علامہ نور الدین ہیتھمی رحمہ اللہ
سوانح حیات
سوانح حیات:
نام و نسب
آپ کا نام علی بن ابو بکر بن سلیمان ہے۔
آپ کا لقب نور الدین اور آپ کی کنیت ابو الحسن ہے۔
آپ کا اسمِ منسوب مصری شافعی ہیتھمی ہے۔
آپ رجب کے مہینے میں 735 ہجری میں پیدا ہوئے، 15 سال کی عمر میں اپنے علمِ حدیث کے سماع کا باقاعدہ آغاز کیا۔
اساتذہ کرام
علامہ ہیتھمی نے علمِ حدیث کی طلب میں مختلف بلاد و امصار کا سفر کیا، جن میں مصر، شام، حجاز کے مختلف علاقے شامل ہیں، انہوں نے ان علاقوں میں بہت سے اہل علم سے استفادہ کیا۔
آپ کے اساتذہ میں سب سے نمایاں نام زین الدین ابو الفضل عبد الرحیم بن حسین بن عبد الرحمن راز اتانی مہرانی کردی عراقی (متوفی 806 ہجری) ہیں، جو اہل علم میں "زین الدین عراقی" کے نام سے معروف ہیں، انہوں نے "احیاء العلوم" کی احادیث کی تخریج کی ہے، انہوں نے ابنِ صلاح کی کتاب "علوم الحديث" کو نظم کیا، جو "الفية عراقي" کے نام سے مشہور ہے، یہ مجموعہ کم وبیش 1000 اشعار پر مشتمل ہے، اس کتاب میں علامہ عراقی نے کچھ فوائد کا اضافہ کیا اور کچھ امور کے حوالے سے علامہ ابن صلاح پر تنقید و تعاقب بھی کیا۔
علامہ نور الدین ہیتھمی نے حافظ زین الدین عراقی کی ایماء، ترغیب اور مشورے پر ہی یہ کتاب "مجمع الزوائد ومنبع الفوائد" مرتب کی ہے، کتاب کے مقدمے میں علامہ ہیتھمی نے اپنے مشائخ کا ذکر کیا ہے جن سے انہوں نے احادیث کی مشہور کتابوں کا "سماع" کیا ہے، یاد رہے کہ علامہ ہیتھمی حافظ عراقی کے داماد بھی تھے، وہ حافظ عراقی کا بھرپور احترام کرتے تھے، حافظ عراقی ان کے استاد بھی ہیں اور استاد بھائی بھی ہیں۔
تلامذہ عظام
علامہ ہیتھمی کے تلامذہ میں سب سے نمایاں نام حافظ ابن حجر کا ہے، جن کا پورا نام شہاب الدین ابو الفضل احمد بن علی بن محمد ہے، اور وہ تاریخ میں "ابن حجر عسقلانی" کے نام سے معروف ہیں، اور صحیح بخاری کی مشہور شرح "فتح الباری" کے مصنف ہیں۔ ابن حجر نے اس کے علاوہ اور بہت سی تصانیف یادگار چھوڑی ہیں، یہاں تک کہ انہوں نے "مجمع الزوائد" پر ایک نقد بھی تحریر کرنا شروع کیا تھا جس میں فاضل مصنف کے بعض تسامحات کی نشاندہی کی گئی تھی، لیکن پھر بعد میں انہوں نے اس کام کو ترک کر دیا۔
اخلاق و آداب
علامہ ہیتھمی کے سوانح نگاروں نے ان کی عادات و خصائل کے حوالے سے یہ بات نقل کی ہے کہ وہ انتہائی خوش اخلاق، ملنسار، طلباء کے لیے شفیق، درسِ حدیث دینے اور احادیث کے حوالے سے تصنیفی خدمات میں مصروف رہنے والے شخص تھے، ان سب امور کے ہمراہ وہ ایک عبادت گزار شخص تھے، وہ دنیا سے بے رغبت اور آخرت کی طرف متوجہ تھے، انہیں اپنے استاد حافظ زین الدین عراقی کی بارگاہ میں نمایاں مرتبہ و مقام حاصل تھا، اور وہ خود استاد کا بہت زیادہ احترام کرتے تھے۔
تصنیفی و تحقیقی خدمات
