تفسير ابن كثير



سورۃ الغاشية

[ترجمہ محمد جوناگڑھی][ترجمہ فتح محمد جالندھری][ترجمہ عبدالسلام بن محمد]
أَفَلَا يَنْظُرُونَ إِلَى الْإِبِلِ كَيْفَ خُلِقَتْ[17] وَإِلَى السَّمَاءِ كَيْفَ رُفِعَتْ[18] وَإِلَى الْجِبَالِ كَيْفَ نُصِبَتْ[19] وَإِلَى الْأَرْضِ كَيْفَ سُطِحَتْ[20] فَذَكِّرْ إِنَّمَا أَنْتَ مُذَكِّرٌ[21] لَسْتَ عَلَيْهِمْ بِمُصَيْطِرٍ[22] إِلَّا مَنْ تَوَلَّى وَكَفَرَ[23] فَيُعَذِّبُهُ اللَّهُ الْعَذَابَ الْأَكْبَرَ[24] إِنَّ إِلَيْنَا إِيَابَهُمْ[25] ثُمَّ إِنَّ عَلَيْنَا حِسَابَهُمْ[26]

[ترجمہ محمد عبدالسلام بن محمد] تو کیا وہ اونٹوں کی طرف نہیں دیکھتے کہ وہ کیسے پیدا کیے گئے۔ [17] اور آسمان کی طرف کہ وہ کیسے بلند کیا گیا ۔ [18] اور پہاڑوں کی طرف کہ وہ کیسے نصب کیے گئے۔ [19] اور زمین کی طرف کہ وہ کیسے بچھائی گئی۔ [20] پس تو نصیحت کر، تو صرف نصیحت کرنے والا ہے۔ [21] تو ہرگز ان پر کوئی مسلط کیا ہوا نہیں ہے۔ [22] مگر جس نے منہ موڑا اور انکار کیا ۔ [23] تو اسے اللہ عذاب دے گا، سب سے بڑا عذاب۔ [24] یقینا ہماری ہی طرف ان کا لوٹ کر آنا ہے ۔ [25] پھر بے شک ہمارے ہی ذمے ان کا حساب ہے ۔ [26]
........................................

[ترجمہ محمد جوناگڑھی] کیا یہ اونٹوں کو نہیں دیکھتے کہ وه کس طرح پیدا کیے گئے ہیں [17] اور آسمان کو کہ کس طرح اونچا کیا گیا ہے [18] اور پہاڑوں کی طرف کہ کس طرح گاڑ دیئے گئے ہیں [19] اور زمین کی طرف کہ کس طرح بچھائی گئی ہے [20] پس آپ نصیحت کر دیا کریں (کیونکہ) آپ صرف نصیحت کرنے والے ہیں [21] آپ کچھ ان پر داروغہ نہیں ہیں [22] ہاں! جو شخص روگردانی کرے اور کفر کرے [23] اسے اللہ تعالیٰ بہت بڑا عذاب دے گا [24] بیشک ہماری طرف ان کا لوٹنا ہے [25] پھر بیشک ہمارے ذمہ ہے ان سے حساب لینا [26]۔
........................................

[ترجمہ فتح محمد جالندھری] یہ لوگ اونٹوں کی طرف نہیں دیکھتے کہ کیسے (عجیب) پیدا کیے گئے ہیں [17] اور آسمان کی طرف کہ کیسا بلند کیا گیا ہے [18] اور پہاڑوں کی طرف کہ کس طرح کھڑے کیے گئے ہیں [19] اور زمین کی طرف کہ کس طرح بچھائی گئی [20] تو تم نصیحت کرتے رہو کہ تم نصیحت کرنے والے ہی ہو [21] تم ان پر داروغہ نہیں ہو [22] ہاں جس نے منہ پھیرا اور نہ مانا [23] تو خدا اس کو بڑا عذاب دے گا [24] بےشک ان کو ہمارے پاس لوٹ کر آنا ہے [25] پھر ہم ہی کو ان سے حساب لینا ہے [26]۔
........................................

 

تفسیر آیت/آیات، 17، 18، 19، 20، 21، 22، 23، 24، 25، 26،

کائنات پر غور و تدبر کی دعوت ٭٭

اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو حکم دیتا ہے کہ وہ اس کی مخلوقات پر تدبر کے ساتھ نظریں ڈالیں اور دیکھیں کہ اس کی بے انتہا قدرت ان میں سے ہر ایک چیز سے کس طرح ظاہر ہوتی ہے اس کی پاک ذات پر ہر ہر چیز کس طرح دلالت کر رہی ہے اونٹ کو ہی دیکھو کہ کس عجیب و غریب ترکیب اور ہیئت کا ہے کتنا مضبوط اور قوی ہے اور اس کے باوجود کس طرح نرمی اور آسانی سے بوجھ لاد لیتا ہے اور ایک بچے کے ساتھ کس طرح اطاعت گزار بن کر چلتا ہے۔ اس کا گوشت بھی تمہارے کھانے میں آئے اس کے بال بھی تمہارے کام آئیں اس کا دودھ تم پیو اور طرح طرح کے فائدے اٹھاؤ، اونٹ کا حال سب سے پہلے اس لیے بیان کیا گیا کہ عموماً عرب کے ملک میں اور عربوں کے پاس یہی جانور تھا۔ شریح قاضی فرمایا کرتے تھے آؤ چلو چل کر دیکھیں کہ اونٹ کی پیدائش کس طرح ہے، وغیرہ۔

