تفسير ابن كثير



سورۃ البروج

[ترجمہ محمد جوناگڑھی][ترجمہ فتح محمد جالندھری][ترجمہ عبدالسلام بن محمد]
وَالسَّمَاءِ ذَاتِ الْبُرُوجِ[1] وَالْيَوْمِ الْمَوْعُودِ[2] وَشَاهِدٍ وَمَشْهُودٍ[3] قُتِلَ أَصْحَابُ الْأُخْدُودِ[4] النَّارِ ذَاتِ الْوَقُودِ[5] إِذْ هُمْ عَلَيْهَا قُعُودٌ[6] وَهُمْ عَلَى مَا يَفْعَلُونَ بِالْمُؤْمِنِينَ شُهُودٌ[7]

[ترجمہ محمد عبدالسلام بن محمد] قسم ہے برجوں والے آسمان کی! [1] اور اس دن کی جس کا وعدہ دیا گیا ہے ! [2] اور حاضر ہونے والے کی اور جس کے پاس حاضر ہوا جائے! [3] مارے گئے اس خندق والے۔ [4] جو سراسر آگ تھی بہت ایندھن والی۔ [5] جب وہ اس کے اوپر بیٹھے ہوئے تھے ۔ [6] اور وہ اس پر جو وہ ایمان والوں کے ساتھ کر رہے تھے، گواہ تھے۔ [7]
........................................

[ترجمہ محمد جوناگڑھی] برجوں والے آسمان کی قسم! [1] وعده کیے ہوئے دن کی قسم! [2] حاضر ہونے والے اور حاضر کئے گئے کی قسم! [3] ﴿کہ﴾ خندقوں والے ہلاک کیے گئے [4] وه ایک آگ تھی ایندھن والی [5] جب کہ وه لوگ اس کے آس پاس بیٹھے تھے [6] اور مسلمانوں کے ساتھ جو کر رہے تھے اس کو اپنے سامنے دیکھ رہے تھے [7]۔
........................................

[ترجمہ فتح محمد جالندھری] آسمان کی قسم جس میں برج ہیں [1] اور اس دن کی جس کا وعدہ ہے [2] اور حاضر ہونے والے کی اور جو اس کے پاس حاضر کیا جائے اسکی [3] کہ خندقوں (کے کھودنے) والے ہلاک کر دیئے گئے [4] (یعنی) آگ (کی خندقیں) جس میں ایندھن (جھونک رکھا) تھا [5] جب کہ وہ ان (کے کناروں) پر بیٹھے ہوئے تھے [6] اور جو (سختیاں) اہل ایمان پر کر رہے تھے ان کو سامنے دیکھ رہے تھے [7]۔
........................................

 

تفسیر آیت/آیات، 1، 2، 3، 4، 5، 6، 7،

سب سے افضل اور اعلیٰ دن اور ذکر ایک موحد کا ٭٭

«بروج» سے مراد بڑے بڑے ستارے ہیں جیسے کہ آیت «جَعَلَ فِي السَّمَاءِ بُرُوْجًا وَّجَعَلَ فِيْهَا سِرٰجًا وَّقَمَرًا مُّنِيْرًا» [25-الفرقان:61] ‏‏‏‏ کی تفسیر میں گزر چکا ہے۔ مجاہد رحمہ اللہ سے مروی ہے کہ «بروج» وہ ہیں جن میں حفاطت کرنے والے رہتے ہیں۔ یحییٰ رحمہ اللہ فرماتے ہیں یہ آسمانی محل ہے، منہال بن عمرو رحمہ اللہ کہتے ہیں مراد اچھی بناوٹ والے آسمان ہیں، ابن خیثمہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں اس سے مراد سورج چاند کی منزلیں ہیں جو بارہ ہیں کہ سورج ان میں سے ہر ایک میں ایک مہینہ چلتا رہتا ہے اور چاند ان میں سے ہر ایک میں دو دن اور ایک تہائی دن چلتا ہے تو یہ اٹھائیس دن ہوئے اور دو راتوں تک وہ پوشیدہ رہتا ہے، نہیں نکلتا۔

ابن ابی حاتم کی حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں «وَالْيَوْمِ الْمَوْعُودِ» سے مراد قیامت کا دن ہے اور «شَاهِدٍ» سے مراد جمعہ کا دن ہے، سورج جن جن دنوں میں نکلتا اور ڈوبتا ہے ان میں سے سب سے اعلیٰ اور افضل دن جمعہ کا دن ہے اس میں ایک ساعت ایسی ہے کہ اس میں بندہ جو بھلائی طلب کرے مل جاتی ہے اور جس برائی سے پناہ چاہے ٹل جاتی ہے اور «مَشْهُودٍ» سے مراد عرفہ کا دن ہے۔ ابن خزیمہ میں بھی یہ حدیث ہے موسیٰ بن عبید زیدی اس کے راوی ہیں اور یہ ضعیف ہیں یہ روایت سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے خود ان کے قول سے مروی ہے اور یہی زیادہ صحیح معلوم ہوتی ہے۔ [ضعیف] ‏‏‏‏
10461

