الحمدللہ ! قرآن پاک روٹ ورڈ سرچ اور مترادف الفاظ کی سہولت پیش کر دی گئی ہے۔

 
سنن نسائي کل احادیث 5761 :حدیث نمبر
سنن نسائي
کتاب: قسامہ، قصاص اور دیت کے احکام و مسائل
The Book of Oaths (qasamah), Retaliation and Blood Money
9. بَابُ : الْقَوَدِ بَيْنَ الأَحْرَارِ وَالْمَمَالِيكِ فِي النَّفْسِ
9. باب: آزاد اور غلام کے درمیان قصاص کا بیان۔
Chapter: Cases Of Retaliation Between Free Men And Slaves
حدیث نمبر: 4738
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
(مرفوع) اخبرني محمد بن المثنى، قال: حدثنا يحيى بن سعيد، قال: حدثنا سعيد، عن قتادة، عن الحسن، عن قيس بن عباد، قال: انطلقت انا , والاشتر إلى علي رضي الله عنه، فقلنا: هل عهد إليك نبي الله صلى الله عليه وسلم شيئا لم يعهده إلى الناس عامة؟ قال: لا، إلا ما كان في كتابي هذا، فاخرج كتابا من قراب سيفه , فإذا فيه:" المؤمنون تكافا دماؤهم وهم يد على من سواهم , ويسعى بذمتهم ادناهم , الا لا يقتل مؤمن بكافر، ولا ذو عهد بعهده، من احدث حدثا فعلى نفسه , او آوى محدثا فعليه لعنة الله والملائكة والناس اجمعين".
(مرفوع) أَخْبَرَنِي مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى، قَالَ: حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ سَعِيدٍ، قَالَ: حَدَّثَنَا سَعِيدٌ، عَنْ قَتَادَةَ، عَنْ الْحَسَنِ، عَنْ قَيْسِ بْنِ عُبَادٍ، قَالَ: انْطَلَقْتُ أَنَا , وَالْأَشْتَرُ إِلَى عَلِيٍّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، فَقُلْنَا: هَلْ عَهِدَ إِلَيْكَ نَبِيُّ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ شَيْئًا لَمْ يَعْهَدْهُ إِلَى النَّاسِ عَامَّةً؟ قَالَ: لَا، إِلَّا مَا كَانَ فِي كِتَابِي هَذَا، فَأَخْرَجَ كِتَابًا مِنْ قِرَابِ سَيْفِهِ , فَإِذَا فِيهِ:" الْمُؤْمِنُونَ تَكَافَأُ دِمَاؤُهُمْ وَهُمْ يَدٌ عَلَى مَنْ سِوَاهُمْ , وَيَسْعَى بِذِمَّتِهِمْ أَدْنَاهُمْ , أَلَا لَا يُقْتَلُ مُؤْمِنٌ بِكَافِرٍ، وَلَا ذُو عَهْدٍ بِعَهْدِهِ، مَنْ أَحْدَثَ حَدَثًا فَعَلَى نَفْسِهِ , أَوْ آوَى مُحْدِثًا فَعَلَيْهِ لَعْنَةُ اللَّهِ وَالْمَلَائِكَةِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ".
قیس بن عباد کہتے ہیں کہ میں اور اشتر علی رضی اللہ عنہ کے پاس گئے تو ہم نے کہا: کیا نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے آپ کو کوئی ایسی خاص بات بتائی جو عام لوگوں کو نہیں بتائی؟ انہوں نے کہا: نہیں، سوائے اس کے کہ جو میری اس کتاب میں موجود ہے ۱؎ پھر انہوں نے اپنی تلوار کی نیام سے ایک تحریر نکالی، اس میں لکھا تھا: سب مسلمانوں کا خون برابر ہے ۲؎، اور وہ غیروں کے مقابل (باہمی نصرت و معاونت میں) گویا ایک ہاتھ ہیں، اور ان میں کا ایک ادنیٰ آدمی بھی ان سب کی طرف سے عہد و امان کی ذمہ داری لے سکتا ہے ۳؎ آگاہ رہو! کہ کوئی مومن کسی کافر کے بدلے قتل نہیں کیا جائے گا، اور نہ ہی کوئی ذمی معاہد جب تک وہ معاہد ہے قتل کیا جائے گا، اور جو شخص کوئی نئی بات نکالے گا تو اس کی ذمہ داری اسی کے اوپر ہو گی، اور جو نئی بات نکالے گا یا نئی بات نکالنے والے کسی شخص کو پناہ دے گا تو اس پر اللہ کی، فرشتوں کی اور تمام لوگوں کی لعنت ہے۔

