الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔

 
مختصر صحيح بخاري کل احادیث 2230 :حدیث نمبر
مختصر صحيح بخاري
قرض لینا اور ادا کرنا
क़र्ज़ यानि उधार लेना और चुकाना
1. جو شخص لوگوں کا مال قرض لے اور وہ اس کے ادا کرنے یا ضائع کر دینے کا ارادہ رکھتا ہو (تو اس کا کیا حکم ہے؟)۔
حدیث نمبر: 1102
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص لوگوں کا مال قرض لے اور وہ اس کے ادا کرنے کا ارادہ رکھتا ہو تو اللہ تعالیٰ اس سے ادا کرا دے گا اور جو شخص (لوگوں کا) مال لے اور وہ اس (مال) کو ضائع کر دینے کا ارادہ رکھتا ہو تو اللہ تعالیٰ اس کو ضائع کر دے گا۔
2. قرضوں کا ادا کرنا (ایک ضروری امر ہے)۔
حدیث نمبر: 1103
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ تھا تو جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے احد کو دیکھا تو فرمایا: میں نہیں چاہتا کہ یہ پہاڑ اگر میرے لیے سونا ہو جائے تو تین دن کے بعد ایک دینار بھی اس میں سے میرے پاس رہ جائے بجز اس دینار کے جو میں کسی قرض کے واسطے رکھ چھوڑوں۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جن لوگوں کے پاس مال زیادہ ہے، ان کی نیکیاں بہت کم ہیں سوائے اس شخص کے جو مال کو اس طرح خرچ کرے مگر یہ لوگ کم ہیں۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے (سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ سے) فرمایا: تم اپنے مقام پر کھڑے رہنا یہاں تک کہ میں تمہارے پاس آ جاؤں۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کچھ آگے بڑھ گئے اور میں نے ایک (ہیبت ناک) آواز سنی تو میں نے ارادہ کیا کہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جاؤں پھر میں نے آپ کی یہ بات یاد کی کہ تم اپنی جگہ پر رہنا یہاں تک کہ میں تمہارے پاس آ جاؤں چنانچہ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم آئے تو میں نے کہا کہ یا رسول اللہ! یہ آواز کیسی تھی جو میں نے سنی تھی؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تم نے سنی تھی؟ میں نے عرض کی کہ ہاں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میرے پاس جبرائیل علیہ السلام آئے تھے اور انھوں نے کہا کہ میں آپ کی امت میں سے جو شخص اس حالت میں مر جائے کہ وہ اللہ کے ساتھ شرک نہ کرتا ہو وہ جنت میں داخل ہو گا۔ میں نے عرض کی کہ اگرچہ وہ شخص ایسے ایسے (بڑے گناہ کے) کام کرتا ہو؟ تو اس نے کہا ہاں۔
3. ادائے حق عمدہ طور پر کرنا (بہتر ہے)۔
حدیث نمبر: 1104
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور اس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسجد میں تھے، چاشت کا وقت تھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: دو رکعت نماز پڑھ لو۔ اور میرا کچھ قرض آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرا قرض ادا کر دیا اور مجھے زیادہ دیا۔
4. جو شخص مقروض مر جائے اس پر نماز پڑھنا۔
حدیث نمبر: 1105
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو مومن ہے میں اس کا دنیا و آخرت میں سب سے زیادہ دوست ہوں، اگر تم چاہو تو یہ آیت پڑھو پیغمبر ( صلی اللہ علیہ وسلم ) مومنوں پر خود ان سے بھی زیادہ حق رکھنے والے ہیں (الاحزاب: 6) لہٰذا جو مومن مر جائے اور کچھ مال چھوڑے تو اس مال کے وارث تو اس کے اعزہ ہیں جو کوئی ہوں اور جو شخص کچھ قرض، بچے یا کوئی ضائع ہو جانے والی چیز چھوڑے تو وہ میرے پاس آئے کیونکہ میں اس کا بندوبست کروں گا۔
5. مال کے ضائع کرنے کی ممانعت۔
حدیث نمبر: 1106
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے (ایک دن) فرمایا: اللہ نے تم پر ماؤں کی نافرمانی کرنا اور لڑکیوں کا زندہ درگور کرنا حرام کر دیا ہے اور حق نہ ادا کرنا اور ناحق چیز کا لینا (بھی حرام کر دیا ہے) اور تمہارے لیے قیل و قال (فضول بحث کرنے) اور کثرت سوال اور اضاعت مال (مال کے ضائع کرنے) کو ناپسند کیا ہے۔


http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.