اس نے کہا بے شک میں، یقینا مجھے یہ بات غمگین کرتی ہے کہ تم اسے لے جائو اور میں ڈرتا ہوں کہ اسے کوئی بھیڑیا کھا جائے اور تم اس سے غافل ہو۔[13]
تفسیر عبدالرحمٰن کیلانی
13۔ یعقوب نے کہا: ”اگر تم اسے لے جاؤ تو ایک تو مجھے (اس کی جدائی کا) رنج ہو گا دوسرے میں اس بات سے بھی ڈرتا ہوں کہ تم اس سے بے خبر ہو جاؤ تو اسے کہیں [11] بھیڑیا نہ کھا جائے“
[11] بھائیوں کے اس مطالبہ پر باپ کو ایک نامعلوم خطرہ محسوس ہوا اور خطرہ وہی تھا جس کی اطلاع آپ سیدنا یوسفؑ کو ان کے خواب کی تعبیر کے سلسلہ میں بتلا چکے تھے۔ بھائیوں کو غالباً خواب کا علم تو نہیں تھا۔ تاہم سیدنا یعقوبؑ کا وجدان انھیں یہی بتلا رہا تھا کہ بھائیوں کی نیت بخیر معلوم نہیں ہوتی۔ چنانچہ انہوں نے اپنے اس خطرہ کو ایسے الفاظ میں ظاہر کیا جس سے ان کی نیت پر شک محسوس نہ ہو اور کہا ممکن ہے تم لوگ اپنے ریوڑ کی حفاظت میں مشغول ہو اور کوئی بھیڑیا یا درندہ آکر اسے کوئی گزند پہنچا جائے اور پھاڑ کھائے اور تمہیں پتہ بھی نہ چلے۔