الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔

 
سنن نسائي کل احادیث 5761 :حدیث نمبر
سنن نسائي
کتاب: مال فی کی تقسیم سے متعلق احکام و مسائل
The Book of Distribution of Al-Fay'
حدیث نمبر: 4138
پی ڈی ایف بنائیں اعراب
اخبرنا هارون بن عبد الله الحمال، قال: حدثنا عثمان بن عمر، عن يونس بن يزيد، عن الزهري، عن يزيد بن هرمز، ان نجدة الحروري حين خرج في فتنة ابن الزبير , ارسل إلى ابن عباس يساله عن سهم ذي القربى: لمن تراه؟، قال:" هو لنا لقربى رسول الله صلى الله عليه وسلم، قسمه رسول الله صلى الله عليه وسلم لهم"، وقد كان عمر عرض علينا شيئا رايناه دون حقنا فابينا، ان نقبله، وكان الذي عرض عليهم، ان يعين ناكحهم , ويقضي عن غارمهم , ويعطي فقيرهم , وابى ان يزيدهم على ذلك.
أَخْبَرَنَا هَارُونُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ الْحَمَّالُ، قَالَ: حَدَّثَنَا عُثْمَانُ بْنُ عُمَرَ، عَنْ يُونُسَ بْنِ يَزِيدَ، عَنِ الزُّهْرِيِّ، عَنْ يَزِيدَ بْنِ هُرْمُزَ، أَنَّ نَجْدَةَ الْحَرُورِيَّ حِينَ خَرَجَ فِي فِتْنَةِ ابْنِ الزُّبَيْرِ , أَرْسَلَ إِلَى ابْنِ عَبَّاسٍ يَسْأَلُهُ عَنْ سَهْمِ ذِي الْقُرْبَى: لِمَنْ تُرَاهُ؟، قَالَ:" هُوَ لَنَا لِقُرْبَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَسَمَهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لَهُمْ"، وَقَدْ كَانَ عُمَرُ عَرَضَ عَلَيْنَا شَيْئًا رَأَيْنَاهُ دُونَ حَقِّنَا فَأَبَيْنَا، أَنْ نَقْبَلَهُ، وَكَانَ الَّذِي عَرَضَ عَلَيْهِمْ، أَنْ يُعِينَ نَاكِحَهُمْ , وَيَقْضِيَ عَنْ غَارِمِهِمْ , وَيُعْطِيَ فَقِيرَهُمْ , وَأَبَى أَنْ يَزِيدَهُمْ عَلَى ذَلِكَ.
یزید بن ہرمز سے روایت ہے کہ نجدہ حروری جب عبداللہ بن زبیر کے عہد میں شورش و ہنگامہ کے ایام میں (حج کے لیے) نکلا ۲؎ تو اس نے ابن عباس رضی اللہ عنہما کے پاس ایک شخص کو بھیجا کہ وہ ان سے معلوم کرے کہ (مال غنیمت میں سے) ذی القربی کا حصہ (اب) کس کو ملنا چاہیئے ۳؎، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے قربت کے سبب وہ ہمارا ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے انہیں قرابت والوں میں تقسیم کیا تھا، اور عمر رضی اللہ عنہ نے ہمیں ہمارے حق سے کچھ کم حصہ دیا تھا تو ہم نے اسے قبول نہیں کیا، اور جو بات انہوں نے جواز میں پیش کی وہ یہ تھی کہ وہ اس کے ذریعہ (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قرابت داروں کا) نکاح کرانے والوں کی مدد کریں گے، اور ان کے قرض داروں کا قرض ادا کیا جائے گا اور ان کے فقراء و مساکین کو دیا جائے گا، اور اس سے زائد دینے سے انکار کر دیا۔

تخریج الحدیث: «صحیح مسلم/الجہاد 48 (1812)، سنن ابی داود/الخراج20(2982)، سنن الترمذی/السیر 8 (1556)، (تحفة الأشراف: 6557)، مسند احمد (1/248، 294، 308، 320، 344، 349، 352)، سنن الدارمی/السیر 32 (2514) (صحیح)»

