تفسير ابن كثير



سورۃ النازعات

[ترجمہ محمد جوناگڑھی][ترجمہ فتح محمد جالندھری][ترجمہ عبدالسلام بن محمد]
أَأَنْتُمْ أَشَدُّ خَلْقًا أَمِ السَّمَاءُ بَنَاهَا[27] رَفَعَ سَمْكَهَا فَسَوَّاهَا[28] وَأَغْطَشَ لَيْلَهَا وَأَخْرَجَ ضُحَاهَا[29] وَالْأَرْضَ بَعْدَ ذَلِكَ دَحَاهَا[30] أَخْرَجَ مِنْهَا مَاءَهَا وَمَرْعَاهَا[31] وَالْجِبَالَ أَرْسَاهَا[32] مَتَاعًا لَكُمْ وَلِأَنْعَامِكُمْ[33]

[ترجمہ محمد عبدالسلام بن محمد] کیا پیدا کرنے میں تم زیادہ مشکل ہو یا آسمان؟ اس نے اسے بنایا۔ [27] اس کی چھت کو بلند کیا، پھر اسے برابر کیا۔ [28] اور اس کی رات کو تاریک کر دیا اور اس کے دن کی روشنی کو ظاہر کر دیا۔ [29] اور زمین، اس کے بعد اسے بچھا دیا۔ [30] اس سے اس کا پانی اور اس کا چارا نکالا۔ [31] اور پہاڑ، اس نے انھیں گاڑ دیا۔ [32] تمھاری اور تمھارے چوپاؤں کی زندگی کے سامان کے لیے۔ [33]
........................................

[ترجمہ محمد جوناگڑھی] کیا تمہارا پیدا کرنا زیاده دشوار ہے یا آسمان کا؟ اللہ تعالیٰ نے اسے بنایا [27] اس کی بلندی اونچی کی پھر اسے ٹھیک ٹھاک کر دیا [28] اسکی رات کو تاریک بنایا اور اس کے دن کو نکالا [29] اور اس کے بعد زمین کو (ہموار) بچھا دیا [30] اس میں سے پانی اور چاره نکالا [31] اور پہاڑوں کو (مضبوط) گاڑ دیا [32] یہ سب تمہارے اور تمہارے جانوروں کے فائدے کے لئے (ہیں) [33]۔
........................................

[ترجمہ فتح محمد جالندھری] بھلا تمہارا بنانا آسان ہے یا آسمان کا؟ اسی نے اس کو بنایا [27] اس کی چھت کو اونچا کیا اور پھر اسے برابر کر دیا [28] اور اسی نے رات کو تاریک بنایا اور (دن کو) دھوپ نکالی [29] اور اس کے بعد زمین کو پھیلا دیا [30] اسی نے اس میں سے اس کا پانی نکالا اور چارا اگایا [31] اور اس پر پہاڑوں کابوجھ رکھ دیا [32] یہ سب کچھ تمہارے اور تمہارے چارپایوں کے فائدے کے لیے (کیا) [33]۔
........................................

 

تفسیر آیت/آیات، 27، 28، 29، 30، 31، 32، 33،

موت و حیات کی سرگزشت ٭٭

جو لوگ مرنے کے بعد زندہ ہونے کے منکر تھے، انہیں پروردگار دلیلیں دیتا ہے کہ ” تمہاری پیدائش سے تو بہت زیادہ مشکل پیدائش آسمانوں کی ہے “۔

جیسے اور جگہ ہے «‏‏‏‏لَخَــلْقُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ اَكْبَرُ مِنْ خَلْقِ النَّاسِ وَلٰكِنَّ اَكْثَرَ النَّاسِ لَا يَعْلَمُوْنَ» ‏‏‏‏ [40-غافر:57] ‏‏‏‏ یعنی ” زمین و آسمان کی پیدائش انسانوں کی پیدائش سے زیادہ بھاری ہے “۔

اور جگہ ہے آیت «أَوَلَيْسَ الَّذِي خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ بِقَادِرٍ عَلَىٰ أَن يَخْلُقَ مِثْلَهُم بَلَىٰ وَهُوَ الْخَلَّاقُ الْعَلِيمُ» ‏‏‏‏ [36-يس:81] ‏‏‏‏ ” کیا جس نے زمین و آسمان پیدا کر دیا ہے ان جیسے انسانوں کو دوبارہ پیدا کرنے پر قدرت نہیں رکھتا؟ ضرور وہ قادر ہے اور وہ ہی بڑا پیدا کرنے والا اور خوب جاننے والا ہے “۔

