جو اللہ کی راہ سے روکتے ہیں اور اس میں کجی تلاش کرتے ہیں اور آخرت کے ساتھ کفر کرنے والے بھی وہی ہیں۔[19]
تفسیر القرآن الکریم
(آیت 19){الَّذِيْنَ يَصُدُّوْنَ عَنْ سَبِيْلِ اللّٰهِ …:} یعنی اللہ کی سیدھی راہ (اسلام) میں کجی اور عیب ڈھونڈ کر لوگوں کو اس میں داخل ہونے سے روکتے ہیں۔ {” هُمْ “} کی ضمیر دو بار لانے کا مطلب یہ ہے کہ آخرت کا انکار کرنے میں یہ لوگ اس حد تک پہنچ گئے ہیں کہ گویا آخرت کے اصل منکر یہی ہیں۔ {” يَبْغُوْنَهَا عِوَجًا “} میں لام محذوف ہے، یعنی {”يَبْغُوْنَ لَهَا عِوَجًا“} جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: «{ اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ الَّذِيْۤ اَنْزَلَ عَلٰى عَبْدِهِ الْكِتٰبَ وَ لَمْ يَجْعَلْ لَّهٗ عِوَجًا }»[ الکہف:۱ ] یا {” يَبْغُوْنَهَا عِوَجًا “} میں {” فِيْ“} محذوف ہے، یعنی {” يَبْغُوْنَ فِيْهَا عِوَجًا “} جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے قیامت کے دن زمین کے متعلق فرمایا: «{ لَا تَرٰى فِيْهَا عِوَجًا }»[طٰہٰ: ۱۰۷ ]