Make PDF File
Note: Copy Text and paste to word file

مسند الحميدي
أَحَادِيثُ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ الْأَنْصَارِيِّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے منقول روایات
حدیث نمبر 1295
حدیث نمبر: 1296
1296 - حَدَّثَنَا الْحُمَيْدِيُّ قَالَ: ثنا سُفْيَانُ، قَالَ: ثنا عَمْرٌو، أَنَّهُ سَمِعَ جَابِرَ بْنَ عَبْدِ اللَّهِ، يَقُولُ: لَمَّا نَزَلَتْ ﴿ قُلْ هُوَ الْقَادِرُ عَلَي أَنْ يَبْعَثَ عَلَيْكُمْ عَذَابًا مِنْ فَوقِكُمْ﴾، قَالَ النَّبِيُّ صَلَّي اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «أَعُوذُ بِوَجْهِكَ» ، ﴿ أَوْ مِنْ تَحْتِ أَرْجُلِكُمْ﴾، فَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّي اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «أَعُوذُ بِوَجْهِكَ» ، ﴿ أَوْ يَلْبِسَكُمْ شِيَعًا وَيُذِيقَ بَعْضَكُمْ بَأْسَ بَعْضٍ﴾، قَالَ النَّبِيُّ صَلَّي اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «هَاتَانِ أَهْوَنُ، أَوْ هَاتَانِ أَيْسَرُ»
1296- سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: جب یہ آیت نازل ہوئی: «قُلْ هُوَ الْقَادِرُ عَلَى أَنْ يَبْعَثَ عَلَيْكُمْ عَذَابًا مِنْ فَوْقِكُمْ» (6-الأنعام:65) تم فرمادو! وہ اس بات پر قادر ہے، تم پر تمہارے اوپر کی طرف سے عذاب بھیج دے۔ تونبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں تیری ذات کی پناہ مانگتا ہوں۔
(ارشاد باری تعالیٰ ہے) «أَوْ مِنْ تَحْتِ أَرْجُلِكُمْ» ‏‏‏‏ (6-الأنعام:65) یاتمہارے نیچے سے (عذاب بھیج دے) تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا کی۔ میں تیری ذات کی پناہ مانگتا ہوں۔
«‏‏‏‏أَوْ يَلْبِسَكُمْ شِيَعًا وَيُذِيقَ بَعْضَكُمْ بَأْسَ بَعْضٍ» (6-الأنعام:65) (ارشاد باری تعالیٰ ہے) یاوہ تمہیں مختلف گروہ ہوں میں تقسیم کردے اور تم ایک دوسرے کے خلاف لڑنے لگو۔ تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ دونوں آسان ہیں (یہاں روایت کے لفظ کے بارے میں راوی کوشک ہے)


تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، وأخرجه البخاري فى «صحيحه» برقم: 4628، 7313، 7406، وابن حبان فى «صحيحه» برقم: 7220، والنسائي فى «الكبریٰ» برقم: 7684، 11099، 11100، والترمذي فى «جامعه» برقم: 3065، وسعيد بن منصور فى «سننه» برقم: 882، وأحمد فى «مسنده» برقم: 14537، وأبو يعلى فى «مسنده» برقم: 1829، 1967، 1982، 1983، والطبراني فى «الأوسط» برقم: 9068»

