تفسير ابن كثير



سورۃ الصافات

[ترجمہ محمد جوناگڑھی][ترجمہ فتح محمد جالندھری][ترجمہ عبدالسلام بن محمد]
وَلَقَدْ سَبَقَتْ كَلِمَتُنَا لِعِبَادِنَا الْمُرْسَلِينَ[171] إِنَّهُمْ لَهُمُ الْمَنْصُورُونَ[172] وَإِنَّ جُنْدَنَا لَهُمُ الْغَالِبُونَ[173] فَتَوَلَّ عَنْهُمْ حَتَّى حِينٍ[174] وَأَبْصِرْهُمْ فَسَوْفَ يُبْصِرُونَ[175] أَفَبِعَذَابِنَا يَسْتَعْجِلُونَ[176] فَإِذَا نَزَلَ بِسَاحَتِهِمْ فَسَاءَ صَبَاحُ الْمُنْذَرِينَ[177] وَتَوَلَّ عَنْهُمْ حَتَّى حِينٍ[178] وَأَبْصِرْ فَسَوْفَ يُبْصِرُونَ[179]

[ترجمہ محمد عبدالسلام بن محمد] اور بلاشبہ یقینا ہمارے بھیجے ہوئے بندوں کے لیے ہماری بات پہلے طے ہو چکی۔ [171] کہ بے شک وہ، یقینا وہی ہیں جن کی مدد کی جائے گی۔ [172] اور بے شک ہمارا لشکر، یقینا وہی غالب آنے والا ہے ۔ [173] سو ایک وقت تک ان سے منہ موڑ لے۔ [174] اور انھیں دیکھ، پس وہ بھی عنقریب دیکھ لیں گے۔ [175] تو کیا وہ ہمارا عذاب جلدی مانگتے ہیں؟ [176] پھر جب وہ ان کے صحن میں اترے گا تو ڈرائے گئے لوگوں کی صبح بری ہوگی۔ [177] اور ایک وقت تک ان سے منہ موڑ لے۔ [178] اور دیکھ، پس وہ بھی جلدی دیکھ لیں گے۔ [179]
........................................

[ترجمہ محمد جوناگڑھی] اور البتہ ہمارا وعده پہلے ہی اپنے رسولوں کے لئے صادر ہو چکا ہے [171] کہ یقیناً وه ہی مدد کیے جائیں گے [172] اور ہمارا ہی لشکر غالب (اور برتر) رہے گا [173] اب آپ کچھ دنوں تک ان سے منھ پھیر لیجئے [174] اور انہیں دیکھتے رہیئے، اور یہ بھی آگے چل کر دیکھ لیں گے [175] کیا یہ ہمارے عذاب کی جلدی مچا رہے ہیں؟ [176] سنو! جب ہمارا عذاب ان کے میدان میں اتر آئے گا اس وقت ان کی جن کو متنبہ کر دیا گیا تھا بڑی بری صبح ہوگی [177] آپ کچھ وقت تک ان کا خیال چھوڑ دیجئے [178] اور دیکھتے رہئیے یہ بھی ابھی ابھی دیکھ لیں گے [179]۔
........................................

[ترجمہ فتح محمد جالندھری] اور اپنے پیغام پہنچانے والے بندوں سے ہمارا وعدہ ہوچکا ہے [171] کہ وہی (مظفرو) منصور ہیں [172] اور ہمارا لشکر غالب رہے گا [173] تو ایک وقت تک ان سے اعراض کئے رہو [174] اور انہیں دیکھتے رہو۔ یہ بھی عنقریب (کفر کا انجام) دیکھ لیں گے [175] کیا یہ ہمارے عذاب کے لئے جلدی کر رہے ہیں [176] مگر جب وہ ان کے میدان میں آ اُترے گا تو جن کو ڈر سنا دیا گیا تھا ان کے لئے برا دن ہوگا [177] اور ایک وقت تک ان سے منہ پھیرے رہو [178] اور دیکھتے رہو یہ بھی عنقریب (نتیجہ) دیکھ لیں گے [179]۔
........................................