علامہ ہیتھمی نے علمِ حدیث کے طلباء کی سہولت کے لیے حدیث کے اہم ماخذ میں سے ان روایات کو "زوائد" کی شکل میں اکٹھا کیا جو "صحاحِ ستہ" میں مذکور نہیں ہیں، اس حوالے سے انہوں نے درج ذیل کتابیں مرتب کی تھیں:
➊ موارد الظمان الی زوائد ابن حبان: یہ صحیح ابن حبان کی زوائد کے بارے میں ہے۔
➋ البدر المنیر فی زوائد المعجم الکبیر: یہ امام طبرانی کی معجمِ کبیر کی زوائد کے بارے میں ہے۔
➌ مجمع البحرین فی زوائد المعجمین: یہ امام طبرانی کی معجمِ اوسط اور معجمِ صغیر کی زوائد پر مشتمل ہے۔
➍ غایۃ المقصد فی زوائد المسند: یہ امام احمد کی مسند کی زوائد پر مشتمل ہے۔
➎ کشف الاستار عن زوائد البزار: یہ مسندِ بزار کی زوائد پر مشتمل ہے۔
➏ المقصد العلی فی زوائد ابی یعلی الموصلی: یہ مسندِ ابو یعلیٰ کے زوائد پر مشتمل ہے۔
➐ بغیۃ الباحث عن زوائد مسند الحارث: یہ مسندِ حارث کی زوائد پر مشتمل ہے۔
◄ ان مذکورہ بالا کتابوں میں سے "بغیۃ الباحث" اور "موارد الظمان" کے علاوہ دیگر تمام کتابوں کو علامہ ہیتھمی نے ایک بڑے اور نئے مجموعہ کی شکل میں مرتب کیا اور اس کا نام "مجمع الزوائد ومنبع الفوائد" تجویز کیا۔
وفات
علامہ نور الدین ہیتھمی کے انتقال کے بارے میں صرف یہی بات پتہ چل سکی ہے کہ ان کا انتقال 807 ہجری بمطابق 1405 عیسوی میں ہوا تھا۔
«تغمده الله بغفرانه واسكنه بحبوحة جنانه»
مجمع الزوائد
(اجمالی تعارف)
"زوائد" محدثین کی ایک مخصوص اصطلاح ہے، جب کسی کتاب کی "زوائد" اکٹھی کی جاتی ہیں تو اس سے مراد یہ ہوتا ہے کہ اس کتاب میں سے وہ احادیث الگ کی جا رہی ہیں جو کسی دوسری کتاب یا چند دوسری کتابوں میں ذکر نہیں ہوئی ہیں۔
اس موضوع پر محدثین نے بہت کام کیا ہے، جیسا کہ شیخ شہاب الدین ابو عباس احمد بصیری شافعی نے "دس مسانید" کی "زوائد" کو "اتحاف السادة المهرة الخیرة بزوائد المسانید العشرة" کے نام سے مرتب کیا، اسی طرح مشہور محدث حافظ ابن حجر عسقلانی نے "المطالب العالیہ" کے نام سے "آٹھ مسانید" کی "زوائد" کو مرتب کیا ہے، تاہم یہ دونوں صاحبان علامہ ہیتھمی کے زمانے کے بعد کے ہیں اور انہوں نے اپنی تصانیف میں کسی حد تک علامہ ہیتھمی کی پیروی کی ہے، اگرچہ ان کی کتابوں کے ماخذ علامہ ہیتھمی سے مختلف ہیں۔
"مجمع الزوائد" میں علمِ حدیث کے چھ اہم ماخذ یعنی "مسند احمد"، "مسند بزار"، "مسند ابو یعلیٰ"، "معجم صغیر"، "معجم اوسط" اور "معجم کبیر" میں مذکورہ روایات نقل کی گئی ہیں جو "صحاحِ ستہ" میں ذکر نہیں ہوئی ہیں، تاہم اس سے مراد یہ نہیں ہے "زوائد" کے عنوان کے تحت نقل کی جانے والی ان روایات کا مضمون ہی "صحاحِ ستہ" میں ذکر نہیں ہوا، کیونکہ اس کتاب میں بہت سی روایات ایسی ہیں جن کا مضمون "صحاحِ ستہ" میں بھی مذکور ہے، لیکن اس کتاب میں انہیں اس لیے نقل کیا گیا، کہ روایت کرنے والے صحابی مختلف ہوں گے، متن کے الفاظ میں کوئی کمی یا بیشی ہوگی، یا روایت کا سیاق و سباق مختلف ہو سکتا ہے وغیرہ۔