وضاحت:
۱؎: مال فئی اس مال کو کہتے ہیں جو مسلمانوں کو کفار سے جنگ و جدال کئے بغیر حاصل ہو، لیکن مؤلف نے اس میں فیٔ اور غنیمت دونوں سے متعلق احادیث ذکر کی ہیں، اور پہلی حدیث میں فیٔ کے ساتھ ساتھ غنیمت میں سے بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذوی القربی کے حصے کی بابت سوال کیا گیا ہے۔ ۲؎: یہ اس وقت کی بات ہے جب کہ حجاج نے مکہ پر چڑھائی کر کے عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما کو قتل کیا تھا۔ ۳؎: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مال غنیمت سے ذوی القربی کا حصہ اپنے رشتہ داروں میں تقسیم کیا تھا، آپ کی وفات کے بعد سوال یہ پیدا ہوا کہ یہ حصہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے رشتہ داروں کا تھا یا امام وقت کے رشتہ داروں کا؟ ابن عباس رضی اللہ عنہما کا خیال تھا (نیز قرآن کا سیاق بھی اسی کی تائید کرتا ہے) کہ یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے رشتہ داروں کا تھا اور اب بھی ہے اس لیے ہمیں ملنا چاہیئے، جب کہ عمر رضی اللہ عنہ نے آپ کے رشتہ داروں کے ہاتھ میں نہ دے کر خود ہی آپ کے رشتہ داروں کی ضروریات میں خرچ کیا، ابوبکر اور عمر رضی اللہ عنہما کا موقف بھی یہی تھا کہ امام وقت ہی اس خمس (غنیمت کے پانچویں حصہ) کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے رشتہ داروں میں خرچ کرے گا۔