اور جگہ ارشاد ہے «أَفَلَمْ يَنْظُرُوا إِلَى السَّمَاءِ فَوْقَهُمْ كَيْفَ بَنَيْنَاهَا وَزَيَّنَّاهَا وَمَا لَهَا مِنْ فُرُوجٍ» [50-ق:6] ‏‏‏‏ یعنی ” کیا ان لوگوں نے اپنے اوپر آسمان کو نہیں دیکھا کہ ہم نے اسے کس طرح بنایا، کیسے مزین کیا اور ایک سوراخ نہیں چھوڑا “۔

پھر پہاڑوں کو دیکھو کہ کیسے گاڑ دئیے گئے تاکہ زمین ہل نہ سکے اور پہاڑ بھی اپنی جگہ نہ چھوڑ سکیں پھر اس میں جو بھلائی اور نفع کی چیزیں پیدا کی ہیں ان پر بھی نظر ڈالو زمین کو دیکھو کہ کس طرح پھیلا کر بچھا دی گئی ہے۔

غرض یہاں ان چیزوں کا بیان ہے جو قرآن کے مخاطب عربوں کے ہر وقت پیش نظر رہا کرتی ہیں ایک بدوی جو اپنے اونٹ پر سوار ہو کر نکلتا ہے زمین اس کے نیچے ہوتی ہے آسمان اس کے اوپر ہوتا ہے پہاڑ اس کی نگاہوں کے سامنے ہوتے ہیں اور اونٹ پر خود سوار ہے ان باتوں سے خالق کی قدرت کاملہ اور صنعت ظاہرہ بالکل ہویدا ہے اور صاف ظاہر ہے کہ خالق، صانع، رب عظمت و عزت والا مالک اور متصرف معبود برحق اور اللہ حقیقی صرف وہی ہے اس کے سوا کوئی ایسا نہیں جس کے سامنے اپنی عاجزی اور پستی کا اظہار کریں جسے ہم حاجتوں کے وقت پکاریں جس کا نام جپیں اور جس کے سامنے سر خم ہوں۔
10556

سیدنا ضحام رضی اللہ عنہ نے جو سوالات نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے کئے تھے وہ اس طرح کی قسمیں دے کر کہے تھے۔ بخاری، مسلم، ترمذی، نسائی، مسند احمد وغیرہ میں حدیث ہے سیدنا انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ہمیں باربار سوالات کرنے سے روک دیا گیا تھا تو ہماری یہ خواہش رہتی تھی کہ باہر کا کوئی عقلمند شخص آئے وہ سوالات کرے ہم بھی موجود ہوں اور پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زبانی جوابات سنیں چنانچہ ایک دن بادیہ نشین آئے اور کہنے لگے: اے محمد (‏‏‏‏ صلی اللہ علیہ وسلم ) آپ کے قاصد ہمارے پاس آئے اور ہم سے کہا آپ فرماتے ہیں کہ اللہ نے آپ کو اپنا رسول بنایا ہے؟

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس نے سچ کہا، وہ کہنے لگا: بتائیے آسمان کو کس نے پیدا کیا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ نے، کہا: زمین کس نے پیدا کی؟، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ نے کہا: ان پہاڑوں کو کس نے گاڑ دیا؟ ان سے یہ فائدے کی چیزیں کس نے پیدا کیں؟، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ نے۔‏‏‏‏

کہا: پس آپ کو قسم ہے، اس اللہ کی جس نے آسمان و زمین پیدا کئے اور ان پہاڑوں کو گاڑ دیا، اللہ نے آپ کو اپنا رسول بنا کر بھیجا ہے؟، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہاں۔‏‏‏‏ کہنے لگے آپ کے قاصد نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم پر رات دن میں پانچ نمازیں فرض ہیں فرمایا: اس نے سچ کہا۔‏‏‏‏ کہا اس اللہ کی آپ کو قسم ہے جس نے آپ کو بھیجا کہ کیا یہ اللہ کا حکم ہے؟ آپ نے فرمایا: ہاں۔‏‏‏‏

کہنے لگے، آپ کے قاصد نے یہ بھی کہا کہ ہمارے مالوں میں ہم پر زکوٰۃ فرض ہے، فرمایا: سچ ہے، پھر کہا: آپ کو اپنے بھیجنے والے اللہ کی قسم! کیا اللہ نے آپ کو یہ حکم دیا ہے؟، فرمایا: ہاں، مزید کہا کہ آپ کے قاصد نے ہم میں سے طاقت رکھنے والے لوگوں کو حج کا حکم بھی دیا ہے؟ آپ نے فرمایا: ہاں، اس نے سچ کہا۔‏‏‏‏ وہ یہ سن کر یہ کہتا ہوا چل دیا کہ اس اللہ واحد کی قسم جس نے آپ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے نہ میں ان پر کچھ زیادتی کروں گا نہ ان میں کوئی کمی کروں گا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر اس نے سچ کہا ہے تو یہ جنت میں داخل ہو گا
۔ [صحیح مسلم:12] ‏‏‏‏
10557