کتاب کا عمومی اسلوب
امام ہیتھمی نے اپنی کتاب کو علمِ حدیث سے متعلق کتابیں تحریر کرنے والے دیگر محدثین کی طرح "کتاب" کے مرکزی عنوان کے تحت ابواب میں تقسیم کیا ہے، اور پھر اس عنوان (یعنی کتاب) کے تحت انہوں نے اس موضوع سے متعلق تمام روایات کو مختلف "ابواب" کے تحت نقل کیا ہے۔
وہ ایک باب کے عنوان کے تحت اس موضوع سے متعلق مختلف روایات ذکر کرتے ہیں، اور اگر اس باب سے متعلق ضمنی طور پر کچھ دیگر پہلو بھی ہوں، تو وہ بعض اوقات اسے عنوان کے بغیر صرف "باب منہ" کہہ کر نشاندہی کر دیتے ہیں۔
اگر کسی ایک موضوع پر مختلف روایات ایک ہی سند کے ساتھ منقول ہوں، تو وہ اس سند کے کسی ضعیف راوی پر ایک ہی مرتبہ تبصرہ کرتے ہیں اور بعد میں اس کی طرف رجوع کرنے کا کہہ دیتے ہیں۔
بعض اوقات ایسا ہوتا ہے، کسی نقل شدہ حدیث میں کسی مصنف نے کچھ الفاظ زائد نقل کیے ہوتے ہیں، علامہ ہیتھمی اس کی وضاحت کر دیتے ہیں: کہ فلاں محدث نے اس روایت میں یہ الفاظ زائد نقل کیے ہیں۔
بعض اوقات وہ اس امر کی وضاحت کر دیتے ہیں کہ جو حدیث نقل کی جا رہی ہے وہ "صحاحِ ستہ" میں مذکور ہے، لیکن روایت کا "سیاق"— "صحاحِ ستہ" میں مذکور نہیں ہے، اس لیے وہ اس روایت کو اس کے "اضافی سیاق" سمیت نقل کرتے ہیں۔
علامہ ہیتھمی نے اس کتاب میں بہت سی ایسی احادیث نقل کی ہیں جن کا نفسِ مضمون "صحاحِ ستہ" میں مذکور ہے، لیکن کیونکہ وہی حدیث "مسانیدِ ثلاثہ" یا "معاجم" کے مؤلفین نے دیگر صحابہ کرام کے حوالے سے نقل کی ہوتی ہیں، تو اس حوالے سے وہ حدیث کے متن کی بجائے روایت کرنے والے صحابی کے مختلف ہونے کی وجہ سے اس کا شمار "زوائد" میں کر دیتے ہیں، اس کی مثال وہ حدیث ہے جس میں اس شخص کو وعید بیان کی گئی ہے جو نبی اکرم کی طرف کوئی جھوٹی بات منسوب کرتا ہے۔
جب وہ کوئی روایت نقل کرتے ہیں اور وہ روایت مختلف کتابوں کے مصنفین نے نقل کی ہیں تو بعض اوقات وہ یہ وضاحت کر دیتے ہیں: روایت کے الفاظ کون سے مصنف کی نقل کردہ ہیں۔
کسی روایت کی سند میں اگر کوئی ضعیف راوی ہو تو اس کی وضاحت کر دیتے ہیں۔
اگر کوئی مجہول راوی ہو تو یہ صراحت کر دیتے ہیں کہ میں نے محدثین میں سے کسی کو اس کا ذکر کرتے ہوئے نہیں پایا ہے۔
اگر روایت میں کوئی راوی مجہول نہ ہو، لیکن اس نے اپنے شیخ سے سماع نہ کیا ہو تو مصنف اس کی وضاحت کر دیتے ہیں، جیسا کہ انہوں نے کئی مقام پر اس بات کی وضاحت کی ہے: کہ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے صاحبزادے ابو عبیدہ نے اپنے والد سے سماع نہیں کیا ہے۔
کسی راوی کی توثیق یا تضعیف کے حوالے سے ماہرینِ علمِ حدیث کے ماہرین کی آراء کا ذکر کر دیتے ہیں، جیسے کسی راوی کے بارے میں وہ تحریر کرتے ہیں: امام احمد نے اس راوی کو ضعیف قرار دیا ہے، یا یحییٰ بن معین نے اس کی توثیق کی ہے، یا ابنِ حبان نے اس راوی کا تذکرہ کتاب "الثقات" میں کیا ہے وغیرہ۔