اس نے کہا کیا تم نے جانا کہ تم نے یوسف اور اس کے بھائی کے ساتھ کیا کیا، جب تم نادان تھے؟[89]
تفسیر عبدالرحمٰن کیلانی
89۔ یوسف نے ان سے پوچھا: پتا ہے تم نے یوسف اور اس کے بھائی کے ساتھ کیا سلوک کیا تھا جبکہ تم نادان [86] تھے؟“
[86] سیدنا یوسف کا اپنا آپ جتلا دینا:۔
اپنے بھائیوں اور گھر والوں کی یہ داستان غم ان الفاظ میں سن کر سیدنا یوسفؑ اب زیادہ دیر حالات پر پردہ ڈالے رکھنا برداشت نہ کر سکے۔ دل بھر آیا اور ان کی اسی التجا کے جواب میں ان سے یہ پوچھا: ”کچھ وہ واقعہ بھی یاد ہے جو سلوک تم نے اپنے بھائی یوسفؑ سے کیا تھا۔ پھر اس کے بعد اپنے اس چھوٹے بھائی بن یمین سے کرتے رہے ہو؟“ اس سوال میں سیدنا یوسفؑ نے پیرایہ بھی ایسا اختیار کیا جس سے انھیں مزید ندامت نہ ہو یعنی جو کچھ تم کرتے رہے ہو وہ نا سمجھی یا بے وقوفی کی بنا پر کرتے رہے ہو۔