مسند الحمیدی کی حدیث نمبر 1296 کے فوائد و مسائل
  الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:1296  
فائدہ:
﴿قُلْ هُوَ الْقَادِرُ﴾ اس آیت کی تفسیر میں حافظ عبدالسلام بن محمد لکھتے ہیں:
اوپر سے عذاب جیسے بارش کی کثرت، طوفان، بجلی، اولے اور آندھی وغیرہ یا ظالم حکمران یا عورت پر ظلم کرنے والا اس کا خاوند اور نیچے سے عذاب جیسے زلزلہ، قحط، زمین میں دھنس جانا یا ایسے ماتحت جو خائن اور بد دیانت ہوں، مرد کے لیے ناموافق بیوی۔
﴿أَوْ يَلْبِسَكُمْ شِيَعًا﴾ یعنی مختلف گروہ بنا کر انھیں آپس میں گتھم گتھا کر دے، اسی طرح لڑائی بھی خوفناک عذاب ہے۔ سیدنا سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں نے اپنے رب سے تین دعائیں کیں:
① میں نے اپنے رب سے دعا کی کہ میری ساری امت کو غرق کر کے ہلاک نہ کرے، تو اللہ تعالیٰ نے میری یہ دعا قبول فرما لی۔
② میں نے دعا کی کہ میری ساری امت کو قحط میں مبتلا نہ کرے، اس دعا کو بھی اللہ تعالیٰ نے قبول فرما لیا۔
③ میں نے دعا کی کہ میری امت کو آپس میں اختلاف اور انتشار سے بچائے، تو اللہ تعالیٰ نے میری اس دعا کو قبول نہیں فرمایا۔ [صحيح مسلم كتاب الفتن باب هلاك هذه الامة بعضهم ببعض: 289]، [تفسير القرآن الكريم از عبدالسلام بن محمد تحت آيت قل هو القادر]
   مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1294   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 3065  
´سورۃ الانعام سے بعض آیات کی تفسیر۔`
جابر بن عبداللہ رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ جب آیت «قل هو القادر على أن يبعث عليكم عذابا من فوقكم أو من تحت أرجلكم» کہہ دیجئیے، وہ (اللہ) قادر ہے اس بات پر کہ وہ تم پر کوئی عذاب بھیج دے اوپر سے یا نیچے سے (الانعام: ۶۵)، نازل ہوئی تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں تیری ذات کی پناہ لیتا ہوں پھر جب آگے «أو يلبسكم شيعا ويذيق بعضكم بأس بعض» یا تم کو مختلف فریق بنا کر ایک کو دوسرے کی طاقت کا مزہ چکھا دے (الانعام: ۶۵) کا ٹکڑا نازل ہوا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ دونوں ہی باتیں (اللہ کے لیے) آسان ہیں۔‏‏۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب تفسير القرآن/حدیث: 3065]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
کہہ دیجئے،
وہ (اللہ) قادر ہے اس بات پر کہ وہ تم پر کوئی عذاب بھیج دے اوپر سے یا نیچے سے (الانعام: 65)

