَلِمْتَ؟ قَالَ: بِاضْطِرَابِ لِحْيَتِهِ".
ہم سے قتیبہ بن سعید نے بیان کیا، کہا کہ ہم سے جریر بن عبدالحمید نے اعمش سے بیان کیا، وہ عمارہ بن عمیر سے، وہ ابومعمر عبداللہ بن مخبرہ سے، انہوں نے بیان کیا کہ ہم نے خباب بن ارت رضی اللہ عنہ سے کہا کہ کیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ظہر اور عصر میں قرآن مجید پڑھتے تھے؟ انہوں نے جواب دیا کہ ہاں! ہم نے پوچھا کہ آپ کو معلوم کس طرح ہوتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ریش مبارک کے ہلنے سے۔
  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث826  
´ظہر اور عصر کی قرات کا بیان۔`
ابومعمر کہتے ہیں کہ میں نے خباب رضی اللہ عنہ سے پوچھا: آپ لوگ ظہر اور عصر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قراءت کو کیسے پہچانتے تھے؟ انہوں نے کہا: آپ کی داڑھی مبارک (کے بال) کے ہلنے سے۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 826]
اردو حاشہ:
فوائد ومسائل:

(1)
سری اور جہری تمام نمازوں میں قراءت ہوتی ہے۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا۔ (فِي كُلِّ صَلَاةٍ يُقْرَاءُ فَمَا أَسْمَعَنَا رَسُوْلُ اللهِ صلي الله عليه وسلم أَسْمَعْنَاكُمْ وَمَا أَخْفَي عَنَّا أَخْفَيْنَا عَنْكُمْ) (صحیح البخاري، الأذان، باب القراءۃ فی الفجر، حدیث: 772)
  قراءت ہر نماز میں ہوتی ہے۔
جو کچھ ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سنایا ہم تمھیں سناتے ہیں۔
اور جو کچھ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم سے چھپایا۔
ہم تم سے چھپاتے ہیں۔
یعنی جن رکعتوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جہری قراءت کی ہم بھی جہری قراءت کرتے ہیں۔
اور جن نمازوں یا رکعتوں میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سری قراءت کی ہم بھی سری قراءت کرتے ہیں۔

(2)
سری نمازوں اور رکعتوں میں قراءت کی صورت یہ ہے کہ ہونٹوں کو کلمات کے مطابق حرکت دی جائے۔
محض دل میں پڑھنا کہ ہونٹوں کی حرکت نہ ہو کافی نہیں۔

(3)
نماز میں امام کی طرف نظر اُٹھ جانے سے نماز میں خلل نہیں آتا۔

(4)
سری نمازوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ڈاڑھی مبارک کی حرکت سے صحابہ کرامرضوان اللہ عنہم اجمعین نے اندازہ لگایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قراءت کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ بعض اوقات کسی آیت کا کچھ حصہ آواز سے پڑھ دینے سے بھی صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین کو آپ کی قراءت کا علم ہوجاتا تھا۔
دیکھئے۔ (صحیح البخاري، الأذان، باب القراۃ فی العصر، حدیث: 762)
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 826   
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:777  
777. حضرت ابومعمر سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے خباب بن ارت ؓ سے دریافت کیا: آیا رسول اللہ ﷺ ظہر اور عصر کی نماز میں قراءت کرتے تھے؟ انہوں نے فرمایا: ہاں۔ ہم نے دوبارہ عرض کیا کہ آپ کو کیسے پتہ چلتا تھا؟ انہوں نے فرمایا: آپ کی داڑھی مبارک کی جنبش کی وجہ سے ہمیں معلوم ہو جاتا تھا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:777]
حدیث حاشیہ:
(1)
یہ حدیث اس امر پر واضح دلیل ہے کہ رسول اللہ ﷺ ظہر اور عصر کی نماز میں آہستہ قراءت کرتے تھے، کیونکہ حضرت خباب بن ارت ؓ نے اس کے متعلق خبر دی ہے اور ڈاڑھی کی حرکت کو اس کی علامت قرار دیا ہے۔
یہ حدیث پہلے گزر چکی ہے۔
(عمدةالقاري: 495/4) (2)
اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ نبی ﷺ کی ڈاڑھی مبارک لمبی اور گھنی تھی۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 777