یحییٰ بن یحییٰ نے حماد بن زید اور ہشیم سے، ان دونوں نے عبد العزیز بن صہیب سے، انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی (حماد کی حدیث میں ہے: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب بیت الخلاء میں داخل ہوتے اور ہشیم کے الفاظ ہیں: جب کسی اوٹ والی جگہ میں داخل ہوتے) تو فرماتے: ”اے اللہ! میں نر اور مادہ دونوں قسم کی خبیث مخلوق سے تیری پناہ میں آتا ہوں۔“
حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے حماد کے الفاظ ہیں: کَانَ رَسُوْلُ اللہ صلی اللہ علیہ وسلم إِذَا دَخَلَ الخَلَاءَ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب بیت الخلاء میں داخل ہوتے، اور ہشیم کے الفاظ ہیں: أَنَّ رَسُولَ اللہ صلی اللہ علیہ وسلم إِذَا دَخَلَ الْکَنِیْفَ، بے شک جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب بیت الخلاء میں داخل ہوتے تھے تو فرماتے: اللهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْخُبْثِ وَالْخَبَائِثِ اے اللہ! میں مذکر اور مؤنث جنات سے تیری پناہ میں آتا ہوں۔