تخریج الحدیث: «سنن ابی داود/الدیات 11 (4530)، (تحفة الأشراف: 10257)، مسند احمد (1/122) (صحیح)»

وضاحت:
۱؎: یعنی اگر میرے لیے کوئی خاص بات ہوتی تو میری اس کتاب میں ضرور ہوتی، جب کہ اس کتاب میں جو کچھ ہے وہ میرے لیے خاص نہیں ہے بلکہ عام ہے، یہ اور بات ہے کہ اوروں کو چھوڑ کر مجھے اسے لکھنے کا حکم دیا گیا۔ ۲؎: اس سے ثابت ہوتا ہے کہ آزاد آدمی اور غلام کے درمیان بھی قصاص کا حکم جاری ہو گا۔ ۳؎: یعنی کوئی ادنیٰ مسلمان بھی کسی کافر کو پناہ دیدے تو کوئی مسلمان اسے توڑ نہیں سکتا۔

قال الشيخ الألباني: صحيح

قال الشيخ زبير على زئي: ضعيف، إسناده ضعيف، ابو داود (4530) انوار الصحيفه، صفحه نمبر 356


تخریج الحدیث کے تحت حدیث کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث4738  
´آزاد اور غلام کے درمیان قصاص کا بیان۔`
قیس بن عباد کہتے ہیں کہ میں اور اشتر علی رضی اللہ عنہ کے پاس گئے تو ہم نے کہا: کیا نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے آپ کو کوئی ایسی خاص بات بتائی جو عام لوگوں کو نہیں بتائی؟ انہوں نے کہا: نہیں، سوائے اس کے کہ جو میری اس کتاب میں موجود ہے ۱؎ پھر انہوں نے اپنی تلوار کی نیام سے ایک تحریر نکالی، اس میں لکھا تھا: سب مسلمانوں کا خون برابر ہے ۲؎، اور وہ غیروں کے مقابل (باہمی نصرت و معاونت میں) گویا ایک ہاتھ ہیں، اور ان میں کا ایک ادنیٰ آدمی بھی ان س۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي/كتاب القسامة والقود والديات/حدیث: 4738]
اردو حاشہ:
(1) مومن کو کافر کے بدلے کسی صورت میں قتل نہیں کیا جا سکتا، خواہ مقتول ذمی ہی ہو کیونکہ مسلمان اور کافر کے خون برابر نہیں۔ البتہ ذمی کا قتل چونکہ عہد اور پناہ کی خلاف ورزی ہے، لہٰذا اس کی دیت دی جائے گی ورنہ آخرت میں منجانب اللہ سزا ہوگی۔ حکومت بھی تقریباً قید وغیرہ کی سزا دے سکتی ہے۔ واللہ أعلم! احناف ذمی کے بدلے مسلمان کے قتل کے قائل ہیں۔ وہ اس روایت کو حربی کافر، یعنی دشمن ملک کے کافر کے بارے میں قرار دیتے ہیں، حالانکہ دشمن ملک کے کافر کے بدلے تو قتل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
(2) اس حدیث سے رافضیوں کی تردید ہوتی ہے جو کہتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے حضرت علی رضی اللہ تعالٰی عنہ کو کچھ خصوصی وصیتیں کی تھیں، نیز معلوم ہوا کہ جرم کی سزا صرف اور صرف مجرم کو ملے گی کسی دوسرے شخص کو نہیں۔ ہمارے معاشرے میں جو اندھا قانون ہے کہ کرے کوئی بھرے کوئی، تو یہ شرعاً ناجائز اور حرام ہے۔ ارشاد الٰہی ہے: ﴿وَلا تَزِرُ وَازِرَةٌ وِزْرَ أُخْرَى﴾  (فاطر: 35: 18) کوئی بوجھ اٹھانے والا کسی دوسرے کا (قطعاً) کوئی بوجھ نہیں اٹھائے گا۔ (خواہ وہ اس کا کتنا ہی قرابت دار کیوں نہ ہو)۔ اللہ کے قانون میں اس کی ذرہ بھر گنجائش نہیں بلکہ ایسا کرنے والا، مجرم اور لائق سزا قرار پاتا ہے۔
