تفسير ابن كثير



سورۃ الإنفطار

[ترجمہ محمد جوناگڑھی][ترجمہ فتح محمد جالندھری][ترجمہ عبدالسلام بن محمد]
إِنَّ الْأَبْرَارَ لَفِي نَعِيمٍ[13] وَإِنَّ الْفُجَّارَ لَفِي جَحِيمٍ[14] يَصْلَوْنَهَا يَوْمَ الدِّينِ[15] وَمَا هُمْ عَنْهَا بِغَائِبِينَ[16] وَمَا أَدْرَاكَ مَا يَوْمُ الدِّينِ[17] ثُمَّ مَا أَدْرَاكَ مَا يَوْمُ الدِّينِ[18] يَوْمَ لَا تَمْلِكُ نَفْسٌ لِنَفْسٍ شَيْئًا وَالْأَمْرُ يَوْمَئِذٍ لِلَّهِ[19]

[ترجمہ محمد عبدالسلام بن محمد] بے شک نیک لوگ یقیناً بڑی نعمت میں ہوں گے۔ [13] اور بے شک نافرمان لوگ یقیناً بھڑکتی آگ میں ہوں گے۔ [14] وہ اس میں جزا کے دن داخل ہوں گے۔ [15] اور وہ اس سے کبھی غائب ہونے والے نہیں ہیں۔ [16] اور تجھے کس چیز نے معلوم کروایا کہ جزا کا دن کیا ہے؟ [17] پھر تجھے کس چیز نے معلوم کروایا کہ جزا کا دن کیا ہے؟ [18] جس دن کوئی جان کسی جان کے لیے کسی چیز کا اختیار نہ رکھے گی اور اس دن حکم صرف اللہ کا ہوگا۔ [19]
........................................

[ترجمہ محمد جوناگڑھی] یقیناً نیک لوگ (جنت کے عیش و آرام اور) نعمتوں میں ہوں گے [13] اور یقیناً بدکار لوگ دوزخ میں ہوں گے [14] بدلے والے دن اس میں جائیں گے [15] وه اس سے کبھی غائب نہ ہونے پائیں گے [16] تجھے کچھ خبر بھی ہے کہ بدلے کا دن کیا ہے [17] میں پھر (کہتا ہوں کہ) تجھے کیا معلوم کہ جزا (اور سزا) کا دن کیا ہے [18] (وه ہے) جس دن کوئی شخص کسی شخص کے لئے کسی چیز کا مختار نہ ہوگا، اور (تمام تر) احکام اس روز اللہ کے ہی ہوں گے [19]۔
........................................

[ترجمہ فتح محمد جالندھری] بے شک نیکوکار نعمتوں (کی بہشت) میں ہوں گے۔ [13] اور بدکردار دوزخ میں [14] (یعنی) جزا کے دن اس میں داخل ہوں گے [15] اور اس سے چھپ نہیں سکیں گے [16] اور تمہیں کیا معلوم کہ جزا کا دن کیسا ہے؟ [17] پھر تمہیں کیا معلوم کہ جزا کا دن کیسا ہے؟ [18] جس روز کوئی کسی کا بھلا نہ کر سکے گا اور حکم اس روز خدا ہی کا ہو گا [19]۔
........................................

 

تفسیر آیت/آیات، 13، 14، 15، 16، 17، 18، 19،

ابرار کا کردار ٭٭

جو لوگ اللہ تعالیٰ کے اطاعت گزار فرمانبردار ہیں، گناہوں سے دور رہتے ہیں، انہیں اللہ تعالیٰ جنت کی خوشخبری دیتا ہے۔ حدیث میں ہے کہ انہیں «ابرار» اس لیے کہا جاتا ہے کہ یہ اپنے ماں باپ کے فرمانبردار تھے اور اپنی اولاد کے ساتھ نیک سلوک کرتے تھے ۔ [سلسلۃ احادیث ضعیفہ البانی:3221] ‏‏‏‏

بدکار لوگ دائمی عذاب میں پڑیں گے، قیامت کے دن جو حساب کا اور بدلے کا دن ہے ان کا داخلہ اس میں ہو گا ایک ساعت بھی ان پر عذاب ہلکا نہ ہو گا، نہ موت آئے گی، نہ راحت ملے گی، نہ ایک ذرا سی دیر اس سے الگ ہوں گے۔ پھر قیامت کی بڑائی اور اس دن کی ہولناکی ظاہر کرنے کے لیے دو دو بار فرمایا کہ تمہیں کس چیز نے معلوم کرایا کہ وہ دن کیسا ہے؟ پھر خود ہی بتلایا کہ اس دن کوئی کسی کو کچھ بھی نفع نہ پہنچا سکے گا، نہ عذاب سے نجات دلوا سکے گا۔ ہاں یہ اور بات ہے کہ کسی کی سفارش کی اجازت خود ہی اللہ تبارک و تعالیٰ عطا فرمائے۔

اس موقعہ پر یہ حدیث وارد کرنی بالکل مناسب ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اے بنو ہاشم! اپنی جانوں کو جہنم سے بچانے کے لیے نیک اعمال کی تیاریاں کر لو میں تمہیں اس دن اللہ تعالیٰ کے عذاب سے بچانے کا اختیار نہیں رکھتا ۔ [صحیح مسلم:204] ‏‏‏‏ یہ حدیث سورۃ الشعراء کی تفسیر میں گزر چکی ہے۔

یہاں بھی فرمایا کہ اس دن امر محض اللہ کا ہی ہو گا۔

جیسے اور جگہ ہے «لِمَنِ المُلكُ اليَومَ لِلَّهِ الواحِدِ القَهّارِ» [40-غافر:16] ‏‏‏‏

اور جگہ ارشاد ہے «الْمُلْكُ يَوْمَئِذٍ الْحَقُّ لِلرَّحْمَـٰنِ» [25-الفرقان:26] ‏‏‏‏

اور فرمایا «مٰلِكِ يَوْمِ الدِّيْنِ» [1-الفاتحة:4] ‏‏‏‏

مطلب سب کا یہی ہے کہ ملک و ملکیت اس دن صرف اللہ واحد و قہار و رحمن کی ہی ہو گی، گو آج بھی اسی کی ملکیت ہے وہ ہی تنہا مالک ہے اسی کا حکم چلتا ہے مگر وہاں ظاہر داری حکومت، ملکیت اور امر والا بھی نہ ہو گا۔

سورۃ انفطار کی تفسیر ختم ہوئی۔ «فالْحَمْدُ لِلَّـه»
10382



http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.