تفسير ابن كثير



تفسیر القرآن الکریم

(آیت 41،40) اِذْ تَمْشِيْۤ اُخْتُكَ کی تفسیر کے لیے دیکھیے سورۂ قصص (۱۱ تا ۱۳) اور وَ قَتَلْتَ نَفْسًا سے آخر آیت تک کی تفسیر کے لیے دیکھیے سورۂ قصص (۱۴ تا ۲۸)۔

وَ فَتَنّٰكَ فُتُوْنًا: فُتُوْنًا فَتَنَ يَفْتِنُ کا مصدر ہے، جیسا کہ قُعُوْدٌ اور خُرُوْجٌ وغیرہ ہیں۔ اس کی تنوین تعظیم کے لیے ہے، اس لیے ترجمہ کیا ہے اور ہم نے تجھے آزمایا، خوب آزمانا۔ اس آزمائش میں شاہ زادگی کی آسائشوں کے بعد ان کے ہاتھوں قبطی کا نادانستہ قتل، پھر اپنے قتل ہونے کا خوف، پھر بے سروسامانی میں فوری ہجرت، بھوکے پیاسے اور شدید خوف کی حالت میں کئی دن رات کا سفر، پردیس اور دس سالہ مزدوری سب شامل ہیں، جن سب میں زبردست تربیت کا سامان تھا۔ حافظ ابن کثیر نے ایک لمبی حدیث حدیث فتون مکمل ذکر کرنے کے بعد فرمایا ہے کہ اس کا اکثر حصہ اسرائیلیات سے لیا گیا ہے۔

ثُمَّ جِئْتَ عَلٰى قَدَرٍ يّٰمُوْسٰى: یعنی تمھارا راہ بھول کر وادی طویٰ میں آنا اور میرے ساتھ کلام اور نبوت و رسالت سے سرفراز ہونا کسی طے شدہ منصوبے کے بغیر اور اچانک نہیں تھا، بلکہ عین میرے مقرر کردہ وقت اور فیصلے کے مطابق تھا۔ اگرچہ ہر کام ہی اللہ کی تقدیر سے ہے، مگر اس قَدَرٍ سے مراد خاص طور پر طے کرنا ہے، جیسا کہ اگلی آیت میں فرمایا: «‏‏‏‏وَ اصْطَنَعْتُكَ لِنَفْسِيْ» ‏‏‏‏ صَنَعَ يَصْنَعُ کا معنی بنانا ہے، اِصْطَنَعَ باب افتعال سے ہے، صاد کی مناسبت سے تاء کو طاء سے بدل دیا اور حروف کے اضافے سے معنی میں اضافہ ہو گیا، یعنی میں نے تجھے خاص طور پر اپنے کام یعنی رسالت و نبوت کے لیے تیار کیا ہے۔ یہ تمام احسانات کا خلاصہ ہے.



http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.