عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ شراب بذات خود حرام ہے خواہ کم ہو یا زیادہ، اور ہر مشروب جو نشہ لائے حرام ہے۔ (مقدار کم ہو یا زیادہ) ابن حکم نے «قلیلھا و کثیر ھا»(خواہ کم ہو یا زیادہ) کا ذکر نہیں کیا۔
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5688
اردو حاشہ: (1) امام نسائیؒ نے مذکورہ روایات دو استادوں سے بیان کی ہے ایک محمد بن عبداللہ بن حکم اور دوسرے حسین بن منصور۔محمد بن عبداللہ بن حکم نے مذکورہ الفاظ بیان نہیں کیے جبکہ حسین بن منصور نے یہ الفاظ بیان کیے ہیں۔ (2) اس روایت کے لانے سے مقصود یہ ہے کہ صحیح روایت ان الفاظ کے ساتھ آتی ہے یعنی شراب بھی حرام ہے اور ہر نشہ آور مشروب بھی۔ قلیل ہو یا کثیر۔ نیز یہ روایت حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ کی دیگر روایات کے موافق ہے او ر ثقہ راوی یہ روای انھی الفاظ سے بیان کرتے ہیں اور یہی قابل استدلال ہے نہ کہ پہلی ضعیف اور منقطع روایت۔ پہلی روایت کو صحیح ماننے کی صورت میں اس کا ترجمہ مذکورہ روایت والا ہوگا تاکہ تمام روایات میں تطبیق ہوجائے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5688