بعض روایات میں ہے کہ اس نے کہا میں ضحام بن ثعلبہ ہوں بنو سعد بن بکر کا بھائی۔ [صحیح بخاری:63] ‏‏‏‏

ابو یعلیٰ میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں اکثر یہ حدیث سنایا کرتے تھے کہ زمانہ جاہلیت میں ایک عورت پہاڑ پر تھی اس کے ساتھ اس کا ایک چھوٹا سا بچہ تھا یہ عورت بکریاں چرایا کرتی تھی اس کے لڑکے نے اس سے پوچھا کہ اماں جان تمہیں کس نے پیدا کیا؟ اس نے کہا: اللہ نے، پوچھا: میرے ابا جی کو کس نے پیدا کیا؟ اس نے کہا: اللہ نے، پوچھا: مجھے؟ کہا: اللہ نے، پوچھا: آسمان کو؟ کہا: اللہ نے، پوچھا: زمین کو؟ کہا: اللہ نے، پوچھا: پہاڑوں کو؟ بتایا کہ انہیں بھی اللہ تعالیٰ نے پیدا کیا ہے۔ بچے نے پھر سوال کیا کہ اچھا ان بکریوں کو کس نے پیدا کیا؟ ماں نے کہا انہیں بھی اللہ تعالیٰ نے پیدا کیا ہے، بچے کے منہ سے بے اختیار نکلا کہ اللہ تعالیٰ بڑی شان والا ہے، اس کا دل عظمت اللہ سے بھر گیا وہ اپنے نفس پر قابو نہ رکھ سکا اور پہاڑ پر سے گر پڑا، ٹکڑے ٹکڑے ہو گیا ۔

ابن دینار فرماتے ہیں سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما بھی یہ حدیث ہم سے اکثر بیان فرمایا کرتے تھے اس حدیث کی سند میں عبداللہ بن جعفر مدینی ضعیف ہیں۔ امام علی بن مدینی جو ان کے صاحبزادے اور جرح و تعدیل کے امام ہیں وہ انہیں یعنی اپنے والد کو ضعیف بتلاتے ہیں۔
10558

اللہ تعالیٰ پھر فرماتا ہے کہ ” اے نبی! تم اللہ کی رسالت کی تبلیغ کیا کرو، تمہارے ذمہ صرف «بلاغ» ہے حساب ہمارے ذمہ ہے آپ ان پر مسلط نہیں ہیں جبر کرنے والے نہیں ہیں ان کے دلوں میں آپ ایمان پیدا نہیں کر سکتے، آپ انہیں ایمان لانے پر مجبور نہیں کر سکتے “۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں: مجھے حکم کیا ہے کہ میں لوگوں سے لڑوں یہاں تک کہ وہ «لَا إِلَـٰهَ إِلَّا اللَّـهُ» کہیں جب وہ اسے کہہ لیں تو انہوں نے اپنے جان و مال مجھ سے بچا لئے مگر حق اسلام کے ساتھ اور ان کا حساب اللہ تعالیٰ کے ذمہ ہے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسی آیت کی تلاوت کی ۔ [صحیح مسلم:21] ‏‏‏‏

پھر فرماتا ہے ” مگر وہ جو منہ موڑے اور کفر کرے یعنی نہ عمل کرے نہ ایمان لائے نہ اقرار کرے “۔

جیسے فرمان ہے «فَلَا صَدَّقَ وَلَا صَلَّىٰ» * «وَلَـٰكِنْ كَذَّبَ وَتَوَلَّىٰ» [75-القيامة:31-32] ‏‏‏‏ یعنی ” نہ تو سچائی کی تصدیق کی، نہ نماز پڑھی بلکہ جھٹلایا اور منہ پھیر لیا اسی لیے اسے بہت بڑا عذاب ہو گا “۔

سیدنا ابوامامہ باہلی رضی اللہ عنہ سیدنا خالد بن یزید بن معاویہ رضی اللہ عنہ کے پاس گئے تو کہا کہ تم نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے جو آسانی والی حدیث سنی ہو اسے مجھے سناؤ، تو آپ نے فرمایا: میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے کہ تم میں سے ہر ایک جنت میں جائے گا مگر وہ جو اس طرح کی سرکشی کرے جیسے شریر اونٹ اپنے مالک سے کرتا ہے ۔ [نسائی فی السنن الکبری:11673:صحیح] ‏‏‏‏

ان سب کا لوٹنا ہماری ہی جانب ہے اور پھر ہم ہی ان سے حساب لیں گے اور انہیں بدلہ دیں گے، نیکی کا نیک بدی کا بد۔

سورۃ الغاشیہ کی تفسیر ختم ہوئی۔
10559



http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.