مسند میں سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے بھی یہی مروی ہے اور حضرات سے بھی یہ تفسیر مروی ہے اور ان میں اختلاف نہیں «فالْحَمْدُ لِلَّـه» ۔ [مسند احمد:298/2:ضعیف] ‏‏‏‏

اور روایت میں مرفوعاً مروی ہے کہ جمعے کے دن کو جسے یہاں شاہد کہا گیا ہے یہ خاص ہمارے لیے بطور خزانے کے چھپا رکھا گیا تھا۔ [تفسیر ابن جریر الطبری:36840:ضعیف] ‏‏‏‏

اور حدیث میں ہے کہ تمام دنوں کا سردار جمعہ کا دن ہے۔ [تفسیر ابن جریر الطبری:36850:مرسل] ‏‏‏‏

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے یہ بھی مروی ہے کہ شاہد سے مراد خود ذات محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور «مشہود» سے مراد قیامت کا دن ہے پھر آپ نے یہ آیت پڑھی «ذٰلِكَ يَوْمٌ مَّجْمُوْعٌ لَّهُ النَّاسُ وَذٰلِكَ يَوْمٌ مَّشْهُوْدٌ» [11-ھود:103] ‏‏‏‏ یعنی ” اس دن کے لیے لوگ جمع کئے گئے ہیں اور یہ دن «مشہود» یعنی حاضر کیا گیا ہے“۔

ایک شخص نے سیدنا امام حسن بن علی رضی اللہ عنہما سے سوال کیا کہ «شاہد» اور «مشہود» کیا ہے؟ آپ نے فرمایا تم نے کسی اور سے بھی پوچھا؟ اس نے کہا ہاں سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما اور سیدنا ابن زبیر رضی اللہ عنہما سے، فرمایا انہوں نے کیا جواب دیا؟ کہا قربانی کا دن اور جمعہ کا دن، کہا نہیں بلکہ مراد «شاہد» سے محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں جیسے قرآن میں اور جگہ ہے «فَكَيْفَ اِذَا جِئْنَا مِنْ كُلِّ اُمَّةٍ بِشَهِيْدٍ وَّجِئْنَا بِكَ عَلٰي هٰٓؤُلَاءِ شَهِيْدًا» [4-النساء:41] ‏‏‏‏ یعنی ” کیا حال ہو گا جب ہم ہر امت میں سے گواہ لائیں گے اور تجھے ان پر گواہ بنائیں گے “ اور «مشہود» سے مراد قیامت کا دن ہے قرآن کہتا ہے «وَذٰلِكَ يَوْمٌ مَّشْهُوْدٌ» ۔

یہ بھی مروی ہے کہ «شاہد» سے مراد ابن آدم اور «مشہود» سے مراد قیامت کا دن اور «مشہود» سے مراد جمعہ بھی مروی ہے اور «شاہد» سے مراد خود اللہ بھی ہے اور عرفہ کا دن بھی ہے۔
10462

ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جمعہ کے دن مجھ پر بکثرت درود پڑھا کرو وہ «مشہود» دن ہے جس پر فرشتے حاضر ہوتے ہیں۔ [تفسیر ابن جریر الطبری:36867:ضعیف] ‏‏‏‏

سعید بن جیبر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں «شاہد» اللہ ہے قرآن کہتا ہے «وَكَفٰى باللّٰهِ شَهِيْدًا» ‏‏‏‏ [48-الفتح:28] ‏‏‏‏ اور «مشہود» ہم ہیں قیامت کے دن ہم سب اللہ کے سامنے حاضر کر دئیے جائیں گے اکثر حضرات کا یہ فرمان ہے کہ «شاہد» جمعہ کا دن ہے اور «مشہود» عرفے کا دن ہے۔

ان قسموں کے بعد ارشاد ہوتا ہے کہ ” خندقوں والوں پر لعنت ہو۔ “ یہ کفار کی ایک قوم تھی جنہوں نے ایمان داروں کو مغلوب کر کے انہیں دین سے ہٹانا چاہا اور ان کے انکار پر زمین میں گڑھے کھود کر ان میں لکڑیاں بھر کر آگ بھڑکائی پھر ان سے کہا کہ اب بھی دین سے پلٹ جاؤ لیکن ان با خدا لوگوں نے انکار کیا اور ان ناخدا ترس کفار نے ان مسلمانوں کو اس بھڑکتی ہوئی آگ میں ڈال دیا، اسی کو بیان کیا جاتا ہے کہ ” یہ لوگ ہلاک ہوئے یہ ایندھن بھری بھڑکتی ہوئی آگ کی خندقوں کے کناروں پر بیٹھے ان مومنوں کے جلنے کا تماشا دیکھ رہے تھے۔“
10463



http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.