2؎:
یا تم کو مختلف فریق بنا کر ایک کو دوسرے کی طاقت کا مزہ چکھا دے (الانعام: 65)
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3065   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 7313  
7313. سیدنا جابر بن عبداللہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: رسول اللہﷺ پر جب یہ آیت نازل ہوئی: کہہ دیجیے وہی قادر ہے کہ تم پر تمہارے اوپر سے عذاب بھیج دے۔ تو آپ ﷺ نے دعا کی: اے اللہ! میں تیرے باعظمت چہرے کی پناہ میں آتا ہوں۔ یا تمہارے پاؤں کے نیچے سے (عذاب آجائے) تو اس مرتبہ، پھر آپ نے دعا کی: اے اللہ! میں تیرے مبارک چہرے کی پناہ مانگتا ہوں۔ پھر جب یہ الفاظ نازل ہوئے: یا تمہیں گروہوں میں تقسیم کردے اور تمہارے بعض کو بعض کی لڑائی (کا مزہ) چکھائے۔ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ دونوں آسان اورسہل ہیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7313]
حدیث حاشیہ:
اوپر سے پتھروں یا بارش کا عذاب مراد ہے۔
نیچے سے زلزلہ اور زمین میں دھنس جانا مراد ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7313   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 7406  
7406. سیدنا جابر بن عبداللہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: جب یہ آیت نازل ہوئی: کہہ دیجیے! اللہ اس بات پر قادر ہے کہ وہ تم پر تمہارے اوپر سے کوئی عذاب نازل کرے۔ تو نبی ﷺ نے فرمایا: میں تیرے چہرے کی پناہ چاہتا ہوں۔ پھر یہ الفاظ نازل ہوئے: یا تمہارے پاؤں کے نیچے سے(عذاب) آجائے۔ تو نبی ﷺ نے پھر دعا کی: اے اللہ! میں تیرے چہرے کی پناہ چاہتا ہوں۔ اس کے بعد یہ الفاظ نازل ہوئے: یا تمہیں فرقہ بندی میں مبتلا کر دے۔ تو نبی ﷺ نے فرمایا: یہ (پہلے دونوں کی نسبت) آسان ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7406]
حدیث حاشیہ:
کیونکہ ان میں سب تباہ ہو جاتے ہیں۔
معلوم ہوا کہ فرقہ بندی بھی اللہ تعالیٰ کا عذاب ہے۔
امت عرصہ سے اس عذاب میں گرفتار ہے اور وہ اس کو عذاب ماننے کے لیے تیار نہیں‘ صد افسوس۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7406   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 4628  
4628. حضرت جابر ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: جب یہ آیت نازل ہوئی: "کہہ دیجیے: وہ قادر ہے کہ تم پر تمہارے اوپر سے عذاب بھیجے۔" تو رسول اللہ ﷺ نے کہا: یا اللہ! میں تیری ذات کے وسیلے سے پناہ مانگتا ہوں۔ پھر فرمایا: یا تمہارے نیچے سے عذاب آ جائے۔ تو رسول اللہ ﷺ نے کہا: اے اللہ! میں تیری ذات کے ذریعے سے اس کی پناہ چاہتا ہوں۔ پھر فرمایا: یا تمہیں مختلف گروہوں میں تقسیم کر کے باہم دست و گریبان کر دے۔ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ عذاب ہلکا اور آسان ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:4628]
حدیث حاشیہ:
کیونکہ پہلے عذاب تو عام عذاب تھے، جس سے کوئی نہ بچتا، اس میں تو کچھ بچ رہتے ہیں، کچھ مارے جاتے ہیں۔
دوسری روایت میں ہے کہ اللہ نے میری امت پر سے رجم یعنی آسمان سے پتھر برسنے کا عذاب اور خسف یعنی زمین میں دھنسنے کا عذاب موقوف رکھا پر یہ عذاب یعنی آپس کی پھوٹ اور نا اتفاقی کا عذاب باقی رکھا۔
بعضوں نے کہا موقوف رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ صحابہ ؓ کے زمانہ میں یہ عذاب موقوف رکھا۔
آئندہ اس امت میں خسف اور قذف اور مسخ ہوگا، جیسے دوسری حدیث میں ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4628   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4628  
4628. حضرت جابر ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: جب یہ آیت نازل ہوئی: "کہہ دیجیے: وہ قادر ہے کہ تم پر تمہارے اوپر سے عذاب بھیجے۔" تو رسول اللہ ﷺ نے کہا: یا اللہ! میں تیری ذات کے وسیلے سے پناہ مانگتا ہوں۔ پھر فرمایا: یا تمہارے نیچے سے عذاب آ جائے۔ تو رسول اللہ ﷺ نے کہا: اے اللہ! میں تیری ذات کے ذریعے سے اس کی پناہ چاہتا ہوں۔ پھر فرمایا: یا تمہیں مختلف گروہوں میں تقسیم کر کے باہم دست و گریبان کر دے۔ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ عذاب ہلکا اور آسان ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:4628]
حدیث حاشیہ:

اس کا مطلب یہ ہے لوگوں کا فتنہ اور ان کا آپس میں دست و گریبان ہونا اللہ کے عذاب کے مقابلے میں آسان ہے۔
غالباً یہی وجہ ہے کہ یہ امت فتنوں میں مبتلا رہی ہے۔

