تفسير ابن كثير



سورۃ طه

[ترجمہ محمد جوناگڑھی][ترجمہ فتح محمد جالندھری][ترجمہ عبدالسلام بن محمد]
قَالَ رَبِّ اشْرَحْ لِي صَدْرِي[25] وَيَسِّرْ لِي أَمْرِي[26] وَاحْلُلْ عُقْدَةً مِنْ لِسَانِي[27] يَفْقَهُوا قَوْلِي[28] وَاجْعَلْ لِي وَزِيرًا مِنْ أَهْلِي[29] هَارُونَ أَخِي[30] اشْدُدْ بِهِ أَزْرِي[31] وَأَشْرِكْهُ فِي أَمْرِي[32] كَيْ نُسَبِّحَكَ كَثِيرًا[33] وَنَذْكُرَكَ كَثِيرًا[34] إِنَّكَ كُنْتَ بِنَا بَصِيرًا[35]

[ترجمہ محمد عبدالسلام بن محمد] اس نے کہا اے میرے رب! میرے لیے میرا سینہ کھول دے۔ [25] اور میرے لیے میرا کام آسان کر دے۔ [26] اور میری زبان کی کچھ گرہ کھول دے۔ [27] کہ وہ میری بات سمجھ لیں۔ [28] اور میرے لیے میرے گھر والوں میں سے ایک بوجھ بٹانے والا بنادے۔ [29] ہارون کو، جو میرا بھائی ہے۔ [30] اس کے ساتھ میری پشت مضبوط کر دے۔ [31] اور اسے میرے کام میں شریک کر دے۔ [32] تاکہ ہم تیری بہت تسبیح کریں۔ [33] اور تجھے بہت یاد کریں۔ [34] بے شک تو ہمیشہ ہمارے حال کو خوب دیکھنے والا رہا ہے۔ [35]
........................................

[ترجمہ محمد جوناگڑھی] موسیٰ (علیہ السلام) نے کہا اے میرے پروردگار! میرا سینہ میرے لئے کھول دے [25] اور میرے کام کو مجھ پر آسان کر دے [26] اور میری زبان کی گره بھی کھول دے [27] تاکہ لوگ میری بات اچھی طرح سمجھ سکیں [28] اور میرا وزیر میرے کنبے میں سے کر دے [29] یعنی میرے بھائی ہارون (علیہ السلام) کو [30] تو اس سے میری کمر کس دے [31] اور اسے میرا شریک کار کر دے [32] تاکہ ہم دونوں بکثرت تیری تسبیح بیان کریں [33] اور بکثرت تیری یاد کریں [34] بیشک تو ہمیں خوب دیکھنے بھالنے واﻻ ہے [35]۔
........................................

[ترجمہ فتح محمد جالندھری] کہا میرے پروردگار (اس کام کے لئے) میرا سینہ کھول دے [25] اور میرا کام آسان کردے [26] اور میری زبان کی گرہ کھول دے [27] تاکہ وہ بات سمجھ لیں [28] اور میرے گھر والوں میں سے (ایک کو) میرا وزیر (یعنی مددگار) مقرر فرما [29] (یعنی) میرے بھائی ہارون کو [30] اس سے میری قوت کو مضبوط فرما [31] اور اسے میرے کام میں شریک کر [32] تاکہ ہم تیری بہت سی تسبیح کریں [33] اور تجھے کثرت سے یاد کریں [34] تو ہم کو (ہر حال میں) دیکھ رہا ہے [35]۔
........................................

 

تفسیر آیت/آیات، 25، 26، 27، 28، 29، 30، 31، 32، 33، 34، 35،

موسیٰ علیہ السلام کی دعائیں ٭٭

جب موسیٰ علیہ السلام کو اسے ہدایت کرنے کا حکم ہوا تو آپ نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ میرا سینہ کھول دے اور میرے کام میں آسانی پیدا کر دے۔ اگر تو خود میرا مددگار نہ بنا تو یہ سخت بار میرے کمزور کندھے نہیں اٹھا سکتے۔ اور میری زبان کی گرہ کھول دے۔

چونکہ آپ کے بچپن کے زمانے میں آپ کے سامنے کھجور اور انگارے رکھے گئے تھے، آپ نے انگارہ لے کر منہ میں رکھ لیا تھا، اس لیے زبان میں لکنت ہو گئی تھی، تو دعا کی کہ میرے زبان کی گرہ کھل جائے۔ موسیٰ علیہ السلام کے اس ادب کو دیکھئے کہ بقدر حاجت سوال کرتے ہیں یہ نہیں عرض کرتے کہ میری زبان بالکل صاف ہو جائے بلکہ دعا یہ کرتے ہیں کہ گرہ کھل جائے تاکہ لوگ میری بات سمجھ لیں۔ انبیاء علیہم السلام اللہ سے صرف حاجت روائی کے مطابق ہی عرض کرتے ہیں، آگے نہیں بڑھتے۔