 

تفسیر آیت/آیات، 171، 172، 173، 174، 175، 176، 177، 178، 179،

عذاب الٰہی آ کر رہے گا ٭٭

ارشاد باری ہے کہ ہم تو اگلی کتابوں میں بھی لکھ آئے ہیں پہلے نبیوں کی زبانی بھی دنیا کو سنا چکے ہیں کہ دنیا اور آخرت میں ہمارے رسول اور ان کے تابعداروں ہی کا انجام بہتر ہوتا ہے جیسے فرمایا «كَتَبَ اللّٰهُ لَاَغْلِبَنَّ اَنَا وَرُسُلِيْ ۭ اِنَّ اللّٰهَ قَوِيٌّ عَزِيْزٌ» [58-المجادلة:21] ‏‏‏‏، اور فرمایا «اِنَّا لَنَنْصُرُ رُسُلَنَا وَالَّذِيْنَ اٰمَنُوْا فِي الْحَيٰوةِ الدُّنْيَا وَيَوْمَ يَقُوْمُ الْاَشْهَادُ» [40-غافر:51] ‏‏‏‏، یعنی ” میں، میرے رسول اور ایماندار ہی دونوں جہان میں غالب رہیں گے “۔

یہاں بھی یہی فرمایا کہ ” رسولوں سے ہمارا وعدہ ہو چکا ہے۔ کہ وہ منصور ہیں۔ ہم خود ان کی مدد کریں گے۔ دیکھتے چلے آؤ کہ ان کے دشمن کس طرح خاک میں ملا دیئے گئے؟ یاد رکھو ہمارا لشکر ہی غالب رہے گا۔ انجام کار انہی کے ہاتھ رہے گا۔ تو ایک وقت مقررہ تک صبر و استقامت سے معاملہ دیکھتا رہ ان کی ایذاؤں پر صبر کر ہم تجھے ان سب پر غالب کر دیں گے۔ دنیا نے دیکھ لیا کہ یہی ہوا بھی تو انہیں دیکھتا رہ کہ کس طرح اللہ کی پکڑ ان پر نازل ہوتی ہے؟ اور کس طرح یہ ذلت و توہین کے ساتھ پکڑ لیے جاتے ہیں؟ یہ خود ان تمام رسوائیوں کو ابھی ابھی دیکھ لیں گے۔ تعجب سا تعجب ہے کہ یہ طرح طرح کے چھوٹے چھوٹے عذابوں کی گرفت کے باوجود ابھی تک بڑے عذاب کو محال جانتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ کب آئے گا؟ “

پس انہیں جواب ملتا ہے کہ ” جب عذاب ان کے میدانوں میں، محلوں میں، انگنائیوں میں آئے گا وہ دن ان پر بڑا ہی بھاری دن ہو گا۔ یہ ہلاک اور برباد کر دیئے جائیں گے “۔
7647

صحیح بخاری شریف میں ہے کہ خیبر کے میدانوں میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا لشکر صبح ہی صبح کفار کی بے خبری میں پہنچ گیا وہ لوگ حسب عادت اپنی کھیتیوں کے آلات لے کر شہر سے نکلے اور اس اللہ کی فوج کو دیکھ کر بھاگے اور شہر والوں کو خبر کی، اس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہی فرمایا کہ اللہ بہت بڑا ہے خیبر خراب ہوا۔ ہم جب کسی قوم کے میدان میں اتر آتے ہیں اس وقت ان کی درگت ہوتی ہے ۔ [صحیح بخاری:371] ‏‏‏‏

پھر دوبارہ پہلے حکم کی تاکید کی کہ ” تو ان سے ایک مدت معین تک کے لیے بے پرواہ ہو جا اور انہیں چھوڑ دے اور دیکھتا رہ یہ بھی دیکھ لیں گے “۔
7648



http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.