دوسری روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ اوپر سے عذاب رجم کی صورت میں اور نیچے سے عذاب خسف کی شکل میں بھی ہو سکتا ہے جن سے رسول اللہ ﷺ نے پناہ مانگی ہے۔
لیکن ایک دوسری حدیث میں ہے کہ قرب قیامت کے وقت اس امت میں خسف ہو گا۔
حافظ ابن حجر ؒ نے اس میں تطبیق یہ بیان کی ہےکہ خسف میں چند افراد مبتلا ہوں گے، پوری امت اس عذاب کی لپیٹ میں نہیں آئے گی تو جن روایات میں خسف کی نفی ہے یہ نفی پوری امت کے اعتبار سے ہے اور جن میں اس کے واقع ہونے کا ذکر ہے وہ چند افراد کے لحاظ سے ہے۔
اس لیے ان احادیث میں کوئی تعارض اور اختلاف نہیں ہے۔
(فتح الباري: 371/8)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4628   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7313  
7313. سیدنا جابر بن عبداللہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: رسول اللہﷺ پر جب یہ آیت نازل ہوئی: کہہ دیجیے وہی قادر ہے کہ تم پر تمہارے اوپر سے عذاب بھیج دے۔ تو آپ ﷺ نے دعا کی: اے اللہ! میں تیرے باعظمت چہرے کی پناہ میں آتا ہوں۔ یا تمہارے پاؤں کے نیچے سے (عذاب آجائے) تو اس مرتبہ، پھر آپ نے دعا کی: اے اللہ! میں تیرے مبارک چہرے کی پناہ مانگتا ہوں۔ پھر جب یہ الفاظ نازل ہوئے: یا تمہیں گروہوں میں تقسیم کردے اور تمہارے بعض کو بعض کی لڑائی (کا مزہ) چکھائے۔ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ دونوں آسان اورسہل ہیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7313]
حدیث حاشیہ:

حدیث میں مذکورہ آیت کریمہ میں عذاب کی تین قسموں کا ذکر ہے۔
حضرت سعد رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
میں نے اللہ تعالیٰ سے تین دعائیں کیں، وہ قبول ہوئیں اور ایک (دعا کرنے)
سے مجھے روک دیا گیا۔
میں نے اپنے رب سے دعا کی کہ قحط عام کےذریعے سے میری اُمت ہلاک نہ ہو، اللہ تعالیٰ نے اسے قبول کرلیا۔
میں نے دعا کی:
میری اُمت غرق کے ذریعے سے ہلاک نہ ہو۔
اللہ تعالیٰ نے اسے بھی قبول کر لیا۔
پھر میں نے دعا کی کہ آپس میں ان کی لڑائی اور اختلاف نہ ہو تو اللہ تعالیٰ نے اس سے مجھے روک دیا۔
(صحیح مسلم، الفتن، حدیث: 7260(2890)
مسند احمد میں یہ الفاظ ہیں:
میری اُمت گمراہی پر اتفاق نہ کرے۔
(مسند أحمد: 396/6)