چنانچہ آپ کی زبان میں پھر بھی کچھ کسر رہ گئی تھی جیسے کہ فرعون نے کہا تھا کہ کیا میں بہتر ہوں یا یہ؟ جو فرد مایہ ہے اور صاف بول بھی نہیں سکتا۔ حسن بصری رحمہ اللہ فرماتے ہیں، ایک گرہ کھلنے کی دعا کی تھی جو پوری ہوئی۔ اگر پوری دعا کی ہوتی تو وہ بھی پوری ہوتی۔ آپ نے صرف اسی قدر دعا کی تھی کہ آپ کی زبان ایسی کر دی جائے کہ لوگ آپ کی بات سمجھ لیا کریں۔
5208

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہا فرماتے ہیں، ڈر تھا کہ کہیں وہ الزام قتل رکھ کر قتل نہ کر دیں اس کی دعا کی جو قبول ہوئی۔ زبان میں اٹکاؤ تھا اس کی بابت دعا کی کہ اتنی صاف ہو جائے کہ لوگ بات سمجھ لیں یہ دعا بھی پوری ہوئی۔ دعا کی کہ ہارون کو بھی نبی بنا دیا جائے یہ بھی پوری ہوئی۔

محمد بن کعب رحمہ اللہ کے پاس ان کے ایک رشتے دار آئے اور کہنے لگے، یہ تو بڑی کمی ہے کہ تم بولنے میں غلط بول جاتے ہو۔ آپ نے فرمایا بھتیجے کیا میری بات تمہاری سمجھ میں نہیں آتی؟ کہا ہاں سمجھ میں تو آ جاتی ہے، کہا بس یہی کافی ہے۔

موسیٰ علیہ السلام نے بھی اللہ سے یہی اور اتنی ہی دعا کی تھی۔ پھر اور دعا کی کہ میری خارجی اور ظاہری امداد کے لیے میرا وزیر بنا دے اور ہو بھی وہ میرے کنبے میں سے۔ یعنی میرے بھائی ہارون کو نبوت عطا فرما۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہا فرماتے ہیں اسی وقت ہارون علیہ السلام کو موسیٰ علیہ السلام کے ساتھ ہی نبوت عطا فرمائی گئی۔
5209

سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا عمرے کے لیے جاتے ہوئے کسی اعرابی کے ہاں مقیم تھیں کہ سنا ایک شخص پوچھتا ہے کہ دنیا میں کس بھائی نے اپنے بھائی کو سب سے زیادہ نفع پہنچایا ہے؟ اس سوال پر سب خاموش ہو گئے اور کہہ دیا کہ ہمیں اس کا علم نہیں۔ اس نے کہا اللہ کی قسم مجھے اس کا علم ہے۔

سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں میں نے اپنے دل میں کہا، دیکھو یہ شخص کتنی بیجا جسارت کرتا ہے، بغیر ان شاءاللہ کے قسم کھا رہا ہے۔ لوگوں نے اس سے پوچھا کہ بتاؤ، اس نے جواب دیا موسیٰ علیہ السلام کہ اپنے بھائی کو اپنی دعا سے نبوت دلوائی۔ میں بھی یہ سن کر دنگ رہ گئی اور دل میں کہنے لگی، بات تو سچ کہی، فی الواقع اس سے زیادہ کوئی بھائی اپنے بھائی کو نفع نہیں پہنچا سکتا۔

اللہ نے سچ فرمایا کہ موسیٰ علیہ السلام اللہ کے پاس بڑے آبرو دار تھے۔ اس دعا کی وجہ بیان کرتے ہیں کہ میری کمر مضبوط ہو جائے۔ تاکہ ہم تیری تسبیح اچھی طرح بیان کریں۔ ہر وقت تیری پاکیزگی بیان کرتے رہیں اور تیری یاد بکثرت کریں۔

مجاہد رحمہ اللہ فرماتے ہیں، بندہ اللہ تعالیٰ کا زیادہ ذکر کرنے والا اسی وقت ہوتا ہے جب کہ وہ بیٹھتے اٹھتے اور لیٹتے ذکر اللہ میں مشغول رہے۔ تو ہمیں دیکھتا ہے، یہ تیرا رحم و کرم ہے کہ تو نے ہمیں برگزیدہ کیا، ہمیں نبوت عطا فرمائی اور ہمیں اپنے دشمن فرعون کی طرف اپنا نبی بنا کر اس کی ہدایت کے لیے مبعوث فرمایا۔ تیرا شکر ہے اور تیرے ہی لیے تمام تعریفیں سزاوار ہیں۔ تیری ان نعمتوں پر ہم تیرے شکر گزار ہیں۔
5210



http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.