تفسير ابن كثير



تفسیر القرآن الکریم

(آیت 63)وَ لَىِٕنْ سَاَلْتَهُمْ مَّنْ نَّزَّلَ مِنَ السَّمَآءِ مَآءً …: پچھلی دو آیتوں میں اللہ تعالیٰ کی صفت خلق اور رزق کا ذکر تھا، اس آیت میں اللہ تعالیٰ کی صفت إِحْيَاءٌ بَعْدَ الْمَوْتِ (موت کے بعد زندہ کرنے) کا ذکر ہے۔ فرمایا، اگر تو ان سے پوچھے کہ کون ہے جس نے آسمان سے پانی اتارا، پھر اس کے ساتھ زمین کو اس کے مرنے کے بعد زندہ کر دیا؟ تو یقینا وہ کہیں گے کہ وہ الله ہے۔

قُلِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ: کفار کے اعتراف کو توحید کی دلیل کے طور پر بیان کرنے کے بعد فرمایا الحمد ﷲ کہو، کیوں کہ جب مخاطب پر کوئی ایسی دلیل پیش کی جائے جو اس کے ہاں مسلّم ہو اور وہ اس کا جواب نہ دے سکے تو حجت تمام ہونے پر الحمد ﷲ کہا جاتا ہے۔ الحمد ﷲ کہنے کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس اعتراف نعمت کے بعد تم جس شرک میں گرفتار ہو، ہم اس سے محفوظ ہیں اور یہ بھی کہ جب یہ سب نعمتیں اللہ کی عطا کر دہ ہیں اور تم اس کا اعتراف بھی کرتے ہو تو لازم ہے کہ شکر بھی اسی کا ادا کرو۔

بَلْ اَكْثَرُهُمْ لَا يَعْقِلُوْنَ: کیوں کہ اگر وہ سمجھتے ہوتے تو اتنے اعتراف کے بعد شرک کی لعنت میں گرفتار نہ ہوتے۔

➍ ان کے اکثر کو لَا يَعْقِلُوْنَ فرمایا، سب کو نہیں، کیونکہ ان میں سے کچھ بات سمجھتے بھی تھے، جن میں سے کچھ تو ایمان لے آئے اور کچھ سمجھنے کے باوجود عناد کی وجہ سے کفر پر اڑے رہے۔



http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.