ان کی دعا ان میں یہ ہوگی’’پاک ہے تو اے اللہ!‘‘ اور ان کی آپس کی دعا ان (باغات) میں سلام ہوگی اور ان کی دعا کا خاتمہ یہ ہوگا کہ سب تعریف اللہ کے لیے جو تمام جہانوں کا پالنے والا ہے۔[10]
تفسیر عبدالرحمٰن کیلانی
10۔ وہاں ان کی پکار یہ ہو گی ”اے اللہ [14] تو پاک ہے“ اور ان کی آپس میں دعا [15] ہو گی ”تم پر سلامتی ہو“ اور ان کا خاتمہ کلام یہ ہو گا کہ ”سب طرح کی تعریف [16] اس اللہ کے لئے ہے جو سب جہانوں کا پروردگار ہے
[14] یعنی جب اہل جنت کو جب کسی چیز کی خواہش یا طلب ہو گی تو وہ براہ راست اس خواہش کا مطالبہ نہیں کریں گے۔ بلکہ اس کی بجائے سبحانک اللھم یا سبحان اللہ کہیں گے تو فرشتے ان کی خواہش کے مطابق وہ چیز حاضر کر دیں گے۔ دنیا میں بھی مہذب معاشرہ میں یہ دستور چلتا ہے کہ جب کوئی مہمان کسی چیز کو پسند کر کے صرف اس چیز کی تعریف کر دے تو غیور میزبان کوشش کرتا ہے کہ وہ چیز اس مہمان کو ہدیہ کر دے۔
[15] جیسا کہ اس دنیا میں بھی انہیں ایک دوسرے کو سلام کہنے کی عادت تھی اور ملاقات کے وقت سلام کا یہ طریقہ اللہ کے ہاں اتنا پسندیدہ ہے کہ فرشتے بھی اہل جنت کو سلام کہیں گے بلکہ اللہ تعالیٰ خود بھی انہیں سلام کہا کریں گے جیسا کہ سورۃ یٰسین کی آیت نمبر 58 ﴿سَلٰمٌ قَوْلًا مِّنْ رَّبٍّ رَّحِيْمٍ﴾ میں مذکور ہے۔
[16] یعنی جب اہل جنت کی خواہش کی اشیاء انہیں مہیا کر دی جائیں گی اور وہ ان سے استفادہ کر لیں گے یا آپس میں سلام و دعا کے بعد محو گفتگو ہوں گے ان کا آخری طرز عمل یا اختتام یہ ہو گا کہ وہ اللہ کی تسبیح و تقدیس میں مشغول ہو جائیں گے جس سے وہ دنیا میں مانوس تھے۔