قال الشيخ الألباني: صحيح

قال الشيخ زبير على زئي: صحيح مسلم

تخریج الحدیث کے تحت حدیث کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث4138  
´باب:`
یزید بن ہرمز سے روایت ہے کہ نجدہ حروری جب عبداللہ بن زبیر کے عہد میں شورش و ہنگامہ کے ایام میں (حج کے لیے) نکلا ۲؎ تو اس نے ابن عباس رضی اللہ عنہما کے پاس ایک شخص کو بھیجا کہ وہ ان سے معلوم کرے کہ (مال غنیمت میں سے) ذی القربی کا حصہ (اب) کس کو ملنا چاہیئے ۳؎، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے قربت کے سبب وہ ہمارا ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے انہیں قرابت والوں میں تقسیم کیا تھا، اور عمر رضی اللہ عنہ نے ہمیں ہمارے حق سے کچھ کم حصہ دیا تھا تو ہم نے اسے قب۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي/كتاب قسم الفىء/حدیث: 4138]
اردو حاشہ:
(1) باب کے ساتھ حدیث کی مناسبت بالکل واضح ہے کہ اس میں مال فے کی تقسیم کا مسئلہ بیان کیا گیا ہے۔
(2) اس حدیث سے یہ مسئلہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ خط کتابت کے ذریعے سے علم حاصل کیا جا سکتا ہے جیسا کہ نجدہ حروری نے حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کی طرف ایک تحریر لکھ کر چند ایک مسائل کا جواب معلوم کیا تھا۔ صحیح مسلم میں اس بات کی صراحت ہے کہ اس نے پانچ سوالوں کا جواب طلب کیا تھا۔ دیکھئے: (صحیح مسلم، الجهاد، باب النساء الغازیات یرضخ لهن و لا یسهم…، حدیث: 1812)
(3) مذکورہ حدیث سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ جب کوئی مصلحت ہو یا کسی قسم کے فساد کا خطرہ ہو تو عالم شخص کو اہل بدعت کو بھی فتویٰ دے دینا چاہیے جیسا کہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ نے نجدہ حروری کو تحریری جواب لکھ بھیجا تھا۔
(4) حروری یہ نسبت ہے بستی حروراء کی طرف۔ یہاں خارجیوں کا اولین اجتماع ہوا تھا۔ اس نسبت سے ہر خارجی کو حروری کہا جاتا ہے، چاہے وہ حروراء بستی سے تعلق نہ بھی رکھتا ہو۔ اس حوالے سے دیکھئے: حدیث: 8،7،4107)
(5) قرابت داروں کا حصہ قرآن مجید میں غنیمت کے علاوہ خمس کے مصارف میں قرابت داروں کا ذکر ہے۔ اس کے تعین میں اختلاف ہے۔ مشہور بات تو یہی ہے کہ اس سے رسول اللہ ﷺ کے رشتے دار مراد ہیں جیسا کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ نے فرمایا۔ امام شافعی اور دیگر اکثر اہل علم کے نزدیک قرابت داروں سے مراد بنو ہاشم اور بنو مطلب ہیں۔ دوسرا قول یہ ہے کہ حاکم وقت کے رشتے دار مراد ہیں۔ رسول اللہ ﷺ اپنے دور میں حاکم بھی تھے۔ اس لحاظ سے آپ کے رشتہ دار مَصْرَفْ تھے۔ یہ نہیں کہ اب بھی (آپ کی وفات سے قیامت تک) آل رسول خمس کا مصرف ہیں۔ یہ قول معقول ہے مگر کہا جا سکتا ہے کہ چونکہ آل رسول کے لیے زکاۃ حرام ہے، خواہ غریب ہی ہوں، اس لیے زکاۃ کے عوض ان کا حصہ خمس میں رکھ دیا گیا لیکن اس صورت میں صرف زکاۃ کے مستحق آل رسول ہی خمس کا مصرف ہوں گے نہ کہ عام اہل بیت۔ معلوم ہوتا ہے حضرت عمر رضی اللہ تعالٰی عنہ کا یہی موقف تھا جیسا کہ مندرجہ بالا روایت کے الفاظ سے ظاہر ہو رہا ہے اور یہی بات درست معلوم ہوتی ہے۔ باقی رہے حاکم وقت اور اس کے رشتہ دار تو وہ کوئی حصہ دار نہیں بلکہ آج کل کے رواج کے مطابق حاکم وقت کی مناسب تنخواہ مقرر کی جائے گی جیسا کہ خلفائے راشدین کے دور میں ہوا۔ اس تنخواہ کو وہ خود خرچ کرے گا او رشتے داروں کو بھی اس سے دے گا جس طرح رشتے داروں میں عام لین دین ہوتا ہے۔ ان کی کوئی خصوصی حیثیت نہیں۔
(6) حق سے کم سمجھا حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ اور دیگر اہل بیت کا خیال تھا کہ ہمارا بیت المال میں خصوصی حق ہے۔ بعض کے نزدیک پورا خمس اور بعض کے نزدیک خمس کا خمس (خمس سے مراد مال غنیمت کا پانچواں حصہ ہے جو بیت المال میں جمع ہوتا ہے) جبکہ حضرت عمر رضی اللہ تعالٰی عنہ کا خیال تھا کہ اہل بیت میں سے فقیر اور حاجت مند لوگ زکاۃ کی بجائے بیت المال سے ضرورت کے مطابق مال لے سکتے ہیں۔ اہل بیت کا کوئی مستقل حصہ مقرر نہیں، البتہ حاکم عام شہریوں کی طرح اہل بیت کو بھی عطیات دے سکتا ہے بلکہ ان کو زیادہ بھی دے سکتا ہے کیونکہ ان کی شان بلند ہے، جیسے حضرت عمر رضی اللہ تعالٰی عنہ نے صدقہ النبی (ﷺ) والی زمین عارضی طور پر حضرت عباس اور حضرت علی رضی اللہ تعالٰی عنہ کی زیر نگرانی دے دی تھی کہ وہ اس کی آمدن سے اپنی اور دیگر اہل بیت کی ضروریات پوری کریں۔ باقی آمدن بیت المال کی ہو گی اور زمین بھی حکومت ہی کی رہے گی۔
(7) آج کل تو یہ مسئلہ خود بخود طے ہو چکا ہے، نہ مال غنیمت آتا ہے اور نہ خمس ہی کی صورت بنتی ہے۔ صرف بیت المال، یعنی سرکاری خزانہ ہوتا ہے جس سے حاجت مند اور فقیر لوگوں کی حاجات پوری کی جائیں گی۔ وہ اہل بیت سے ہوں یا عام مسلمان۔ یہی حضرت عمر رضی اللہ تعالٰی عنہ کی رائے تھی اور یہی درست ہے۔ رَضِيَ اللّٰہُ عَنْه وَ أَرْضَاهُ۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث\صفحہ نمبر: 4138   


http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.