آسمانوں کو اس نے بنایا یعنی بلند و بالا خوب چوڑا اور کشادہ اور بالکل برابر بنایا پھر اندھیری راتوں میں خوب چمکنے والے ستارے اس میں جڑ دیئے، رات کو سیاہ اور اندھیرے والی بنایا اور دن کو روشن اور نور والا بنایا اور اس کے بعد زمین کو بچھا دیا یعنی پانی اور چارہ نکالا۔

سورۃ حم سجدہ میں یہ بیان گزر چکا ہے کہ زمین کی پیدائش تو آسمان سے پہلے ہے ہاں اس کی برکات کا اظہار آسمانوں کی پیدائش کے بعد ہوا جس کا بیان یہاں ہو رہا ہے۔

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما اور بہت سے مفسرین سے یہی مروی ہے، امام ابن جریر رحمہ اللہ بھی اسی کو پسند فرماتے ہیں، اس کا تفصیلی بیان گزر چکا ہے اور پہاڑوں کو اس نے خوب مضبوط گاڑ دیا ہے وہ حکمتوں والا صحیح علم والا ہے اور ساتھ ہی اپنی مخلوق پر بے حد مہربان ہے۔
10255

مسند احمد میں ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ جب اللہ تعالیٰ نے زمین کو پیدا کیا وہ ہلنے لگی پروردگار نے پہاڑوں کو پیدا کر کے زمین پر گاڑ دیا جس سے وہ ٹھہر گئی فرشتوں کو اس سے سخت تر تعجب ہوا اور پوچھنے لگے: اے اللہ! تیری مخلوق میں ان پہاڑوں سے بھی زیادہ سخت چیز کوئی اور ہے؟ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ہاں لوہا، پوچھا: اس سے بھی زیادہ سخت؟ فرمایا: آگ، پوچھا: اس سے بھی زیادہ سخت؟ فرمایا: ہاں پانی، پوچھا: اس سے بھی زیادہ سخت؟ فرمایا: ہوا۔ پوچھا: پروردگار کیا تیری مخلوق میں اس سے بھاری کوئی اور چیز ہے؟ فرمایا: ہاں ابن آدم وہ یہ ہے کہ اپنے دائیں ہاتھ سے جو خرچ کرتا ہے اس کی خبر پائیں ہاتھ کو بھی نہیں ہوتی [مسند احمد:124/3:ضعیف] ‏‏‏‏

ابن جریر میں سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ جب زمین کو اللہ تعالیٰ نے پیدا کیا تو وہ کانپنے لگی اور کہنے لگی مجھ پر تو آدم اور اس کی اولاد کو پیدا کرنے والا ہے جو اپنی گندگی مجھ پر ڈالیں گے اور میری پیٹھ پر تیری نافرمانیاں کریں گے۔ اللہ تعالیٰ نے پہاڑ گاڑ کر زمین کو ٹھہرا دیا بہت سے پہاڑ تم دیکھ رہے ہو اور بہت سے تمہاری نگاہوں سے اوجھل ہیں، زمین کا پہاڑوں کے بعد سکون حاصل کرنا بالکل ایسا ہی تھا جیسے اونٹ کو ذبح کرتے ہی اس کا گوشت تھرکتا رہتا ہے پھر کچھ دیر بعد ٹھہر جاتا ہے۔‏‏‏‏

پھر فرماتا ہے کہ ” یہ سب تمہارے اور تمہارے جانوروں کے فائدے کے لیے ہے “، یعنی زمین سے چشموں اور نہروں کا جاری کرنا، زمین کے پوشیدہ خزانوں کو ظاہر کرنا، کھیتیاں اور درخت اگانا، پہاڑوں کا گاڑنا تاکہ زمین سے پورا پورا فائدہ تم اٹھا سکو، یہ سب باتیں انسانوں کے فائدے کیلئے ہیں اور ان کے جانوروں کے فائدے کے لیے پھر وہ جانور بھی انہی کے فائدے کے لیے ہیں کہ بعض کا گوشت کھاتے ہیں بعض پر سواریاں لیتے ہیں اور اپنی عمر اس دنیا میں سکھ چین سے بسر کر رہے ہیں۔
10256



http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.