(3) تمام مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ نیکی اور تقویٰ کے کاموں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔ ایک دوسرے کو قوت باہم پہنچائیں، نیز وہ اپنے دشمنوں کے خلاف متحد ہوں۔
(4) جس طرح جرم کرنا گناہ ہے اسی طرح کسی مجرم کی پشت پناہی کرنا یا اسے قرار واقعی سزا سے بچانا اور اس کی سفارش وغیرہ کرنا بھی گناہ ہے۔ مزید برآں یہ بھی کہ اگر کوئی شخص باغی اور ایسے خطرناک مجرم کو پناہ اور تحفظ دے تو یہ پناہ اور تحفظ دینے والا شخص ملعون اور لعنتی ہے۔ اس شخص پر لعنت ہے اللہ تعالیٰ کی، اس کے فرشتوں کی اور تمام انسانوں کی۔ اس میں ان حضرات کے لیے لمحہ فکریہ ہے جو مجرموں کو تحفظ دیتے ہیں کہ وہ جھوٹی ناموری کے لیے لعنت اور پھٹکار کے مستحق ٹھہرتے ہیں۔
(5) خصوصی وصیت بعض بے دین لوگوں نے مشہور کر رکھا تھا کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت علی رضی اللہ تعالٰی عنہ کو اصل وحی کی تعلیم دی ہے۔ باقی لوگوں کے پاس ناقص وحی ہے۔ حضرت علی رضی اللہ تعالٰی عنہ نے اس کی نفی فرمائی کہ میرے پاس صرف ایک تحریر ہے۔ وہ بھی دیکھ لو تاکہ کوئی شک وشبہ نہ رہے۔ اس تحریر میں ایسے مسائل تھے جو سب لوگوں سے تعلق رکھتے تھے اور لوگوں کو الگ طور سے بھی معلوم تھے۔
(6) خون برابر ہیں اس سے مصنف رحمہ اللہ نے استدلال فرمایا ہے کہ آزاد اور غلام مومن کا خون برابر ہے، لہٰذا انھیں ایک دوسرے کے بدلے قتل کیا جا سکتا ہے۔ یہی موقف سعید بن مسیب، ابراہیم نخعی، قتادہ، سفیان ثوری اور ابوحنیفہ رحمہ اللہ کا ہے۔ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ نے بھی اسی موقف کو راجح قرار دیا ہے کیونکہ مذکورہ حدیث کے مطابق مسلمانوں کے خون برابر ہیں۔ اس کے برعکس اہل علم کی ایک جماعت کے نزدیک آزاد کو غلام کے بدلے قتل نہیں کیا جائے گا۔ اس میں سرفہرست سیدنا ابوبکر و عمر رضی اللہ عنہ کا نام آتا ہے لیکن ان سے صحیح سند سے ثابت نہیں ہے، نیز اس بارے میں وارد تمام احادیث بھی ضعیف ہیں۔ اس لیے راجح بات یہی ہے کہ آزاد آدمی اگر غلام کو قتل کر دے تو اسے قصاصاً قتل کیا جائے گا الا یہ کہ اس کے ورثاء دیت پر راضی ہو جائیں یا معاف کر دیں۔ مزید تفصیل کے لیے دیکھیے: (ذخیرة العقبیٰ، شرح سنن النسائي، للأتبوبي: 36/ 19)
(7) یکمشت ہیں۔ یعنی مسلمانوں کو کفار کے مقابلے میں یکمشت رہنا چاہیے۔ آپس میں انتشار یا دشمن کی سازش کا شکار نہیں ہونا چاہیے اور نہ کفار کو دوست بنانا چاہیے۔ رسول اللہ ﷺ نے کیسی بہترین مثال ارشاد فرمائی ہے کہ مومن ایک ہاتھ کی انگلیوں کی طرح ہیں جو ضرورت ہو تو یکجان ہو کر زبردست مکا بن جاتی ہیں۔
(8) پناہ دے سکتا ہے جو دوسرے مسلمانوں کو تسلیم کرنا ہوگی، خواہ پناہ دینے والا عام فوجی یا عام مسلمان ہو۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث\صفحہ نمبر: 4738   

http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.