تفسير ابن كثير



تفسیر القرآن الکریم

(آیت 54) بنی اسرائیل میں جس طرح شادی شدہ زانی کی سزا رجم تھی اسی طرح شرک کے ارتکاب پر بھی انھیں قتل کی سزا سنائی گئی اور اس پر عمل بھی ہوا۔ ہماری امت میں بھی ارتداد کی سزا قتل ہے۔ عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنھما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: [ مَنْ بَدَّلَ دِيْنَهٗ فَاقْتُلُوْهُ ] جو شخص مرتد ہو جائے اسے قتل کر دو۔ [ أبو داوٗد، الحدود، باب الحکم فیمن ارتد: ۴۳۵۱، و صححہ الألبانی رحمہ اللہ ] مگر اتنی تخفیف کر دی گئی کہ مرتد توبہ کر لے تو اسے معاف کر دیا جائے گا، البتہ رجم کی حد توبہ کے باوجود جاری کی جائے گی۔

طبری نے ابن عباس رضی اللہ عنھما سے نقل فرمایا ہے کہ موسیٰ علیہ السلام نے اللہ کے حکم سے اپنی قوم کو حکم دیا کہ اپنے آپ کو قتل کرو، تو وہ لوگ جو بچھڑے کے مجاور بنے تھے گوٹھ مار کر بیٹھ گئے اور جو لوگ مجاور نہیں بنے تھے وہ اٹھے اور انھوں نے ہاتھوں میں خنجر لیے، ان پر ایک سخت تاریکی چھا گئی اور وہ ایک دوسرے کو قتل کرنے لگے، پھر اندھیرا دور ہو گیا، روشنی ہوئی تو ستر ہزار قتل ہو چکے تھے۔ جو قتل ہو گیا اس کی بھی توبہ قبول ہو گئی اور جو بچ گیا اس کی بھی۔ صاحب التفسیر الصحیح فرماتے ہیں کہ ابن عباس رضی اللہ عنھما تک اس روایت کی سند صحیح ہے، مگر ظاہر ہے کہ یہ اہل کتاب سے لی گئی ہے، جس کے متعلق حکم ہے کہ انھیں نہ سچا کہو اور نہ جھوٹا کہو۔ اوپر آیت (۵۲) میں جس معافی کا ذکر ہے وہ اس قتل کے بعد کا ہے۔



http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.