اس حدیث کے مطابق اس اُمت کے مختلف گروہ اور فرقے ہوں گے جو آپس میں جنگ وجدال کرتے رہیں گے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے دونوں قسم کے عذاب کے مقابلے میں آسان اور سہل کہا ہے کیونکہ اس میں اہل ایمان کے لیے کفارہ ہے۔
بہرحال اُمت کے لیے نجات کا راستہ یہی ہے کہ وہ کتاب وسنت کے مطابق فیصلے کرے اور زندگی گزارنے کے لیے اسے محورومرکز قرار دے۔
اگر ہم نے دائیں بائیں دیکھا تو التراق واختلاف ہمارا مقدرہوگا، پھر ہم باہمی لڑائی جھگڑے میں مصروف رہیں گے۔
واللہ المستعان۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7313   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7406  
7406. سیدنا جابر بن عبداللہ ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: جب یہ آیت نازل ہوئی: کہہ دیجیے! اللہ اس بات پر قادر ہے کہ وہ تم پر تمہارے اوپر سے کوئی عذاب نازل کرے۔ تو نبی ﷺ نے فرمایا: میں تیرے چہرے کی پناہ چاہتا ہوں۔ پھر یہ الفاظ نازل ہوئے: یا تمہارے پاؤں کے نیچے سے(عذاب) آجائے۔ تو نبی ﷺ نے پھر دعا کی: اے اللہ! میں تیرے چہرے کی پناہ چاہتا ہوں۔ اس کے بعد یہ الفاظ نازل ہوئے: یا تمہیں فرقہ بندی میں مبتلا کر دے۔ تو نبی ﷺ نے فرمایا: یہ (پہلے دونوں کی نسبت) آسان ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:7406]
حدیث حاشیہ:

اس آیت میں عذاب کی تین قسمیں بیان ہوئی ہیں:
۔
سماوی عذاب:
۔
مثلاً:
طوفان، بارش، کڑک بجلی کا گرنا، تیز آندھی آنا اور پتھروں کی بارش وغیرہ۔
۔
ارضی عذاب۔
مثلاً:
دریاؤں کا سیلاب، آتش فشاں پہاڑوں کا پھٹنا، زلزلے اور زمین میں دھنس جانا وغیرہ۔
۔
فرقہ بازی:
خواہ یہ مذہبی قسم کی ہو یا سیاسی یا قبائلی، یہ تینوں قسم کے عذاب پہلی امتوں پر آتے رہے ہیں، البتہ اس اُمت کے لیے پہلی دو قسم کے عذابوں کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ سے پناہ مانگی جو قبول ہو گئی اور پہلی دو قسم کا عذاب اس اُمت کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے نہیں آئے گا، البتہ جزوی طور پر آسکتا ہے۔

تیسری قسم کا عذاب امت میں موجود ہے جس نے ملت اسلامیہ کی وحدت کو پارہ پارہ کرکے مسلمانوں کو مغلوب قوم بنا رکھا ہے اور یہ عذاب سرکشی اور اللہ تعالیٰ کے احکام کی نافرمانی کا نتیجہ ہے۔

امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس حدیث سے ذات باری تعالیٰ کے لیے (وَجْهُ)
کا اثبات کیا ہے لیکن اس کا چہرہ لوگوں کے چہرے جیسا نہیں۔
ایک حدیث میں ہے:
اللہ تعالیٰ کو دیکھنے سے اس کے چہرے پر کبریائی کی چادر رکاوٹ ہے۔
(صحیح مسلم، الإیمان، حدیث: 448(180)
اگر اللہ تعالیٰ کبریائی کی چادر کو ہٹا دے تو اس کے چہرے کی کرنیں حد نگاہ تک ہر چیز کو جلا کر راکھ کر دیں۔
(صحیح مسلم، الإیمان، حدیث: 445(179)
خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے محترم چہرے کے طفیل اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگتے تھے جیسا کہ اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے۔
قرآنی آیات میں بھی اللہ تعالیٰ کے چہرے کا اثبات ہے۔
اللہ تعالیٰ کے لیے صفت (وَجْهُ)
ثابت کرنے پر سلف صالحین کا اجماع ہے اس بنا پر صفت (وَجْهُ)
کو بلاتحریف، بلاتعطیل، بلاتکییف اور بلا تمثیل ثابت کرنا ضروری ہے اور اس سے مراد اللہ تعالیٰ کا حقیقی چہرہ ہے جو اس ذات باری تعالیٰ کی شان کے لائق ہے۔
اس صفت کو تسلیم کرنا، اس پر ایمان لانا گویا اللہ تعالیٰ پر ایمان لانا ہے۔
(شرح کتاب التوحید للغنیمان: 280/1)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7406